Inquilab Logo Happiest Places to Work

’نیوانڈیا‘ کے نئے ریلوے اسٹیشن ملک کی ترقی کی علامت ہیں: لوک سبھا اسپیکر

Updated: May 22, 2025, 11:01 PM IST | New Delhi

اوم برلا نے کہا کہ گزشتہ ۱۱؍ سال میںریلوے نیٹ ورک پورے ملک میں تیزی سے پھیلا ہے اور مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات مل رہی ہیں

Prime Minister Modi at the inauguration of Amrit Bharat Railway Station in Bikaner, Rajasthan. (PTI)
راجستھان کے بیکانیر میںامرت بھارت ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم مودی ۔(پی ٹی آئی )

لوک سبھا کے اسپیکر  اوم  برلا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ریلوے نیٹ ورک پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات مل رہی ہیں۔ پچھلے۱۱؍ سال میں، کوٹا بنڈی کے علاقے میں بڑے اور مضافاتی ریلوے اسٹیشنوں کو دوبارہ تیار کیا گیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ نئی ریل خدمات اور میمو ٹرینوں کے آپریشن نے نقل و حمل کو آسان بنا دیا ہے ۔ بنڈی میں وندے بھارت کے رکنے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ کوٹا، رام گنج منڈی، موڈک، کیشاورایا پٹن، بنڈی، کپرین، ڈیگوڈ اور ارنتھا جیسے اسٹیشنوں  پر۱۴؍ ٹرینوں کے اسٹاپ سے مسافروں کو بہتر رابطہ فراہم ہوا ہے اور مسافروں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی۔
 ۸ء۱۵؍کروڑ کی لاگت سے بنڈی ریلوے اسٹیشن کو جدید شکل دی گئی ہے جس میں سہولت، خوبصورتی اور ورثے کا تال میل نظر آتا ہے۔ شاندار داخلہ، پرکشش اگواڑا، ہائی ماسٹ لائٹنگ، جدید ویٹنگ روم، نیا ٹکٹ کاؤنٹر، صاف ستھرا جدید بیت الخلاء، معذور افراد کے لیے قابل رسائی ریمپ جیسی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ اسٹیشن کو مکمل طور پردوستانہ بنایا گیا ہے تاکہ تمام مسافر آرام دہ، محفوظ اور جدید ماحول میں سفر کا تجربہ کرسکیں۔
 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو راجستھان کے بیکانیر سے امرت اسٹیشن یوجنا کے تحت تیار کئے گئے بنڈی ریلوے اسٹیشن کا ورچوئل طور پر افتتاح کیا۔ بعدازاں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے یہاں بنڈی میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر نے علاقے کے لوگوں کی جانب سے وزیر اعظم  مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دوبارہ تیار شدہ بنڈی ریلوے اسٹیشن جدید ترقی اور ثقافتی ورثے کے منفرد سنگم کی علامت ہے۔
  امرت اسٹیشن اسکیم کے تحت جو نیا ریلوے اسٹیشن تیار کیا جارہا ہے وہ نہ صرف ایک جدید سہولیات سے آراستہ مسافر مرکز ہے بلکہ یہ نئے ہندوستان کی نئی سوچ، نئے ویژن اور ترقی کی تصویر بھی پیش کرتا ہے۔ اوم برلا نے کہا کہ بنڈی آج ایک نئی شناخت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ہماری مسلسل کوشش ہے کہ سیاحت کے میدان میں بنڈی کو ایک نئی شناخت دی جائے۔ اس سمت میں بہت سے بڑے کام ہوئے ہیں اور بہت سے جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK