زندہ بچ جانےوالے واحد مسافر کی عیادت کی، روپانی کے گھر پہنچ کر تعزیت پیش کی۔
EPAPER
Updated: June 14, 2025, 3:18 PM IST | Agency | Ghandi nagar
زندہ بچ جانےوالے واحد مسافر کی عیادت کی، روپانی کے گھر پہنچ کر تعزیت پیش کی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو احمدآباد پہنچ اس جگہ کا جائزہ لیا جہاں طیارہ حادثہ پیش آیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حادثہ میں کرشماتی طو رپر زندہ بچ جانےوالے واحد مسافر وشواس کمار رمیش سےملاقات کی، دیگر زخمیوں کی عیادت کی اور پھر حادثے میں فوت ہونےوالے گجرات کے آنجہانی وزیراعلیٰ روپانی کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ کو پرسہ دیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، مرکزی و ریاستی وزراء اور سینئرسیکریٹریوں کے ساتھ اعلیٰ سطح پر میٹنگ کی۔
انہوں نے طیارہ حادثے سے تباہ ہونے والے میڈیکل ہاسٹل اور کالج کی عمارت کا معائنہ کیا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر کنج راپو رام موہن نائیڈو، جل شکتی کے مرکزی وزیر سی آر پٹیل، شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر مملکت مرلی دھر موہول، گجرات کے شہری ہوابازی کے وزیر بلونت سنگھ راجپوت، ریاستی وزیر داخلہ ہرشوی سنگھا، وزیر داخلہ ہرش سنگھوی، ریاستی وزیر جگدیش وِشو کرما اور چیف سکریٹری پنکج جوشی، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری منوج کمار داس، ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وکاس سہائے اور انتظامیہ کے سینئر افسران موجود تھے۔جائے حادثہ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم احمد آباد سول اسپتال پہنچے اور وہاں زیر علاج زخمیوں کی مزاج پرسی کی۔ وزیراعظم نے اس حادثے میں زخمی ہونے والے ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز سے بھی ملاقات کی۔ ان مقامات کا معائنہ کرنے کے بعد، وزیر اعظم مودی نے احمد آباد میں وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل ، وزراء اور ریاستی حکومت کے سینئر سکریٹریوں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اموات پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں طیارہ حادثے سے ہم سب صدمے میں ہیں۔ اس دل دہلا دینے والے نقصان کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
حادثہ کو قسمت قرار دینے پر وزیر داخلہ امیت شاہ پر تنقید
احمد آباد طیارہ حادثے پر جہاں پورا ملک سوگوار ہے، وہیں اس واقعے پر وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ کانگریس پارٹی نے وزیر داخلہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر المیے سے نظریں چرانے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے امیت شاہ کے بیان کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی، جس میں شاہ کہہ رہے ہیں کہ ’’میں ایک بات ضرورت کہنا چاہتا ہوں۔ یہ حادثہ ہے اور حادثہ کو کوئی روک نہیں سکتا۔‘‘امیت شاہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پون کھیڑا نے لکھا ہے کہ ’’ایسے وقت میں جب ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا اور سیکڑوں لوگ ہلاک ہو گئے، وزیر داخلہ کو چاہئے تھا کہ کم از کم جوابدہی کا وعدہ کرتے، نہ کہ قسمت پر لیکچر دیتے۔‘‘انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حادثات کو روکا ہی نہیں جا سکتا تو پھر وزارتوں کی موجودگی کا مقصد کیا ہے؟ انہوں نے مزیدکہا کہ ’’فضائی حادثات آسمانی آفت نہیں ہیں، بلکہ یہ روکے جا سکتے ہیں۔ اسی لیے ہوابازی کے ادارے، حفاظتی ضوابط اور ہنگامی ردعمل کے نظام بنائے جاتے ہیں۔‘‘
وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفیٰ کی مانگ
بی جےپی کے سینئر لیڈر سبرامنیم سوامی نے لال بہادر شاستری کی مثال پیش کرتے ہوئے وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفیٰ کی مانگ کی ہے۔انہوں نے ایکس پوسٹ کیا ہے کہ ’’۱۹۵۰ء میں جب ٹرین پٹری سے اتری تھی تو لال بہادر شاستری نے استعفیٰ دے دیا تھا، اُسی اخلاقی بنیاد پر میں وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور شہری ہوابازی کے وزیر نائیڈو سے استعفیٰ کی مانگ کرتا ہوں تاکہ غیر جانبدارانہ جانچ ہوسکے۔‘‘