• Thu, 03 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیویارک: ۸؍ ویں جماعت تک اے آئی پر پابندی، ہائی اسکول طلبہ کو محدود اجازت

Updated: September 03, 2026, 4:01 PM IST | New York

میئر ظہران ممدانی نے ۲۷۔۲۰۲۶ء تعلیمی سال کے لیے نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں میں نئی اے آئی پالیسی کا اعلان کیا۔ کے ۲؍ سے ۸؍ ویں اعت تک طلبہ کو تعلیمی کاموں میں جنریٹو اے آئی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ہائی اسکول میں محدود اور استاد کی نگرانی میں استعمال ہوگا۔

Zohran Mamdani. Picture: INN
ظہران ممدانی۔ تصویر: آئی این این

امریکہ کے سب سے بڑے سرکاری اسکول نظام نیویارک سٹی پبلک اسکولز نے طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر ملک کی سخت ترین پالیسیوں میں سے ایک نافذ کردی ہے۔ میئر ظہران ممدانی اور اسکولز چانسلر کمار ایچ سمیولز نے بدھ کو اعلان کیا کہ ۲۷۔۲۰۲۶ء تعلیمی سال کے دوران کے ۲؍ سے ۸؍ ویں جماعت تک طلبہ کے لیے تمام ایسے سافٹ ویئر پر ایک سال کی پابندی ہوگی جن میں طلبہ کے استعمال کے لیے جنریٹو اے آئی شامل ہے۔ یہ فیصلہ تقریباً ۶؍ لاکھ طلبہ کو متاثر کرے گا، جو شہر کے سرکاری اسکولوں کی کل تعداد کا تقریباً دو تہائی ہیں۔
ممدانی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ اسے ہر جگہ استعمال کیا جائے۔ ان کے مطابق بچوں کو اپنے اساتذہ اور ساتھیوں کے ساتھ رہ کر سیکھنے، سوال کرنے، مسائل حل کرنے اور مشکل کام خود کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ٹیکنالوجی کی صنعت چاہتی ہے کہ ہم یہ مان لیں کہ ابتدائی تعلیم میں اے آئی نہ صرف ناگزیر بلکہ ضروری ہے، ہم ایسا نہیں سمجھتے۔‘‘ ممدانی نے مزید کہا کہ انہیں ابتدائی اور مڈل اسکول طلبہ کے لیے اے آئی کے فائدہ مند ہونے کا قابلِ اعتماد ثبوت نہیں ملا، سوائے ایسی تحقیق کے جسے ان کمپنیوں نے اسپانسر کیا جو اس ٹیکنالوجی سے منافع کما سکتی ہیں۔ تاہم پابندی مکمل طور پر اے آئی سے لاتعلقی نہیں ہے۔ ہائی اسکول کے تمام طلبہ کو سال میں ۲؍ مرتبہ ۴۵؍ منٹ کے اے آئی خواندگی کے اسباق دیے جائیں گے۔ ان میں طلبہ کو اے آئی کے کام کرنے کے طریقے، اس کی حدود، معلومات میں تعصب، ڈیٹا کی رازداری، غلط معلومات، اخلاقی خطرات اور مستقبل کی ملازمتوں پر اثرات کے بارے میں پڑھایا جائے گا۔ مقصد یہ ہے کہ طلبہ اے آئی پر انحصار کرنے سے پہلے اس کے نتائج کو تنقیدی نظر سے جانچ سکیں۔

یہ بھی پڑھئے: اے آئی کے شعبوں میں تنخواہیں نسبتاً زیادہ بڑھ رہی ہیں

ہائی اسکولوں میں اے آئی کے عملی استعمال کے لیے ۵؍ محدود آزمائشی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے، جن میں Quill، Edia، Brisk Teaching، Playlab اور Intel AI-Ready Schools شامل ہیں۔ ان پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ ۵۰؍ ہزار طلبہ شامل ہوسکیں گے اور ہر اسکول میں زیادہ سے زیادہ ۵؍کلاسوں تک انہیں محدود رکھا جائے گا۔ طلبہ کا اے آئی استعمال تربیت یافتہ استاد کی براہِ راست نگرانی میں ہوگا اور ہر طالب علم کے لیے ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 45 منٹ کی حد مقرر کی گئی ہے۔ ممدانی نے واضح کیا کہ ان آزمائشی پروگراموں میں ChatGPT، Claude یا اسی نوعیت کے عمومی چیٹ بوٹس شامل نہیں ہوں گے۔نئی پالیسی کے تحت تمام جماعتوں میں ایسے ’’ساتھی چیٹ بوٹس‘‘ بھی ممنوع ہوں گے جو صارف کے ساتھ جذباتی یا تعلق پر مبنی رابطہ قائم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ دوسری جانب اساتذہ کو منظور شدہ اے آئی ذرائع تدریسی منصوبہ بندی اور انتظامی امور کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ وہ اسکول نظام کے حفاظتی اور رازداری کے معیار پر پورے اتریں۔ معذور طلبہ، انگریزی سیکھنے والے طلبہ اور کمپیوٹر سائنس جیسے پیشہ ورانہ تیاری کے پروگراموں میں شامل طلبہ کے لیے ضروری معاون ٹیکنالوجی کے استثنا بھی برقرار رہیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: وقف بورڈ ملازمین کیلئے حکومت کا اہم اعلان

شہر نے اس کے ساتھ طلبہ کے انفرادی اسکرین استعمال کو بھی محدود کیا ہے۔ کے ۲؍ سے دوسری جماعت تک یک بہ یک اسکرین استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ تیسری سے ۵؍ ویں جماعت کے لیے روزانہ زیادہ سے زیادہ ۳۰؍ منٹ اور چھٹی سے ۸؍ ویں جماعت کے لیے ۴۵؍ منٹ کی سفارش کی گئی ہے۔ اسکرین سے متعلق یہ حدیں معاون ٹیکنالوجی، تشخیصی امتحانات، روبوٹکس، کوڈنگ اور بعض منظور شدہ تدریسی سرگرمیوں پر لاگو نہیں ہوں گی۔ شہر کے محکمہ تعلیم نے پہلے سے منظور شدہ ۳۸؍ سے زیادہ تعلیمی پروگراموں کے اے آئی اجزا بھی ختم یا غیر فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اگر وہ نئے حفاظتی اور نگرانی کے معیار پر پورے نہیں اترتے۔ ساتھ ہی ’’Technology in Schools Coalition‘‘ قائم کی جارہی ہے جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین، ماہرین، وکلاء اور یونین نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ گروپ ۲۷۔۲۰۲۶ء تعلیمی سال کے دوران پالیسی اور آزمائشی پروگراموں کے نتائج کا جائزہ لے گا اور اپریل ۲۰۲۷ء میں مستقبل کی پالیسی کے لیے سفارشات پیش کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے: افغانستان: گزشتہ سال دولاکھ تین ہزار سے زائد ویزے جاری کیے گئے: سرکاری ترجمان

یہ پالیسی ایسے وقت میں نافذ کی جارہی ہے جب نیویارک کے سرکاری اسکولوں میں نیا تعلیمی سال ۱۰؍ ستمبر سے شروع ہوگا۔ امریکہ میں کم از ۳۷؍ ریاستوں نے اسکولوں میں اے آئی کے استعمال سے متعلق رہنما اصول جاری کیے ہیں، تاہم اے آئی خواندگی کی کوئی متفقہ تعریف یا اسے پڑھانے کا یکساں طریقہ موجود نہیں۔ نیویارک سٹی کی ایک سالہ پالیسی اسی بحث کے درمیان بچوں کی عمر کے مطابق اے آئی کے استعمال کی حد مقرر کرنے اور اس کے اثرات کا عملی جائزہ لینے کی کوشش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK