• Tue, 04 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیویارک سٹی میئر الیکشن: ممدانی انتخابی دوڑ میں آگے، ٹرمپ نے کوومو کی حمایت کی

Updated: November 04, 2025, 5:04 PM IST | New York

صدر ٹرمپ نے عین انتخابات سے قبل ممدانی پر حملہ کیا اور خبردار کیا کہ اگر ممدانی جیت جاتے ہیں تو نیویارک شہر کو دیئے جانے والے وفاقی فنڈز میں کٹوتی کر دی جائے گی۔

Mamdani and Trump. Photo: X
ممدانی اور ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

نیویارک شہر کے میئر کی انتخابی دوڑ میں ڈیموکریٹ امیدوار ظہران ممدانی سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ممدانی منگل کے انتخابات سے قبل انتخابی دوڑ میں دوسرے امیدواروں سے کافی آگے ہیں۔ شہر کے بورڈ آف الیکشنز کے مطابق، ۷ لاکھ ۳۵ ہزار سے زیادہ ابتدائی ووٹ پہلے ہی ڈالے جا چکے ہیں جو ایک ریکارڈ ٹرن آؤٹ ہے۔ اگر ممدانی جیت جاتے ہیں، تو وہ نیویارک کے پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر بنیں گے، ساتھ ہی شہر کے پہلے ’ڈیموکریٹک سوشلسٹ لیڈر‘ بھی ہوں گے۔ کوئنز کے ۳۴ سالہ اسمبلی مین نے اپنی انتخابی مہم کو ’افورڈایبلٹی‘ (سستی قیمت) پر مرکوز رکھا ہے اور مفت پبلک بسوں، رہائشی کرایہ منجمد کرنے، عالمی چائلڈ کیئر اور شہر کے زیر انتظام گروسری اسٹورز کی تجاویز پیش کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے منصوبوں کیلئے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح میں اضافہ اور کروڑ پتیوں پر ۲ فیصد ٹیکس لگا کر فنڈنگ کی جائے گی۔

 

ٹرمپ نے ممدانی کی مخالفت کی، کہا ظہران جیتے تو نیویارک کو فنڈنگ روک دیں گے

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عین انتخابات سے قبل ممدانی پر حملہ کیا اور انہیں ”کمیونسٹ“ قرار دیا۔ صدر نے خبردار کیا کہ اگر ممدانی جیت جاتے ہیں تو نیویارک شہر کو دیئے جانے والے وفاقی فنڈز میں کٹوتی کر دی جائے گی۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ”اگر کمیونسٹ امیدوار ظہران ممدانی جیت جاتا ہے، تو اس عظیم شہر میں کامیابی یا یہاں تک کہ بقاء کا کوئی موقع نہیں ہوگا۔“ انہوں نے شہر کے سابق گورنر اینڈریو کوومو کو ”ایک برا ڈیموکریٹ، لیکن کمیونسٹ سے بہتر“ قرار دیتے ہوئے نیویارک کے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ کوومو کو ووٹ دیں۔”

 

مسک کی ممدانی پر تنقید

امریکی ارب پتی ایلون مسک بھی ممدانی مخالف مہم میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے فالورز سے کوومو کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ اپنی پوسٹ میں، انہوں نے امیدوار کے نام کی غلط ہجے کرتے ہوئے لکھا: ”کرٹس کو دیا گیا ووٹ دراصل ممدمی یا جو بھی ان کا نام ہے، کیلئے ہے۔ کوومو کو ووٹ دیں!“

 

کوومو اور سلیوا انتخابی دوڑ میں پیچھے

ممدانی سے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن ہارنے کے بعد آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے کوومو نے خود کو ایک تجربہ کار لیڈر کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا، جو ’گارڈین اینجلز‘ کے بانی ہیں، نے ممدانی مخالف ووٹ کو مضبوط کرنے کے دباؤ کے باوجود ریس چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

پولز ظاہر کرتے ہیں کہ ممدانی کو مخالف امیدواروں کے مقابلے مضبوط سبقت حاصل ہے، وہ کوومو سے اوسطاً ۱۴ پوائنٹس آگے ہیں، جبکہ سلیوا کافی پیچھے ہیں۔ واضح رہے کہ ووٹنگ، نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق صبح ۶ بجے شروع ہوچکی ہے اور رات ۹ بجے تک چلے گی جس کے بعد دیر رات تک حتمی نتائج کا اعلان متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK