• Fri, 17 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیو یارک شہر: میئر امیدوار ظہران ممدانی کی ’’غزہ 5K‘‘ میں شرکت پر تنازع

Updated: October 15, 2025, 3:09 PM IST | New York

نیو یارک سٹی کے میئر کی دوڑ میں بطور امیدوار ظہران ممدانی سب سے آگے ہیں۔ تاہم، انہیں اس وقت شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ہفتے کے اختتام پر ’’غزہ 5K‘‘ فنڈ ریزنگ ایونٹ میں شرکت کی۔ یہ تقریب اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (اونروا) کی حمایت کیلئے منعقد کی گئی تھی، جس پر اسرائیل سے تعلق رکھنے والے حلقے حماس کے ساتھ مبینہ روابط کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

Zahran Mamdani - Photo: X
ظہران ممدانی ۔ تصویر: ایکس

ظہران ممدانی نے ’’غزہ 5K‘‘ میں شرکت کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس انسانی مقصد کی حمایت کرنے پر فخر ہے۔ تاہم، سوشل میڈیا صارفین نے اسرائیلی پروپیگنڈہ کو آگے بڑھاتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ وہ ایسے ادارے کیلئے فنڈ جمع کر رہے ہیں جو حماس سے جڑی ہے۔ شمالی نیویارک کی ریپبلکن لیڈر ایلیس سٹیفانک، جنہوں نے گورنر کے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، نے ممدانی کے خلاف مہم کی قیادت کی اور ریاست کی ڈیموکریٹک گورنر کیتھی ہوچول کو بھی ممدانی کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ سٹیفانک نے ایکس پر لکھا کہ ’’جب تمام اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کا عمل جاری ہے، کیتھینے ایک ایسے کمیونسٹ اور سام دشمن امیدوار کی حمایت کی جو حماس کی حمایت کرتا رہا ہے۔ ‘‘ واضح رہے کہ ظہران ممدانی کو ان کی مسلم شناخت پر مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، اور اسرائیلی میڈیا انہیں ہندو اور یہود مخالف قرار دینے کی پوری کوشش کررہا ہے۔

یو این آر ڈبلیو اے پر الزامات
یو این آر ڈبلیو اے (اونروا) پر عالمی سطح پر دباؤ اس وقت بڑھ گیا جب اسرائیل نے الزام لگایا کہ اس کے ۱۲؍ ملازمین نے ۷؍ اکتوبر کے حملوں میں حصہ لیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ان میں سے ۱۰؍ کو اس کے فوجیوں نے ہلاک کردیا تھا۔ 

اسرائیل حماس جنگ بندی پر ممدانی کے تبصرے
واضح رہے کہ ظہران ممدانی فلسطین کے حوالے سے اسرائیلی پالیسیوں کے ہمیشہ ہی سے کھلے ناقد رہے ہیں۔ جنگ بندی کے بعد انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’’آج اسرائیلی اور فلسطینی دونوں کیلئے امید کے مناظر ہیں۔ اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی اور برسوں کے خوف کے بعد اپنے خاندانوں سے دوبارہ مل رہے ہیں جبکہ غزہ میں پہلی بار بمباری کے بغیر لوگوں نے دن گزارا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’آخرکار ایک امید کی کرن دکھائی دے رہی ہے کہ یہ جنگ بندی قائم رہے اور تعمیر نو کا عمل شروع ہو سکے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اٹلی غزہ معاہدے کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے کے قریب ہے: وزیراعظم میلونی

عوامی ردعمل
سوشل میڈیا پر جہاں بعض افراد نے ممدانی پر تنقید کی، وہیں بیشتر صارف نے حق کا ساتھ دینے پر ان کی پذیرائی بھی کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’میں یقین نہیں کر سکتا کہ نیویارک والے ایک ایسے شخص کو ووٹ دینے جا رہے ہیں جو دشمن کی حمایت کرتا ہے۔‘‘ ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ ’’ممدانی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ صحیح اور غلط کا فرق جانتے ہیں، اور ہمیشہ صحیح فریق کا ساتھ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نیویارک والے انہیں اپنا نمائندہ بنانا چاہتے ہیں۔‘‘ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK