Inquilab Logo

یو پی کے۶؍ اضلاع میں رات کا کرفیو نافذ

Updated: April 09, 2021, 2:29 PM IST | Agency | Lucknow

دارالحکومت لکھنؤ،وارانسی، کانپور، پریاگ راج ،غازی آباد اور گوتم بدھ نگرمیں کر فیونافذ کردیا گیا ہے۔ ۵۰؍سے زیادہ کیس والے یا روزانہ۱۰۰؍سے زیادہ نئے مریضوں والے مزید اضلاع میں اسی طرح کاکرفیو نافذ کر نے پر غور کیا جارہا ہے

Prayag Raj: Police have brought the prisoner for test.Picture:INN
پریاگ راج : پولیس اہلکار قیدی کو کورونا ٹیسٹ کیلئے لے کر آئے ہیں۔ ۔تصویر :پی ٹی آئی

 لکھنؤ( ایجنسی): اترپردیش  میں کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں ریاستی دارالحکومت لکھنؤ، وارانسی،  کانپور، پریاگ راج  ،غازی آباد اور گوتم بدھ نگر میں رات کا  کرفیو  نافذ کردیا ہے۔
  جمعرات کو دارالحکومت لکھنؤ میں نگرنگم  کی حد میں رات ۹؍ بجے سے صبح ۶؍بجے تک  رات کرفیو نافذ کیا گیا ۔ لکھنؤ کے کمشنر رنجن کمار نے بدھ کو دیررات افسران  سے  میٹنگ کے بعد رات کے کرفیوکے نفاذ کا اعلان کیا۔ بدھ کو ریاست میں کورونا کے اب تک سب سے زیادہ۶؍ ہزار ۲۳؍معاملے  سامنے   آئےتھے جن میں  سےایک ہزار۳۳۳ ؍   صرف لکھنؤکے تھے۔ دارالحکومت  میں  رات کے کرفیوکا نفاذ فی الحال۱۶؍اپریل تک رہے گا ۔ بعد میں جائزہ کے بعد اس میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ دیہی علاقوں میں پنچایت انتخابات کی وجہ سے  چھوٹ دی گئی ہے۔
 ادھرقومی دارالحکومت  دہلی سے متصل اترپردیش کے اضلاع غازی آباد اور گوتم بدھ نگر میں کورونا وائرس کےبڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے دونوں اضلاع  میں جمعرات کی رات سے کرفیو  نافذ کردیا گیا ہے۔غازی آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجے شنکر پانڈے نے تعلیمی اداروں کو بندکرنے کے ساتھ ہی جمعرات کی رات سے رات کا کرفیو لگانے کا اعلان کیا   ۔ کووڈ۱۹؍انفیکشن کے بڑھتے اثر کے پیش نظر ڈی ایم نے پولیس افسران اور محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کر کے ضلع غازی آباد میں  جمعرات کی رات کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ کرفیو رات۱۰؍بجے سے صبح ۵؍ بجے تک رہے گا۔ پہلے مرحلے میں یہ کرفیو ۱۷؍اپریل تک نافذ رہے گا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے۱۷؍اپریل تک  تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کچھ وقت پہلے ہی کیا تھا۔گوتم بدھ نگر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہاس ایل وائی نے بھی کورونا وائرس کے بڑھتے ا ثر کو دیکھتے ہوئے ضلع میں جمعرات کی رات سے رات کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ۔ضلع میں رات ۱۰؍بجے سے صبح ۵؍ بجے تک کرفیونافذ رہے گا۔
  قبل ازیں ریاستی حکومت نے انتباہ دیا تھا کہ۵۰؍سے زیادہ کیس والے یا روزانہ ۱۰۰؍ سے زیادہ نئے مریضوں والے ۱۲؍اضلاع میں بھی رات کرفیوکے نفاذ کا اعلان کیا جاسکتا ہےجن میںلکھنؤ، پریاگ راج، وارانسی، کانپور شہر ،غازی آبا د اور گوتم بدھ نگر   میں تو رات کرفیو  نافذہوچکا ہے۔ اب گورکھپور، میرٹھ،  جھانسی، بریلی،  آگرہ، سہارنپور اور مرادآباد اضلاع  میں بھی رات کا کر فیو نافذ کیا جاسکتا ہے  ۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ نے بدھ کی رات ان اضلاع کے ڈی ایم کو  حالات کا جائزہ لے کر رات کے کرفیو پر فیصلہ کرنے کو کہا  تھا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو حالات کے مطابق اسکول اورکالجوں میں چھٹی(امتحانات کو چھوڑ کر)کے بارے میں بھی فیصلہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ لکھنؤ  اوردیگر  اضلاع کی صورتحال کا ویڈیو کانفرنسنگ سے جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بدھ کی دیر رات کہا کہ زیادہ متاثرہ اضلاع میں رات کے وقت آمدورفت روک دی جائے لیکن کسی بھی صورت میں ضروری اشیاء جیسے دوا اور اناج وغیرہ کی دستیابی میں رکا وٹ پیدا نہ کی جائے۔ ماسک نہ لگانے والوں پر جرمانہ بھی لگایا جانا چاہئے۔ اس سے عوام  ماسک لگانے کے عادی ہوجائیں گے۔وزیر اعلی نے بدھ کو افسران کے ساتھ کووڈ۔۱۹؍سے سب سے زیادہ متاثر ۱۳؍اضلاع کا ویڈیو کانفرنسنگ سے جائزہ لیا۔ یوگی نے کہا کہ وہ جلد ہی کووڈ۔۱۹؍ سے سب سے زیاہ متاثر پریاگ  راج، وارانسی، اور گورکھپور اضلاع کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے دیگر متاثر اضلاع میں طبی سہولیات اور طبی آلات فراہم کرنے  پر زور دیا ۔   تمام متاثرہ اضلاع میں نگرانی کیلئے  اسپیشل سیکریٹری سطح کے افسران کو مامور کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK