Inquilab Logo

’’نہال احمد مرحوم کی ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ‘‘

Updated: March 02, 2024, 11:33 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

سوشلسٹ لیڈر کی ۸؍ ویں برسی پر مالیگائوں میں تعزیتی نشست کا انعقاد، بڑی تعداد میں مقامی باشندوں کی شرکت۔

Shaan Hind, daughter of Nihal Ahmed, speaking. Photo: INN
نہال احمد کی بیٹی شان ہند خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

سوشلسٹ لیڈر نہال احمد (مرحوم)کی ۸؍ویں برسی(۲۹؍ فروری) کی مناسبت سے مالیگائوں کےبُنکرلانس میں جمعرات کی رات ساتھی گروپ اورسماجوادی پارٹی کے زیراہتمام ایک جلسہ خراج عقیدت منعقد کیا گیا۔ صدارتی خطاب میں ساجدہ میڈم( نہال احمد کی بیوہ) نے کہا کہ نہال احمد کی زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ہے۔ انہوں نے مقامی بلدیہ سے لے کر ایوان اسمبلی تک نمائندگی کی۔ اقلیتوں، پسماندہ طبقات اور مظلوم عوام کے حقوق کی بازیابی کیلئے صفِ اوّل میں رہے۔ ڈاکٹررام منوہر لوہیا اور پروفیسر مدھو دنڈوتے جیسے قدآور سوشلسٹ لیڈران نہال احمد کی سیاسی صلاحیتوں کے معترف تھے۔ اس سے قبل تاثرات پیش کرتے ہوئے نہال احمد کی بیٹی شانِ ہند (سابق اپوزیشن لیڈر مالیگائوں میونسپل کارپوریشن)نے کہا کہ دورِ گزشتہ میں سیاسی کارکنان انسانی خدمت کو ترجیح دیتے تھے۔ شہر مالیگائوں میں خاندیش، مراٹھواڑا، دکن اور شمالی ہند سے آنے والوں کیلئے روٹی، روزگار، کپڑے اور مکان کے انتظامات سوشلسٹ خیال سے منسلک سیاسی کارکنان کیا کرتے تھے۔ اِس فکر کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ موجودہ دور میں مظلوم عوام کو درپیش مسائل کا تدارک ہو سکے۔ 
 محمد مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ مالیگائوں سیاسی قیادت اعتبار سے کمزور ہوچکا ہے۔ گزشتہ ۲۵؍سال سے ایوانِ اسمبلی میں مالیگائوں کی نمائندگی نہیں ہوسکی۔ عوام نے جنہیں اپنا نمائندہ منتخب کیا وہ اسمبلی کے کام کاج اور تجربے سے ناواقف ہیں۔ تعمیر وترقی کے نام پر رائے دہندگان اور عوام کی آنکھوں میں دھُول جھونکنے کا کام کرتے ہیں۔ جلسہ خراج عقیدت میں مولانا اسماعیل رحمانی، مدثر حسین گڈو، سہیل عبدالکریم، عبدالحلیم صدیقی، احتشام بیکری والا وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK