جسٹن ٹروڈو نے نئی دہلی کومعاملے کو ’’سنجیدگی سے لینے‘‘ اور’’ سچائی کو بے نقاب‘‘ کرنے کیلئے اوٹاوا کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا، خالصتان حامیوں کیخلاف کارروائی کے مطالبے پر خاموشی۔
EPAPER
Updated: September 23, 2023, 9:38 AM IST | Agency | Ottawa
جسٹن ٹروڈو نے نئی دہلی کومعاملے کو ’’سنجیدگی سے لینے‘‘ اور’’ سچائی کو بے نقاب‘‘ کرنے کیلئے اوٹاوا کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا، خالصتان حامیوں کیخلاف کارروائی کے مطالبے پر خاموشی۔
کنیڈ ا میں خالصتانی حامی ہردیپ سنگھ نِجّر کی موت کا الزام ہندوستان پر تھوپنے کے کئی دن بعد بھی اوٹاوا اِس کا ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ نئی دہلی کے شدید اعتراض اور بار بار کے مطالبے کے دوران کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حکومت ہند سے اس معاملے میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ اُدھر کنیڈا کے خبر رساں ادارے ’کنیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے سلسلے میں انسانی اور تکنیکی انٹیلی جنس کی شکل میں وافر ثبوت موجود ہیں ۔
کنیڈا کے وزیراعظم کی نئی دہلی سے اپیل
بغیر ثبوت کے کی گئی الزام تراشی کی وجہ سے ہندوستان اور کنیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات میں آنے والی تلخی کے بعد جمعرات کو وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’’ہم حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور ہمارے ساتھ کام کرے تاکہ پوری شفافیت کے ساتھ ذمہ داری طے ہو اور انصاف کیا جاسکے۔‘‘
پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی ۷۸؍ ویں جنرل اسمبلی میں شرکت کے موقع پر رپورٹروں کے سوالوں کے جواب میں ٹروڈو نے کہا کہ ’’ہم بھڑکانا نہیں چاہتے، نہ ہی کوئی مسئلہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں مگر ہم قانونی کی حکمرانی اور کنیڈا کے شہریوں کے تحفظ کے معاملے میں اٹل ہیں ۔ ‘‘ جسٹن ٹروڈو نے نئی دہلی سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسی لئے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہند ہمارے ساتھ کام کرے، اس عمل کا حصہ بنے جس کے ذریعہ سچائی بے نقاب ہو اور پھر انصاف اور جوابدہی طے کرنے میں معاون بنے۔‘‘
ثبوت ہونے کا دعویٰ مگر پیش نہیں کئے
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’’پیر کی دوپہر کو میں نے جو کچھ کہاتھا وہی اب بھی کہہ رہا ہوں ۔یقیناً الزامات کافی معتبر ہیں جنہیں ہمیں بہت سنجیدگی سے لینا چاہئے۔‘‘اس سوال پر کہ انہوں نے جو الزامات لگائے ہیں ، کیا اس کے ثبوت موجود ہیں ، ٹروڈو نے کہا کہ ’’ہمارے پاس سخت اور نظام انصاف ہے، ہم حکومت ہند سےاپیل کرتے ہیں کہ آگے بڑھیں اوراس معاملے کی حقیقت سامنے لانے میں ساتھ دیں ۔‘‘
کنیڈا خود کٹہرے میں
کنیڈا نِجر کے قتل کا الزام حکومت ہند پر تھوپنے کی کوشش کررہاہے مگر وہ خود کٹہرے میں ہے۔ نئی دہلی نے ایک سے زائد بار شواہد دے کر اوٹاوا سے کنیڈا میں سرگرم اُن عناصر کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے جو خالصتان کا راگ الاپتے رہتے ہیں مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کنیڈا کی الزام تراشیوں کے بعد ہندوستان نے جمعرات کو پھر کنیڈا سے سختی سےمطالبہ کیا ہے کہ خالصتانی دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔