Inquilab Logo Happiest Places to Work

نمیشا معاملہ:سماجی کارکنان نے مفتی ابوبکر کیساتھ یمن جانے کی اجازت مانگی

Updated: July 18, 2025, 10:52 PM IST | New Delhi

سپریم کورٹ نے درخواست گزارکاؤنسل کو مرکز سے رابطہ کرنے کو کہا،اگلی شنوائی ۱۴؍اگست کو ہوگی

Mufti Abubakar`s efforts to pardon Namisha (inset) are being praised
نمیشا(انسیٹ میں) کی سزا معافی کیلئے مفتی ابوبکرکی کوششوں کی ستائش کی جارہی ہے

کیرالا کی نرس نمیشا پریا کی  سزامعاملے میں مداخلت کے متعلق  جمعہ کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔نمیشا کو بچانے کیلئے کوشاں سماجی کارکنان کی خصوصی کمیٹی ’نمیشا پریا انٹرنیشنل ایکشن کاؤنسل‘ نے عدالت میں درخواست کی کہ اسکے کچھ اراکین ، کیرالا کے مفتی ابوبکر مسلیار کے ہمراہ یمن جانا چاہتے ہیں ، تاکہ مقتول کے ورثاء سے مل کر نمیشا کی رہائی کیلئے  بات چیت کی جائے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ’’آپ مرکز سے رابطہ کریں، ہم اس بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔‘‘
 اس معاملے میں مرکز نے عدالت میں کہا کہ’’ ہم بھی چاہتے ہیں کہ نمیشا پریا محفوظ طریقے سے واپس آئے۔ اس سلسلے میں حکومت ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔‘‘ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی دو رکنی بنچ کے روبرو حکومت کی طرف سے اٹارنی جنرل آر  وینکٹ رمَنی پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نمیشا کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس معاملے میں درخواست گزار تنظیم ’’سیو نمیشا پریا انٹرنیشنل ایکشن کونسل‘‘ نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ مفتی ابوبکرمسلیار اور کونسل کے کچھ اراکین  کو نمیشا کو سزا سے بچانے کیلئے یمن جانا چاہتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ سے  استدعا کی گئی کہ   متاثرہ خاندان سے ملنے اور نمیشا کی رہائی کے لئے  بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے یمن جانے کی اجازت دی جائے۔ چونکہ یمن میں ہندوستانیوں کے سفر پر پابندی ہے۔ ایسے میں کوئی بھی ہندوستانی مرکزی حکومت کی اجازت کے بغیر یمن نہیں جا سکتا۔اسلئے انہیں  اجازت دی جائے ۔  اس پر عدالت نے کہا کہ آپ مرکز سے رابطہ کریں۔ 
 درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ کے خاندان کو ان سے بات کرنے اور شرعی قانون کے مطابق `خوں بہا (ایک قسم کا معاوضہ) قبول کرنے کے بعد اسے معاف کرنے پر راضی کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مرکز کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ  میں داخل کردہ عرضداشت پر  اگلی شنوائی ۱۴؍ اگست کو ہوگی۔

kerala Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK