Inquilab Logo

انیس ماہ بعد ڈگری کالجوں کا آغاز ، طلبہ اور اساتذہ میں خوشی کی لہر

Updated: October 21, 2021, 9:23 AM IST | saadat khan | Mumbai

تمام احتیاطی تدابیر کےساتھ کالج شروع کئے گئے ،۲؍ٹیکہ کی شرط اور لوکل ٹرین میں سفر کی اجازت نہ ہونے سےبیشتر کالجوںمیں طلبہ کی حاضری کم رہی، کچھ کالجوںمیں عنقریب سیمسٹر امتحان شروع ہو نے والے ہیں، اس لئےکالج انتظامیہ نے محض چنددنوں کیلئے طلبہ کو کالج نہیں بلایا

Students can be seen sitting in the classroom at akbar peerbhoy college.Picture:Inquilab
اکبر پیر بھائی کالج میں طلبہ کلاس روم میں بیٹھے دیکھے جاسکتے ہیں تصویر انقلاب

کوروناوائرس کی وباءمیں کمی آنے کے بعد ریاستی حکومت نے پہلے مرحلےمیں ۴؍اکتوبر سے اسکول اور جونیئر کالج شروع کرنےکی اجازت دی تھی۔ ۱۵؍دنوں میں اسکولی طلبہ میں کورونا سےمتعلق کسی طرح کی شکایت موصول نہ ہونے پر دوسرے مرحلے میں ۲۰؍اکتوبرسےڈگری کالج شروع کئے جانے کی اجازت دی گئی ہےجس کےمطابق ۱۹؍مہینے بعد بدھ سے ممبئی اور مضافات کے ڈگری کالجوں کا آغاز کیا گیا۔ ڈگری کالج کےشروع کئے جانے سے اساتذہ اور طلبہ میں خوشی کا ماحول دکھائی دیا۔کچھ کالجوںمیں سیمسٹر امتحان شروع ہو نے والے ہیں، اس لئےکالج انتظامیہ نے چنددنوں کیلئے طلبہ کو کالج نہیں بلایا ۔۲؍ٹیکہ کی شرط اور لوکل ٹرین میں سفر کی اجازت نہ ہونے سےبیشتر کالجوںمیں طلبہ کی حاضری برائے نام رہی ۔
 ناگپاڑہ پر واقع صابوصدیق انجینئرنگ کالج کے پرنسپل محی الدین احمد نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ حکومت اور ممبئی یونیورسٹی کی ہدایت پر بدھ سے ہم نے کالج تو شروع کردیاہے ۔ ہمارا تدریسی اور غیر تدریسی عملہ توپہلے سےکالج آرہاہے ۔ بدھ سے طلبہ کو کالج میں آف لائن پڑھائی کرنے کی اجازت دی گئی ہے مگرپہلے دن طلبہ کی حاضری صفر رہی کیونکہ کورونا کے خوف سے ابھی متعدد طلبہ اور والدین باہر نہیں آسکےہیں۔
 علاوہ ازیں جن طلبہ نے کووڈ کے دونوں ٹیکے لئےہیں وہ بھی بدھ کو کالج نہیں آئےہیں ۔ اُمید ہےکہ جمعرات سے یہ طلبہ آف لائن کالج میں شریک ہوں۔ جن طلبہ نے دونوں ٹیکے لگوائے ہیں ان کی فہر ست تیارکرنےکا کام جاری ہے۔ گائیڈ لائن کے تحت تمام تیاری بھی کی گئی ہیں تاکہ حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کرتےہوئے کالج کا آغاز کیاجاسکے ۔‘‘
 خالصہ کالج ماٹنگا کے پرنسپل ڈاکٹر ایچ ایس کالسی نے کہاکہ ’’ڈگری کالج کے پہلے سال کے وہ طلبہ جن کی عمر ۱۸؍سال سے کم ہے ۔ ان کے سرپرستوں کے حلف نامہ کی بنیاد پرانہیں کالج آنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ تقریبا ً ۳۰؍تا۳۵؍فیصد طلبہ کی حاضری پہلے دن درج کی گئی ہے ۔ جبکہ پوسٹ گریجویشن کے ۲۰؍ تا ۲۵؍ فیصدطلبہ جنہوںنے کووڈ کے دونوں ٹیکے لئے ہیں، انہیں کلاس میں شریک ہونےکی اجازت دی گئی تھی۔ کالج شروع کئے جانے سے طلبہ اور اساتذہ دونوںمیں خوشی دکھا ئی دی۔‘‘  
 صابوصدیق پالی ٹیکنیک کالج کے پرنسپل اے کے قریشی نے بتایاکہ ’’ ہم نے پالی ٹیکنیک کالج کے ان طلبہ کو بلایاتھا جن کی عمر ۱۸؍سال سے کم ہے ۔ان طلبہ سے والدین کا حلف نامہ لیاگیاہے۔چونکہ ۵۰؍فیصد طلبہ کو ہی بلانےکی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس لئے پہلے دن ۲۲۰؍ طلبہ کو کالج میں بلایاگیاتھا۔ ہمارے کالج میں مجموعی طورپر ساڑھے۵۰۰؍طلبہ ہیں ۔ ‘‘
 تھیم کالج بوئیسرکے پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا کہ’’ دراصل ۲۲؍اکتوبر کوہمارے کالج کا آخری تدریسی دن ہے۔ ۲۵؍اکتوبر سے ٹیسٹ اور امتحان وغیر ہ شروع کئے جائیں گے ۔ ا س لئے چند دنوں کیلئے طلبہ کو کالج بلانےکا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ دوسری بات یہ کہ حکومت نے ۲؍ٹیکے لگوانے کی جوشرط عائد کی ہے تو ایسے طلبہ بہت کم ہیں جنہوںنے ۲؍ٹیکے لگوائے ہیں ۔ چونکہ ہمارے ۷۰؍تا ۸۰؍فیصد طلبہ دور دراز علاقو ں سے آتےہیں ، ان کیلئے لوکل ٹرین میں سفر کرنا ممنوع ہے۔ ایسی صور ت میں طلبہ کیلئے کالج شروع کرنا ایک مسئلہ ہے۔ اس کےباوجود ہماری کوشش ہےکہ دیوالی کی چھٹی کےبعد تمام تر شرائط کے ساتھ کالج شروع کیاجائے ۔‘‘
    انجمن اسلام اکبرپیرکالج مولاناشوکت علی روڈ کے کارگزار پرنسپل ہیمنت کمار نے کہاکہ ’’ بی کام کے پہلے سال کے ان طلبہ کو کالج آنے کی اجازت دی گئی تھی جن کی عمر ۱۸؍سال سے کم ہے۔پہلے دن ہمارے کالج میں ۳۶؍ طلبہ آئے تھے۔ ان کے والدین سے حلف نامہ حاصل کرکے انہیں کالج آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ جبکہ بی کام کے تیسرے سال کے ۱۰۰؍ میں سے ۱۰؍ طلبہ جنہوںنے کووڈ کے دونوں ٹیکے لئےہیں کو کالج آنےکی اجازت دی گئی تھی۔ ان طلبہ کے ساتھ پہلے دن پڑھائی کا آغاز کیاگیا۔ ان کے علاوہ ان طلبہ کو بھی آن لائن پڑھایا گیا جنہوں نے ابھی ٹیکہ نہیں لیا ہے۔ ریاستی حکومت اور ممبئی یونیورسٹی نے کورونا کے تناظر میں جن احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےکی ہدایت دی ہے۔ ان پر سختی سے عمل کرکے کالج کاآغاز کیا گیا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK