Inquilab Logo Happiest Places to Work

نرملا سیتارمن کا لیہہ کا سہ روزہ دورہ، ترقیاتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا

Updated: June 16, 2025, 1:07 PM IST | Agency | Srinagar

وزیر خزانہ نے لیہہ میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائنہ کیا اور فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سے تفصیلی بات چیت کی۔

Sitharaman and others during a function in Leh. Photo: PTI
لیہہ میں ایک تقریب کے دوران نر ملا سیتا رمن اور دیگر۔ تصویر:پی ٹی آئی

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سنیچر کو مرکز کے زیر انتظام خطے لداخ کے۳؍ روزہ دورے پر لیہہ پہنچ گئیں۔  لیہہ پہنچنے کے بعد سیتارمن نے ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین تاشی گیا لسن، نائب چیئرمین اور ایگزیکٹیو کونسلروں سے ملاقات کی جنہوں نے کئی اہم مطالبات وزیر خزانہ کے سامنے رکھے۔ 
 وزیر خزانہ نے نمائندوں کو یقین دلایا کہ بجٹ گرانٹس، بروقت ایسٹی میٹس کی منظوری اور سیاحت کے فروغ سے متعلق تمام مسائل پردہلی واپسی کے بعد سنجیدگی کامظاہرہ کیا جائے گا۔ اس دورے میں سیتارمن نے رکن پارلیمنٹ حنیفہ جان، بی جے پی لیڈروں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ مختلف متعلقین کے مشترکہ وفد سے بھی ملاقات کی جن میں ہوٹل مالکان، ٹریول ایجنٹس، تاجر، ٹرانسپورٹرز اور بائیک رائیڈرز شامل تھے۔ اس وفد نے سیاحت کے لئے خصوصی امدادی پیکج اور قومی سطح پر اس کے فروغ کی اپیل کی۔  اتوار کو وزیر خزانہ نے لیہہ میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائنہ کیا اور فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سے تفصیلی بات چیت کی۔ آج ( پیر کو) وزیرخزانہ نیوما، رزنگ لا، ہنلے آبزرویٹری اور مشہور پینگانگ جھیل کا دورہ کریں گی۔ 
 ہنلے کو دنیا کے سب سے اونچے فلکیاتی مراکز میں شمار کیا جاتا ہے جو صاف آسمان اور روشنی کی آلودگی سے پاک ماحول کے لئے جانا جاتا ہے جبکہ رزنگ لا وہ تاریخی مقام ہے جہاں ۱۹۶۲ء کی ہند-چین جنگ میں ہندوستانی فوج کی ’سی‘ کمپنی نے دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا تھا۔ اس لڑائی میں ۱۳؍ کماؤ بٹالین کے۱۲۰؍ فوجیوں نے۳؍ ہزار چینی پی ایل اے اہلکاروں کا سامنا کیا جن میں سے ایک ہزار ۵؍سو سے زائدافراد کو ہلاک کیا گیا۔ 
 واضح رہے کہ مالی سال۲۶-۲۰۲۵ء کے بجٹ میں مرکز کی جانب سے لداخ کو دی جانے والی گرانٹس میں مجموعی طور پرایک ہزار۲۶۶؍ کروڑ روپے کی کمی کے بعد لیہہ اور کرگل ہل کونسلز کے سالانہ بجٹ میں تقریباً۷۲؍ کروڑ روپے کی کمی کی گئی۔ گزشتہ مالی سال میں ہل کونسل کا بجٹ۳۴۴؍ کروڑ روپے تھا، جو رواں سال کم ہو کر۲۷۲؍ کروڑ رہ گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK