مرکزی وزیر نے کہاکہ ان کی بہو کی کمپنی کے ۱۰۰؍ کنٹینر ( آبی) راستے میں پھنس گئے ہیں جس کی وجہ سے کروڑوں کا خسارہ ہوا ہے۔
نتن گڈکری۔ تصویر:آئی این این
ایران جنگ کے بڑھتے ہوئے اثرات اب ہندوستانی تجارت پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے صنعتکاروں اور تاجروں کے علاوہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کے خاندانی کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، اس بات کا اعتراف خود نتن گڈکری نے ناگپور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ سے ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا اور سیکڑوں کنٹینر راستے میں پھنس گئے جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔ نتن گڈکری نے بتایا کہ ان کے خاندان کا ڈٹرجنٹ مینوفیکچرنگ کا کاروبار ہے۔ اُن کی بہو اس پراڈکٹ کی نگراں ہیں۔ ہر ماہ تقریباً ایک سو کنٹینر امریکہ بھیجے جاتے ہیں۔ تاہم ایران جنگشروع ہونےکے بعد بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہوا اور کنٹینر کی آمدورفت رک گئی جس کی وجہ سے پورا کاروبار بری طرح متاثر ہوا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بحران کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مقامی مارکیٹ میں سامان فروخت کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ اُن کے بیٹے کی بین الاقوامی تجارت بھی اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہوئی۔ ہندوستان سے کیلے بڑی مقدار میں ایران کو برآمد کئے جا رہے تھے جبکہ ایران سے سیب بھارت لائے جا رہے تھے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد یہ سپلائی مکمل طور پر منقطع ہو گئی۔ کیلے سے بھرے ۴۰۰؍ کے قریب کنٹینر راستے میں پھنس گئے اور ان میں موجود کیلے خراب ہوگئے۔ اس کے علاوہ ایران سے آنے والے سیب کے تقریباً ۲۰۰ کنٹینر کو بھی نقصان پہنچا۔
گڈکری نے کہا کہ اس دوران اُن کے خاندان کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے انشورنس کمپنیوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے نقصان کے باوجود بیمہ کی رقم حاصل کرنے میں کافی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انشورنس کمپنیوں کی جانب سے انشورنس کلیم پر کارروائی میں تاخیر کی وجہ سے تاجروں کا بحران بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنگ، ٹرانسپورٹ میں خلل اور مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے صنعتی شعبہ شدید دباؤ میں ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ کاروبار میں اتار چڑھاؤ صنعت کا ایک حصہ ہیں، نتن گڈکری نے تاجروں کو مثبت سوچ کے ساتھ کاروبار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سے گھبرائے بغیر حالات کے مطابق راستہ نکالنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہ کاروبار میں کامیابی جدوجہد کے بغیر حاصل نہیں ہوتی، انہوں نے خود انحصاری اور مثبت سوچ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاری نقصانات کے باوجود انہوں نے نئے انداز میں نئی منڈیاں تلاش کر کے کاروبار کو جاری رکھنے کی کوشش کی، اور کاروبار کو حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیا۔ یاد رہے کہ گڈکری نے کچھ عرصہ پہلے کہا تھا کہ ان کے اور ان کے بیٹوں کے پاس پیسہ کمانے کے کافی ذرائع ہیں۔