Inquilab Logo

بہار میں نتیش کا ’کھیلا ‘، بی جےپی کو پٹخنی ، عظیم تر اتحاد کی واپسی

Updated: August 10, 2022, 9:40 AM IST | patna

زعفرانی پارٹی کی دوستی سے نتیش کمار کی توبہ۔ آج آر جے ڈی ،کانگریس، سی پی ایم اور دیگر پارٹیوں کے ۱۶۴؍ اراکین کی حمایت سے نئی حکومت بنائیں گے، اپوزیشن نے خیر مقدم کیا، بی جے پی کے خیمے میں مایوسی

Along with Nitish Kumar, Tejashwi Yadav and Tej Pratap Yadav going to Governor House to claim government formation. (Photo: PTI)
نتیش کمار ،تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کے ساتھ حکومت سازی کا دعویٰ کرنے گورنر ہائوس جاتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

وزیر اعلی نتیش کمار نے منگل کو تقریباً پونے چار بجے یہاں راج بھون میں گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ گورنر نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور نئے انتظام تک کارگزار وزیر اعلی بنے رہنے کو کہا ہے۔اس سے پہلے نتیش کمار سہ پہر تین بج کر ۳۹؍ منٹ پر وزیر اعلی کی رہائش گاہ ایک انے مارگ سے نکل کر راج بھون داخل ہوئے اور قریب تین بج کر پچپن منٹ پرباہر نکلے۔ان کی گاڑی کے آگے سیکوریٹی کی دوگاڑیاں تھیں ۔ وزیر اعلیٰ کی گاڑی کو دیکھتے ہی میڈیا کے لوگ اس کی طرف دوڑے۔ گاڑی جھٹکے کے ساتھ رکی اور وزیر اعلی نتیش کمار باہر نکلے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سبھی اراکین پارلیمنٹ اور قانون ساز نے این ڈی اے سے نکلنے کی رائے دی ۔ اس کے بعد ہم نے این ڈی اے کے وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ ایک ٹی وی چینل کے رپورٹر نے ان سے پوچھا کہ بی جےپی سے کیا پریشانی ہوئی ، تو وزیر اعلی نے اس کا براہ راست کوئی جواب نہیں دیا ۔ اس دوران یہ اطلاعات ہیں کہ وہ بدھ کو دوپہر ۲؍ بجے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے ۔ 
 قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے جے ڈی یو کے سابق قومی صدر اور اپنے بہت قریبی رہے آرسی پی سنگھ کو جائیداد کی وضاحت دینے کے نوٹس اور ان کے استعفیٰ کے سے پیدا شدہ حالات کے سلسلے میں پارٹی لیڈروں کی رائے جاننے کے لیے منگل کو سبھی اراکین پارلیمنٹ اور اسمبلی و کونسل کی میٹنگ بلائی تھی۔ یہ میٹنگ وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ایک انے مارگ پر صبح گیار ہ بجے سے شروع ہوئی۔ اس دوران ادھروزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی دوسری جانب سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش گاہ ۱۰؍ سرکلر روڈ پر بھی گہماگہمی تھی۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن کی حلیف جماعتوں کے لیڈران کی میٹنگ ہورہی تھی۔ اس میں بایاں محاذ کی جماعتوں کے علاوہ کانگریس بھی شامل تھی۔
وزیر اعلی کے ذریعے طلب کی گئی جے ڈی یو کی میٹنگ میں سبھی لیڈروں نے یک زبان ہوکر بی جےپی سے الگ ہونے کی رائے دی۔ اس کا اعلان سوشل میڈیا کے توسط سے سب سے پہلے جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین اوپندر کشواہا نے کیا۔ انہوں نے تقریباً ڈھائی بجے ٹویٹ کیا کہ ’نئی صورت میں نئے گٹھ بندھن کی قیادت کی جواب دہی کیلئے جناب نتیش کمار کو مبارکباد۔ نتیش جی آگے بڑھیں ، ملک آپ کا انتظار کررہا ہے۔ اوپندر کشواہا نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ این ڈی اے سے الگ ہونے کے فیصلے سے ملک کو دقیانوسی کے دلدل میں پھردھکیلنے کی سازش میں لگی بی جےپی کے چکرویو سے ہم سب باہر آگئے۔ یہ فیصلہ بہار ہی نہیں ملک کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
    وزیر اعلی نتیش کمار نے گورنر کو استعفیٰ سونپنے کے بعد سیدھے رابڑی دیوی کی رہائش گاہ کا رخ کیا۔ وہاں تیجسوی یادو یادو اور تیج پرتاپ یادو نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے بہار انچارج بھکت چرن داس بھی موجود تھے۔   وزیر اعلی نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دوپارٹیاں ساتھ تھیں، اب پانچ ہیں

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK