• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جےپی کا قومی صدر منتخب ہونے پرنتن نبین کو نتیش کماراورمودی کی مبارکباد

Updated: December 15, 2025, 1:28 PM IST | Agency | Patna

نتیش کمار نے بہار سے تعلق رکھنے والے لیڈرکی اس عہدہ پرتقرری کوباعث مسرت قراردیا، مودی نے کہاکہ نتن نبین کی پہچان ایک محنتی کارکن کی ہے۔

BJP`s newly elected national president Nitin Nabin. Picture: INN
بی جے پی کے نو منتخب قومی صدر نتن نبین۔ تصویر: آئی این این
وزیر اعظم مودی اوربہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے نتن نبین کوبی جے پی کا قومی کارگزار صدر مقرر کیے جانے پر دلی مبارکباد دی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ یہ انتہائی باعث مسرت ہے کہ بہار سے تعلق رکھنے والے  نتن نبین کو بی جے پی کا قومی کارگزار صدر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پانچویں مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور بہار حکومت کی کابینہ میں ایک طاقتور ساتھی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتن نبین ایک مخلص اور بااصول سیاست داں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اس نئی ذمہ داری کے ذریعے بی جے پی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے ان کی بہترین صحت اور روشن دورِ کار کی تمنا کی۔ نتیش کمار نے نتن نبین سے ٹیلی فون پر بات بھی کی اور انہیں اپنی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ 
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ کے ذریعے نتن نبین کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دی۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور قومی صدر جے پی نڈا نے بھی نتن نبین کو قومی ورکنگ صدر بنائے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ 
وزیراعظم مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ’’نتن نبین نے ایک محنتی کارکن کے طور پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ وہ ایک نوجوان اور محنتی رہنما ہیں جن کے پاس تنظیمی تجربہ ہے اور بہار میں وہ کئی بار رکنِ اسمبلی اور وزیر کے طور پر شاندار خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے عوامی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے لگن سے کام کیا ہے۔ وہ اپنے رویے اور زمینی سطح پر کام کرنے کے انداز کے لیے جانے جاتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی توانائی اور وابستگی آنے والے وقت میں ہماری پارٹی کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہیں بی جے پی کے قومی ورکنگ صدر بننے پر مبارکباد۔‘‘ 
نتن نبین کون ہیں؟
نتن نبین یکم ستمبر۱۹۸۰ء کو پٹنہ کے ایک ممتاز سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد آنجہانی نوین کشور پرساد سنہابی جے پی کے سینئر لیڈر تھے اور پٹنہ مغربی اسمبلی حلقہ سے ۴؍ بار ایم ایل اے کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کے والد کی سیاسی وراثت اور عوامی خدمت کی روایت نے نتن نبین کو کم عمری سے ہی سیاست کرنے کی ترغیب دی۔ نتن نبین نے اپنی ابتدائی تعلیم نئی دہلی کے سی ایس کے ایم پبلک اسکول سے حاصل کی اور وہیں۱۲؍ ویں جماعت مکمل کی۔ اپنے والد کی موت کے بعد نبین نے۲۰۰۶ء میں پٹنہ مغربی اسمبلی حلقہ سے ضمنی انتخاب جیت کر فعال سیاست میں قدم رکھا۔ حد بندی کے بعد یہ سیٹ بنکی پور اسمبلی حلقہ بن گئی۔ اس کے بعد انہوں نے۲۰۱۰،۲۰۱۵ء، ۲۰۲۰ء اور۲۰۲۵ء  کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی، وہ پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں اور خطے میں ایک مضبوط بنیاد رکھتے ہیں۔نتن نبین نے بہار حکومت میں کئی اہم وزارتوں کی کامیابی سے قیادت کی ہے۔ انہوں نے سڑکوں کی تعمیر کے وزیر، شہری ترقیات اور ہاؤسنگ کے وزیر، اور وزیر قانون و انصاف جیسے اہم قلمدان سنبھالے ہیں۔ نبین نے پارٹی تنظیم میں بھی فعال کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK