Inquilab Logo

نتیش کمار کی گورنرآرلیکر سے ملاقات، بہار میں سیاسی ہلچل

Updated: January 24, 2024, 8:51 AM IST | Asfar Faridi | Patna

جیتن رام مانجھی نے کہا کہ’’ جلد ہی ریاست میں کھیلا ہوبے ‘‘، آر جے ڈی نے تردید کی اور کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔

Chief Minister Nitish Kumar with his deputy Tejashwi Yadav. Photo: PTI
وزیراعلیٰ نتیش کمار اپنے نائب تیجسوی یادو کے ساتھ۔ تصویر :پی ٹی آئی

وزیراعلیٰ نتیش کمار کے مخالفین یہ کہتے نہیں تھکتے کہ ان کی سیاسی معنویت ختم ہوگئی ہے لیکن وہ جیسے ہی کوئی قدم اٹھاتے ہیں سیاسی گلیاروںاور میڈیا کے ایک بڑے حصے میں زبردست ہلچل پیدا ہوجاتی ہے۔ اسی طرح کا نظارہ منگل کو اس وقت دیکھنے کو ملا جب نتیش کمار گاندھی میدان کے قریب سبھاش پارک میں گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر کے ساتھ نیتاجی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ کی بجائے سیدھے راج بھون پہنچ گئے۔ گورنر سے کم وبیش ۴۰؍منٹ کی ملاقات کے بعد باہر نکلے اور میڈیا کے سوالوں کا جواب دئیے بغیر اپنی رہائش گاہ کے اندر داخل ہوگئے۔ 
 وزیراعلیٰ نتیش کمار کے راج بھون جاتے ہی میڈیا اور سیاسی گلیاروں میں چہ میگوئیاں ہونے لگی تھیں کہ ’بہار میں کچھ بڑا ہونے والا ہے۔‘  جیتن رام مانجھی نے اس تعلق سے ٹویٹ کیا تھا کہ’’ بہار میں کھیلا ہو بے، تیار رہیں۔‘‘  اتفاق سے بہار کی سیاست میں اس طرح کی باتیں روزانہ ہورہی ہیں لیکن ہر روزکی طرح منگل کو بھی ایسی قیاس آرائیوں کی ہوا بہت جلد نکل گئی۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ راج بھون جانے والے وزیرمالیات وجے کمار چودھری نے ’انقلاب‘ کو بتایا کہ یونیورسٹیوں میں وائس چانسلروں کی تقرری کے سلسلے میں مشورہ کے  لئے گورنر نے بلایا تھا۔ وائس چانسلروں کی تقرری کےتعلق سے تبادلۂ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ  اور کوئی بات نہیں ہوئی لیکن پتہ نہیں میڈیا والے کیا سے کیا چلانے لگتے ہیں۔ گورنر سے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ملاقات کے حوالے سے جے ڈی یو کے قومی صدر کے سیاسی مشیر اور پارٹی کے قومی ترجمان کے سی تیاگی نے بھی ’انقلاب ‘ کو بتایا کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی تقرری کے سلسلے میں مشورہ کے  لئےگورنر نے وزیراعلیٰ کو چائے پر بلایا تھا۔ اس کے  لئےوزیراعلیٰ نے وقت نہیں مانگا تھابلکہ راج بھون نے ہی بلایا تھا۔ اس لئے طے شدہ  وقت پر وزیراعلیٰ نے گورنر سے ملاقات کی۔  دوسری طرف یہ اطلاعات ہیں کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت ۲۹؍جنوری کو کشن گنج کے راستے بہار میں داخل ہوں گے۔ وہ ۳۰؍جنوری کو پورنیہ میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس ریلی میں شرکت کے لیے کانگریس نے وزیراعلیٰ نتیش کمار ، لالو یادو اور انڈیااتحاد میں شامل دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کو دعوت دی ہے۔ لیکن منگل کو دیررات تک کی معلومات کےمطابق نتیش کمار پورنیہ میں ہونے والی بھارت جوڑو نیائے یاترا کی ریلی میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس سلسلے میں جے ڈی یو کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی کی یاترا کانگریس نے انڈیا اتحاد سے مشورہ  کئے بغیر نکالی ہے۔ اب اس کے درمیان میں ہم لوگوں کو شریک ہونے کے لئے کہا جارہا ہے، ہمیں نہیں لگتا ہے کہ اس میں شامل ہونا ہمارے  لئے مناسب ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK