Inquilab Logo

شراب کے دھندے میں شامل سرکاری اہلکاروں کی نوکری جائے گی، نتیش کمار کا انتباہ

Updated: November 17, 2021, 11:30 AM IST | Agency | Patna

بہار میں شراب بندی کے سلسلے میں اعلی سطحی جائزہ میٹنگ ، ریاستی حکومت کے وزراء اور اعلی افسران شامل ہوئے

Nitish Kumar and others in a review meeting on alcoholism..Picture:INN
نتیش کمار اور دیگر شراب بندی سے متعلق جائزہ میٹنگ میں۔ تصویر: آئی این این

 بہار حکومت نے شراب بندی کو مزید مؤثر ڈھنگ سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلےمیں نتیش کمار نے انتباہ دیا ہے کہ شراب کے دھندے میں شامل سرکاری اہلکاروں کو ملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔    واضح رہے کہ اکتوبر سے اب تک زہریلی شراب سے مسلسل اموات کے بعد  یہ پہلی  جائزہ میٹنگ ہے۔   وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں شراب بندی کے سلسلے میں منگل کو ہوئی اعلی سطحی جائزہ میٹنگ میں ریاستی حکومت کے وزراء اور اعلی افسران نے شرکت کی جبکہ ضلع افسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حاضر رہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جن ریاستوں سے بہار میں شراب کی اسمگلنگ ہورہی ہے، ان کے راستوں کو نشان زد کرکے سیل کیا جائے گا۔ شراب کی ہوم ڈیلیوری پر نظر رکھنے کیلئے جاسوسی کے نظام کو نیچے کی سطح تک چست درست کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی شراب کی ہوم ڈیلیوری کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی۔ چوکیدار اور دفعہ دار سے بھی مستقل طور پر اطلاعات حاصل کی جائیں گی۔ پولیس ہیڈکوآرٹر کی سطح سے ہر دوسرے دن ڈی جی پی، محکمۂ داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری اور شراب بندی محکمہ کے افسران جائزہ لیں گے کہ شراب بندی کے سلسلے میں جو ہدایات دی گئی ہیں ، ان پر عمل درآمد ہورہا ہے یا نہیں۔ محکمۂ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری چیتنیہ پرساد اور ڈی جی پی ایس کے سنگھل نے وزیر اعلیٰ کی ۷؍ گھنٹے تک  چلی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں  کے بارے میں بتایا ۔ 
تھانیداروں پر سختی
 جائزہ میٹنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کئی ایک تھانوں میں گزشتہ تین چار سال سے شراب بندی کے معاملے میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت دی ہے کہ ایسے تھانیداروں کو نشان زد کرکے ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ 
’’سرکاری اہلکاروں کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ ے گا‘‘
 وزیر اعلیٰ نے شراب بندی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار شراب کے دھندے میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کی نوکری ختم کردی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سخت لہجے میں کہا کہ ایسے کسی بھی سرکاری اہلکار کو نہیں بخشا جائے گا۔ 
ضلع انچارج سیکریٹری جائزہ لیں گے
 ضلع کے انچارج سیکریٹری اب شراب بندی کا بھی جائزہ لیں گے۔ واضح ہو کہ ضلع کے انچارج سیکریٹری متعلقہ ضلع میںکئے جارہے ترقیاتی کاموں اور سماجی تحفظ سے  متعلق منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں ، اب انہیں نئی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔  اب ضلعوں کے انچارج سیکریٹری اپنی سابقہ ذمہ داریوں کے ساتھ ہی شراب بندی کے سلسلے میں کئے جارہے کاموں کا بھی جائزہ لیں گے۔ ضلعوں کے انچارج وزراء بھی اس سلسلے میں جانکاری لیں گے۔ 
شراب برآمد ہونے پر تھانیدار کو معطل کیا جائے گا
 ہیڈکوآرٹر کی ٹیم اگر کسی تھانہ حلقہ میں شراب برآمد کرتی ہے تو متعلقہ تھانہ کے انچارج کو فوری طور پر معطل کردیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی معطل تھانیدار کے خلاف شعبہ جاتی کارروائی جائے گی۔ شراب کے دھندے میں تھانیدار کے ملوث ہونے پر اگلے ۱۰؍ سال تک اسے کسی بھی تھانہ کی ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK