Inquilab Logo

نتیش کمار کی اقتدار کی چاہ ختم ہی نہیں ہورہی ہے:تیجسوی یادو

Updated: October 17, 2020, 4:04 AM IST | Bhagalpur

اپوزیشن لیڈر نے کہا: اسی لئے وہ مزید ۵؍سال کا وقت مانگ رہے ہیں جبکہ اب تو انہیں سبکدوش ہوجانا چاہئےکیونکہ وہ ذمہ داری نہیں نبھارہے۔

Tejaswi Yadav. Photo: INN
تیجسوی یادو۔تصویر: آئی این این

بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل اور اپوزیشن لیڈرتیجسوی پرساد یادو نے کہاکہ ریاست کےوزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اقتدار کی چاہ ختم نہیں ہوئی ہے اور اس کیلئے وہ مزید پانچ سال وقت مانگ رہے ہیں جبکہ انہیں تو اب سبکدوش ہوجانا چاہئے ۔یادونےجمعہ کو ضلع کے سنوکھر میں کہلگاؤں اسمبلی حلقہ سےکانگریس کے امیدوار شبھانند مکیش کے حق میں منعقدہ ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) اور جنتا دل یونائٹیڈ ( جے ڈ ی یو ) کی ڈبل انجن کی حکومت ہونےکےباوجودکارخانے نہیں لگے۔ وہیں بے روزگاری کے بھی مسائل ہیں لیکن وزیراعلیٰ اور جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار کہتے ہیں کہ وہ یہ دونوں کام نہیں کرسکتے ۔ اس سے ظاہرہوتاہےکہ ذمہ داری لینے کے بجائے انہوں نے اپنے ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں ۔
 آرجے ڈی لیڈر نے کہاکہ ڈبل انجن کی حکومت ہونےکے باوجود ریاست میں ایک بھی کارخانہ قائم نہیں ہونا او رنوجوانوں کو نوکری نہیں ملنا بہت ہی بدقسمتی ہے ۔ اس سےریاست میں بے روزگاری اور نقل مکانی دن بدن بڑھتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں بہار کی حالت مزید خراب ہوسکتی ہے لیکن ان مسائل سے وزیراعلیٰ کمار کو کیا لینا دینا ۔ ان کی تو اقتدا رکی چاہ ختم نہیں ہورہی ہےاس لئے وہ مزید ۵؍سال کا وقت مانگ رہے ہیں جبکہ انہیں اب سبکدوش ہوجانا چاہئے ۔یادو نے کہاکہ کورونا مدت میں باہر سے بہار لوٹے لاکھوں مزدوروں کو کام یا روزگار دینے کے بجائے یوں ہی چھوڑدیاگیا۔ان کی فلاح کیلئے حکومت کے اعلانات کاغذی ثابت ہوئے اور اخیر میں مزدروں کو کام کیلئے پھر نقل مکانی کرناپڑا۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ڈبل انجن کی حکومت ریاست کے لوگوں کے نقل مکانی کوروکنے میں ناکام رہی ہے ۔
 اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ اس انتخاب میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کے لوگ خاص کر وزیراعلیٰ کمار ریاست کی بے روزگاری ، غریبی ، نقل مکانی جیسے مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتےہیں بلکہ وہ ایسے مسائل سے عوام کی توجہ بھٹکانے میں لگے ہوئے ہیں کیونکہ انہیں صرف اقتدار کے سکھ سے مطلب ہے ۔ لیکن ریاست کی عوام سمجھ چکے ہیں اور اس انتخاب میں این ڈی اے امیدواروں کی شکست یقینی ہے ۔
 یادو نے کہاکہ اگر اس بار بہارمیں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنی تو سب سے پہلے بے روزگاری کے مسائل کو دورکرنے کیلئے۱۰؍لاکھ نوجوانوں کو نوکری دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ نیوجت اساتذہ کو مستقل اساتذہ کے مساوی تنخواہ دینے ، بزرگوں کو ملنے والے۴۰۰؍ روپے پنشن کی رقم کو بڑھا کر ایک ہزار کرنےکے ساتھ ہی سنوکھر کو بلاک بنایاجائے گا۔اجلاس کو رکن اسمبلی اور سابق وزیر تیج پڑتاپ یادو ، کانگریس کے لیڈر سدانند سنگھ اور آڑجے ڈی رکن اسمبلی رام ولاس پاسوان نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK