نئی حکومت کی حلف برداری ۲۲؍نومبر سے پہلے ضروری ہے، پیر کی شام کابینہ کی میٹنگ ، لیڈروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ،کئی اہم لیڈران کو حلف برداری میں مدعو کیا جاسکتا ہے
EPAPER
Updated: November 15, 2025, 11:14 PM IST | Patna
نئی حکومت کی حلف برداری ۲۲؍نومبر سے پہلے ضروری ہے، پیر کی شام کابینہ کی میٹنگ ، لیڈروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ،کئی اہم لیڈران کو حلف برداری میں مدعو کیا جاسکتا ہے
بہار میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل باضابطہ طور پر پیر کی شام سے شروع ہوگا۔ پیر کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنا استعفیٰ گورنر کو سونپیں گے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر این ڈی اے قانون سازپارٹی کی میٹنگ ہوگی۔ قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر منتخب ہونے کے بعد نتیش کماردوبارہ راج بھون جائیں گے اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کریں گے۔ اس سے قبل سنیچرکو نئی اسمبلی کی تشکیل سے متعلق الیکشن کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کیاگیا۔ یہ رپورٹ کمیشن کی طرف سے گورنر کو پیش کی جاتی ہے۔گورنراس رپورٹ کوکابینہ کےپاس بھیجتے ہیں۔ کابینہ کی میٹنگ میں موجودہ اسمبلی کو تحلیل کرکے ۱۸؍ویں اسمبلی کی تشکیل کی سفارش کی جائے گی۔ کابینہ کی میٹنگ میںوزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر بھی کیا جائے گا۔
کیا کیا ہو گا ؟
کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار راج بھون جائیں گے اور گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ اس کے بعد وہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ واپس آجائیں گے۔ این ڈی اے کے ممبران اسمبلی وہاں پہلے سے موجود ہوں گے۔ این ڈی اے قانون سازپارٹی کی ایک باضابطہ میٹنگ ہوگی۔ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کے طور پر منتخب ہونے کے بعد نتیش کمار دوبارہ راج بھون جاکر اگلی حکومت بنانے کا اپنا دعویٰ پیش کریں گے۔
حلف برداری کہاں ہو گی؟
فی الحال حلف برداری کے مقام کے حوالے سے تبادلۂ خیال جاری ہے ۔ بھاری اکثریت سے جیت اور مہمانوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے حلف برداری کی تقریب پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ نتیش کمارپہلے بھی دو بار گاندھی میدان میں حلف لے چکے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے لیے ایک اچھی تاریخ کا بھی حساب لگایا جا رہا ہے۔ جیوتشوں سے بھی اس تعلق سے رابطہ کرنے کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ حلف برداری کی تقریب ۲۲؍ نومبر سے پہلے ہوجائے کیوں کہ یہ آئینی طور پر ضروری بھی ہے۔ یاد رہے کہ بہار کی ۱۷؍ویں قانون ساز اسمبلی کی میعاد ۲۲؍نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ اسی لئے اس سے قبل حلف برداری ضروری قرار دی جارہی ہے۔
کون کون شرکت کرے گا ؟
وزیر اعظم مودی، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ساتھ کئی مرکزی وزراء اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔ بی جے پی اپنے ان اسٹار پرچارکوں کو بھی مدعو کرسکتی ہے جنہوں نے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کے لئے مہم چلائی تھی۔
نتیش کمار سےملاقات کا سلسلہ
وزیراعلی ٰنتیش کمارسنیچر کودن بھر این ڈی اے کےنو منتخب اراکین اسمبلی سے ملاقات کرتے رہے۔ ایل جے پی (آر) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان نےسب سےپہلے ان سے ملاقات کی۔ اس کے بعد جیتن رام مانجھی کے بیٹے اور نتیش حکومت میں وزیر سنتوش سمن نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میںجے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا، شیام رجک، رام کرپال یادو اور راہل سنگھ شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے شام کےوقت بھی نومنتخب اراکین اسمبلی سے ملاقات کی۔