Inquilab Logo

نتیش کےقدم سے شیوسینااین سی پی کو نیا حوصلہ

Updated: August 12, 2022, 10:03 AM IST | Mumbai

بی جے پی سے مقابلہ کا نیا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ، ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار کی ملاقا ت، مہا وکاس اگھاڑی کو برقرار رکھنے کا اشارہ

Sharad Pawar is considered to be an expert in Maharashtra politics and with Uddhav Thackeray, he can bring about a political upheaval.
شرد پوار مہاراشٹر کی سیاست کے ماہر قرار دئیے جاتے ہیں اور ادھو ٹھاکرے کو ساتھ لے کر وہ سیاسی الٹ پھیر کرسکتے ہیں

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے این ڈی اے سے ترک تعلق کر کے ایک بار پھر مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں کے ساتھ حکومت سازی کر لی ہے۔ اس قدم سے جہاں انہوں نے بی جے پی سے چھٹکارا پا لیا وہیں بہار میں تقریباً سبھی ریاستی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ کانگریس کی بھی قربت حاصل کر لی۔ ان کے اس قدم نے دیگر ریاستوں میں موجود اپوزیشن پارٹیوں کو بہت حوصلہ دیا ہے۔ خاص طور پر مہاراشٹر میں شیو سینا اور این سی پی کے حوصلہ تو بلند ہو گئے ہیں اور انہوں نے بی جے پی کے خلاف حکمت عملی بنانی شروع کردی ہے۔
 واضح رہے کہ این ڈی اے سے نکلنے کے بعد نتیش کمار اور جنتا دل یو کے لیڈران لگاتار بی جے پی پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ وہ جنتا دل یو کو کمزور کرنے کی سازش تیار کر رہی تھی۔ یعنی اس سے پہلے کہ بی جے پی مہاراشٹر کی طرح بہار میں کوئی ’سیاسی کھیل‘ کھیلتی، نتیش کمار نے ہی ’کھیلا‘ کر دیا۔ نتیش کمار کے اس دانشمندانہ اور دور اندیشانہ قدم سے اب مہاراشٹر کی شیوسینا اور این سی پی بھی متحرک نظر آنے لگی ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے ان دونوں پارٹیوں میں نئی جان آ گئی ہے اور یہ دونوں بی جے پی سے مقابلے کی تیاریوں میں پوری طرح سے سرگرم ہو گئی ہیں۔
  میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کی اہم اپوزیشن پارٹیوں میں شامل این سی پی نے فی الحال مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو برقرار رکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ این سی پی سپریمو شرد پوار بہار کے واقعہ کے بعد کوئی خفیہ منصوبہ بنانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ بہار میں اقتدار کی تبدیلی اور نئے اتحاد (جنتا دل یو، آر جے ڈی، کانگریس، بایاں محاذ اور ہندوستانی عوام مورچہ) بننے کے بعد مہاراشٹر میں این سی پی سپریمو شرد پوار نے سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی ہے۔ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی اس ملاقات کے دوران اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر اجیت پوار، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل ، سابق وزیر چھگن بھجبل اورسنیل تتاکارے جیسے لیڈر شامل تھے۔ ان لیڈروں نے ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ  ماتوشری میں تقریباً ایک گھنٹے تک تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران کئی امور پرگفتگو ہوئی اوربی جے پی سے لوہا لینے کیلئے منصوبہ تیار کرنے کی بات بھی سامنے آرہی ہے۔
 این سی پی اور شیوسینا کی اس خفیہ میٹنگ میں شامل ہونے والے ایک لیڈر نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ این سی پی قیادت کا ماننا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کو یہ ماننے کی ضرورت ہے کہ ان کا سیاسی اتحاد ہی ان کے وجود کو بچائے رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی لڑائی طویل  وقت تک جاری رہنے کا امکان ہے لیکن اگر تینوں پارٹیاں ساتھ رہیں گی اور مل کر انتخاب لڑیں گی تو ریاست میں سیاسی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شیو سینا نے اس بات سے اتفاق کیا ہے اور اب وہ ممکنہ طور پر پارٹی کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد کو بھی مضبوط کرنے کے بارے میں غور کرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK