سابق نائب وزیر اعلیٰ کی موت کو ۶؍ ماہ مکمل، جانچ کے تعلق سے بھتیجے یوگیندر پوار کا اظہار ناراضگی ، جلد رپورٹ پیش کرنےکا مطالبہ ۔
EPAPER
Updated: July 29, 2026, 10:40 AM IST | Pune
سابق نائب وزیر اعلیٰ کی موت کو ۶؍ ماہ مکمل، جانچ کے تعلق سے بھتیجے یوگیندر پوار کا اظہار ناراضگی ، جلد رپورٹ پیش کرنےکا مطالبہ ۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ آنجہانی اجیت پوار کی ۲۸؍ جنوری کوبارامتی میں طیارہ حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ اس واقعے کو ۶؍ ماہ ہو چکے ہیں لیکن اب تک اس کی جانچ رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔اجیت پوار کے رکن اسمبلی بھتیجے روہت پوار اس معاملے میں کئی بار آوازا اٹھا چکے ہیں لیکن اب ان کے ایک اور بھتیجے یوگیندر پوار نے بھی لب کشائی کی ہے۔
انہوں نے تفتیشی ایجنسیوں پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی حقیقت جلد سے جلد عوام کے سامنے لائی جائے۔ یوگیندر پوار نے کہا، ’’اجیت دادا کو اس دنیا سے رخصت ہوئے ۶؍ ماہ گزر گئے ۔ ۶؍ ماہ کیسے گزرے ہمیں پتہ ہی نہیں چلا۔ پہلے دن سے ہی ہم سب یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس معاملے کی مکمل جانچ ہونی چاہئے۔ اس معاملے کی ابتدائی رپورٹ تو پہلے مہینے کے اندر ہی آ گئی، لیکن وہ ہماری سمجھ میں نہیں آئی۔ اس میں کئی نکات غلط ہیں۔‘‘ یوگیندر پوار کا کہنا تھا ’’آج میرے چچا کو ہم سے جدا ہوئے۶؍ماہ ہو گئے ہیں لیکن افسوس صرف اتنا ہے کہ سچ عوام کے سامنے نہیں آیا، ہم سب نے صبر کیا، ہم دوسری رپورٹ آنے کا انتظار کر رہے تھے ۔‘‘ انہوں نے کہا’’ پرسوں میں خبریں دیکھ رہا تھا، احمد آباد میں ایئر انڈیا کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، اسے بھی کافی عرصہ ہو گیا، لیکن ابھی تک انکوائری رپورٹ سامنے نہیں آئی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پیپر لیک ترمیمی بل پر لوک سبھا میں گرما گرم بحث
یوگیندر پوار نے کہا ’’اجیت دادا جیسا عظیم لیڈر ہمیں چھوڑ کر چلا گیا۔ لوگوں کے ذہنوں میں شبہ ہے۔ لوگ اس پر بات بھی کر رہے ہیں لیکن ابھی تک اس کی جانچ رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا ’’ہم سب چاہتے ہیں کہ اس ناخوشگوار واقعے کی معلومات جلد از جلد ہمارے سامنے آئے، ہمیں معلوم پڑے کہ اس دن کیا ہوا تھا۔ ممبئی ایئرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج ابھی تک ہمارے سامنے نہیں آئی، اس کی جلد سے جلد تحقیقات ہونی چاہئے۔ اگر سی آئی ڈی اور ڈی جی سی اے سبھی تحقیقات کر رہے ہیں، تو حادثے کی وجہ سامنے آنے میں اتنی دیر کیوں لگ رہی ہے؟ بارامتی کے عام لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال ہے۔‘‘ نوجوان لیڈر نے کہا ’’ ہم نے کافی صبر کیا لیکن اتنے دنوں کے بعد بھی ہمارے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ اتنے بڑے واقعے کے بعد بھی وی ایس آر کے مالک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اب ہمارے صبر کا پیمانہ چھلک رہا ہے۔ بارامتی کے عوام اب تمام جوابات چاہتے ہیں۔ تحقیقات میں جو کچھ سامنے آئے آپ اسے ہمارے سامنے پیش کریں۔‘‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ تفتیشی ایجنسیاں جلد از جلد دوسری رپورٹ پیش کریں۔ یاد رہے کہ ۲۸؍ جنوری کو بارامتی میں طیارہ حادثے میں اجیت پوار سمیت ۵؍ افراد کی موت ہو گئی تھی۔