Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرفل پٹیل کی شرد پوار سے ملاقات ، پھر چہ میگوئیاں

Updated: July 28, 2026, 11:50 PM IST | Pune

سپریہ سلے کی امیت شاہ سے ملاقات کے بعد پارتھ پوار اور پرفل پٹیل شردپوار سے ملنے پہنچے ، این سی پی (شرد) خیمہ بدلنے کی تیاری میں؟

NCP (Sharad) leaders continue to meet NDA leaders
این سی پی ( شرد) کے لیڈران کی این ڈی اے کے لیڈران سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے

 این سی پی (شرد) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کی خبروں کو دن بہ دن تقویت مل رہی ہے۔ حالانکہ پارٹی کی جانب سے ان خبروں کی تردید بھی جاری ہے۔ شرد پوار پہلے ہی دہلی میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کر چکے ہیں ، ایک روز قبل پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سلے نے دہلی ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ اب سونیترا پوار کے رکن پارلیمان بیٹے پارتھ پوار اور سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے شرد پوار سے ملاقات کی ہے جس سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں اور بڑھ گئی ہیں۔ حالانکہ ان سب کے باوجود شرد پوار نے این ڈی اے میں شامل ہونے کے امکانات کو مسترد کیا ہے۔ 
 یاد رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سےایسے واقعات پیش آئے ہیں جن سے این سی پی ( شرد) کے بی جے پی سے ہاتھ ملانے یا این ڈی اے میں شامل ہونے کے اشارے مل رہے ہیں، ان میں سب سے بڑی بات یہ ہے کہ پارٹی کی کارگزار صدر سپریہ سلے نے یہ اعلان کیا ہےکہ پارلیمنٹ میں حلقہ بندی بل کے تعلق سے وہ مودی حکومت کی حمایت کیلئے تیار ہیں۔ پچھلے ہفتے شرد پوار نےدہلی میں وزیر اعظم مودی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ اس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی لیکن شرد پوار کا کہنا تھا کہ وہ کسانوں کے مسائل پر وزیر اعظم سے بات کرنے گئے تھے ۔ ساتھ ہی انہوں نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ کی طرف سے بھی مودی سے بات کی لیکن این سی پی (شرد) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کی باتیں پھر سرخیوں میں آئیں جب پیر کی شام سپریہ سلے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملنے پہنچیں۔ ان دونوں لیڈران کے درمیان کافی دیر تک باتیں ہوتی رہیں۔ سپریہ کے بعد این سی پی (اجیت) کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمان سنیل تٹکرے بھی امیت شاہ سے ملنے پہنچے۔میڈیا نے سنیل تٹکرے سے سوال کیا تو انہوں نے خاموشی اختیار کی جس پر میڈیا کا شبہ اور بڑھ گیا۔ حالانکہ این سی پی (شرد) ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں سپریہ سلے کی بیٹی ریوتی سلے کی شادی ہوئی ہے۔ اس کا ریسیپشن ( استقبالیہ) اگست میں دہلی میں شرد پوار کے سرکاری بنگلے پر رکھا جانے والا ہے۔ سپریہ سلے اسی  تقریب کا دعوت نامہ دینے امیت شاہ کے گھر گئی تھیں۔ اس تقریب میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت انڈیا اتحاد کے کئی بڑے لیڈران مدعو ہوں گے ۔ ساتھ ہی بی جے پی کے بھی اہم لیڈران کو بلایا جائےگا۔ لیکن منگل کے روز پھر این سی پی (اجیت) کے کارگزار صدر پرفل پٹیل اور نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار ( جو پارٹی کی سربراہ ہیں) کے رکن پارلیمان بیٹے پارتھ پوار نے دہلی میں شرد پوار کی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی ۔ اسکے بعد میڈیا میں لگاتار یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ کیا این سی پی کے دونوں گروپوں کے درمیان کوئی سمجھوتہ ہو چکاہے؟ کیا دونوں پارٹیاں ایک ہونے کے درپے ہیں ؟ 
 شرد پوار کا انکار
  این سی پی کے بانی شرد پوار نے منگل کوبارامتی میں ایک پروگرام میں حصہ لیا جہاں میڈیا نے ان سے دونوں این سی پی کے انضمام یا این سی پی (شرد) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے امکانات پر سوال کیا۔ شرد پوار نے صرف ایک جملے میں جواب دیا کہ’’ دونوں این سی پی کے ایک ہونے کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔‘‘        

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK