• Sun, 19 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں نتیش کے دور کا خاتمہ یقینی، ’انڈیا‘پُرعزم

Updated: October 19, 2025, 12:08 AM IST | Patna

برسراقتدار آنے کایقین ظاہر کیا، امیت شاہ کے بیان سےاین ڈی اےکی آپسی چپقلش میں اضافہ، جے ڈی یو میں بے چینی، وزارت اعلیٰ پر ابھی سے رسہ کشی

Nitish Kumar faces the challenge of saving both the party and power from his allies.
نتیش کمار کےسامنے اپنے اتحادیوں سے پارٹی اور اقتدار دونوں بچانے کا چیلنج ہے

  بہار میں پہلے مرحلے کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی مہم نے زور پکڑنا شروع کردیاہے۔ اس بیچ جہاں  اپوزیشن اتحاد’انڈیا‘جو بہار میں’’مہا گٹھ بندھن‘‘ کہلاتا ہے، کے سیٹوں کے بٹوارے کا اعلان نہ ہونے پر اس میں  انتشار کی خبروں کو ہوا دی جارہی ہے وہیں  یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ  این ڈی اے پوری طرح متحد ہے۔ اس کے برخلاف زمینی حقیقت یہ ہے کہ اس میں اندرونی چپقلش اپنے عروج پر ہے جس میں  امیت شاہ کے اس بیان نے اضافہ کردیا ہے کہ الیکشن نتیش کمار کی قیادت میں لڑا جائے گا مگر اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا اس کا فیصلہ اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈر کریں گے۔ 
 جے ڈی یو پر بی جےپی کی پکڑ
 حالانکہ بہار میں پہلے مرحلے کی پولنگ ۶؍ نومبر کو ہونی ہے جبکہ ۱۱؍ نومبر کو دوسرے مرحلہ کی پولنگ کے بعد ۱۴؍ نومبر کو نتائج کا اعلان ہوگا تاہم این ڈی اے  میں  امیت شاہ کے   بیان کےبعد ابھی سے وزارت اعلیٰ کیلئے رسہ کشی تیز ہوگئی ہے۔  جے ڈی یو اور بی جےپی دونوں  ۱۰۱-۱۰۱؍ سیٹوں پر الیکشن  لڑ رہی ہیں۔ زعفرانی پارٹی  اس بات کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے کہ این ڈی اے اتحاد اکثریت حاصل کرے اور بی جےپی کو جے ڈی یو کے مقابلے میں زیادہ نشستیں ملیں۔اس صورت میں  ریاست میں بی جےپی کا پہلا وزیراعلیٰ بننے کی راہ ہموار  ہوجائےگی۔ امیت شاہ کے بیان کو اسی پس منظر میں دیکھا جارہاہے۔  سیاسی مبصرین  کے مطابق اِن اندیشوں  کے پیش نظر کہ وزارت اعلیٰ نہ  ملنے پر نتیش کمار الیکشن بعد پالا بدل سکتے ہیں، زعفرانی پارٹی نے جے ڈی یو پر اپنی پکڑ مضبوط کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق نتیش کمار اپنی پارٹی کے جن لیڈروں کو اپنا معتمد سمجھتے ہیں،ان میں سے بہت سوں کو زعفرانی پارٹی نے اپنے اعتماد میں لے لیا ہے تاکہ اگر نتیش  الیکشن بعد کوئی’’ حرکت ‘‘کریں تو جے ڈی یو میں بغاوت کروا کر اراکین اسمبلی کو بالکل اسی طرح  اپنے خیمے میں کیا جاسکے جس طرح  مہاراشٹر میں اُدھو کی شیوسینا کو توڑ کر شندے سینا بنائی گئی ۔ 
نتیش حامیوں میں بے چینی
  اس پس منظر میں امیت شاہ کے بیان کو نتیش کمار کیلئے نوشتہ دیوار کے طور پر دیکھا جارہاہے۔سمجھا جارہا ہے کہ مہا گٹھ بندھن کے برسراقتدار آنے پر تو نتیش کمار کا وزیراعلیٰ بننا ناممکن ہے ہی،  این ڈی اے  اگر  ایک بار پھر اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تب بھی نتیش کیلئے وزارت اعلیٰ کی کرسی پر فائز رہنا ممکن نہیں رہ گیا۔  بہار میں بی جےپی کو  اراکین اسمبلی کی تعداد کے لحاظ سے سب سے بڑی پارٹی بنانے کیلئے   وزیراعظم مودی  ۲۴؍ اکتوبر سے مشن پر جٹ جائیں گے۔  وزیراعظم مودی بہار میں ۱۰؍ عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ امیت شاہ ۲۵؍ ریلیوں کا حصہ ہوںگے۔ کم وبیش اتنی  ہی ریلیاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اوروزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کریں گے۔بہار میں وزیراعظم کی پہلی ریلی ۲۴؍  اکتوبر کو سمستی پور میں ہوگی۔ وہاں سے وہ بیگو سرائے پہنچ کر ریلی کریں گے ۔ اس کے بعد ۲۹؍اکتوبر کو وہ پھر بہار میں ہوں گے تاہم اس دن کن مقامات پر ریلیوں سے خطاب کریں گے اس کا اعلان نہیں کیاگیاہے۔ 
منتشر نظر آرہا’ انڈیا‘ اتحاد پُرعزم
  دوسری طرف مہا گٹھ بندھن بھلے ہی منتشر نظر آرہا ہے مگر ریاست میں حکومت مخالف رجحان کو دیکھتے ہوئے اس کے لیڈر پُرعزم ہیں۔  سیٹوں کی تقسیم  پرتعطل  کے درمیان کانگریس نے ریاست میں سیکولر اتحاد کی حکومت بننے کے یقین کا اظہار کیا ہے۔پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ  بہار کے لوگ  اِس الیکشن میں  وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بی جےپی کو وداعی دیں  گے۔ کانگریس کے سینئر لیڈرجے رام رمیش نے کہا ہے کہ’’ بہار نتیش کمار اور بی جے پی کووداعی دینے جارہاہے۔ آپ دیکھیں گے کہ مہاگٹھ بندھن واضح اکثریت حاصل کرےگا۔‘‘ انہوں نےبتایا کہ ’’ نچلی سطح کے لوگ تنگ آچکے ہیں۔بہار کے لوگ جانتے ہیں کہ نتیش کمار کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے سے  بد تر  ہےکیوں کہ نتیش کمار ریموٹ کنٹرو ل وزیر اعلیٰ  ہیں۔‘‘   
تیجسوی یادو وزیراعلیٰ ہوںگے: آر جے ڈی 
  اس بیچ آر جے ڈی کی ترجمان پرینکا بھارتی نے  بھی یقین ظاہر کیا ہے کہ بہار کے عوام تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ منتخب کریں گے۔  انہوں نے امید ظاہر کی کہ تیجسوی صرف وزیراعلیٰ نہیں بنیں گے بلکہ بہار میں  تبدیلی کا محور ہوںگے۔  اُدھرامیت شاہ کے اس بیان کے برخلاف کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب الیکشن بعد منتخب اراکین کریں  گے، جے ڈی یو  کے ترجمان نے کہا ہے کہ جب الیکشن نتیش کمار کی قیادت میں لڑا جارہاہے تو وزیراعلیٰ بھی وہی ہوںگے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK