• Sun, 19 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیوالی کے بعد بہار میں ریلیوں کا دور شروع ہوگا

Updated: October 19, 2025, 12:24 AM IST | Patna

۲۱؍ اکتوبرکو وزیر اعلیٰ نتیش کمارمیناپور میںریلی کریں گے،اسے بہار الیکشن کیلئے جے ڈی یوکی انتخابی مہم کے باقاعدہ آغاز کے طورپر دیکھا جا رہا ہے،بعد ازاں ۲۳؍ اکتوبر سےوزیر اعظم مودی کی ریلیوںکی شروعات کریں گے، مودی کا ریاست میں۱۲؍ جلسوںسے خطاب کا شیڈول ہے

Prime Minister Modi and Chief Minister Nitish Kumar will now be regularly active in Bihar. (File photo)
وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار اب بہار میں باقاعدہ سرگرم ہوں گے ۔(فائل فوٹو)

دیوالی کے ایک دن بعد۲۱؍اکتوبر سے وزیر اعلیٰ بہار اسمبلی انتخابات کیلئے مہم چلائیں گے۔ ان کی پہلی ریلی مینا پور اسمبلی حلقہ میں ہوگی۔ مینا پور ہائی اسکول کے کھیل کے میدان کو ریلی کے مقام کے طور پر منتخب گیا ہے ۔ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ ختم ہونے کے ساتھ ہی تمام پارٹیوں نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔بی جے پی، راشٹریہ جنتا دل اور جنتا دل یونائیٹڈ سمیت بڑی جماعتوں نے اپنی اسٹار مہم کی فہرستیں جاری کر دی ہیں۔ انتخابی میدان میں پارٹی کیلئے مضبوط مہم چلانے کے لیے بی جے پی کے لیڈران بھی سرگرم ہیں۔ اب اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار۲۱؍اکتوبر کو بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی مہم کا آغاز مظفر پور ضلع سے کریں گے، جہاں وہ ایک ہی دن میں دو بڑی انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
مینا پور میں پہلی عوامی ریلی
 پارٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی پہلی ریلی دیوالی کے اگلے دن مینا پور اسمبلی حلقہ میں ہوگی۔ریلی دوپہر۱۲؍ بجے شروع ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار عوام سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ کی دوسری ریلی کانٹی اسمبلی حلقہ میں ہوگی۔ یہ ریلی دوپہر۲؍ بجے شروع ہونے کی توقع ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کی۲۱؍اکتوبر کو ہونے والی دونوں ریلیوں کو آئندہ انتخابات کیلئے جے ڈی یو کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز سمجھا جا رہا ہے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ریاست کے دیگر اضلاع میں اپنی مہم جاری رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی یہ ریلی نہ صرف جے ڈی یو کی مہم کا آغاز ہو گی بلکہ ریاست بھر میں انتخابی ماحول میں بھی جوش بھر دے گی۔ مینا پور اور کانٹی دونوں اسمبلی حلقے سیاسی طور پر بہت اہم سمجھے جاتے ہیں اور نتیش کمار کی تقریر کا سیدھا اثر آس پاس کے اضلاع پر پڑے گا۔
وزیر اعظم مودی کی ریلیوں کا آغاز ۲۳؍ اکتوبر سے
 بہار میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور اس تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی ریاست بھر میں۱۲؍جلسوں سے خطاب کریں گے۔ یہ ریلیاں مختلف مراحل میں منعقد کی جائیں گی۔ ان ریلیوں کے ذریعے وزیر اعظم مودی بی جے پی اور این ڈی اے کے امیدواروں کے لیے سازگار ماحول بنائیں گے۔
وہ کس دن کہاں کہاں ریلیاں کریں گے؟
 ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی اپنی پہلی تین ریلیاں۲۳؍ اکتوبر کو کریں گے۔ اس دن وہ سہسرام، بھاگلپور اور گیا میں جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ ان ریلیوں میں وزیر اعظم مرکزی حکومت کی کامیابیوں، بہار میں ترقیاتی منصوبوں اور ریاست کیلئے مرکزی حکومت کے کاموں کو عوام کے سامنے پیش کریں گے ۔ اس کے بعد۲۸؍ اکتوبر کو مزید تین ریلیاں ہونے والی ہیں۔ وہ پٹنہ، مظفر پور اور دربھنگہ میں عوام سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ مودی روزگار، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق اسکیموں پر بات کریں گے۔
 اگلے مرحلے میں یکم نومبر کو وزیر اعظم مشرقی چمپارن، سمستی پور اور چھپرا میں ریلیاں کریں گے۔ ان علاقوں میں این ڈی اے کے امیدواروں کی حمایت میں بڑے ہجوم کے جمع ہونے کی توقع ہے۔ آخری مرحلے میں۳؍ نومبر کو وزیر اعظم مودی مغربی چمپارن، سہرسہ اور ارریہ میں انتخابی ریلیاں کریں گے۔بی جے پی تنظیم نے ان ریلیوں کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بہار بی جے پی لیڈروں کا دعویٰ ہے کہ بہار کے لوگ وزیر اعظم مودی پر سب سے زیادہ بھروسہ کرتے ہیں۔ مرکزی حکومت کی اسکیموں کا سب سے زیادہ فائدہ غریبوں کو ملتا ہے۔ اس وقت وزیر اعظم مودی کی ریلیاں بہار میں این ڈی اے کے امیدواروں کے لیے سازگار ماحول بنائیں گی۔
جیویکا دیدیاںرائے دہندگان کو بیدار کررہی ہیں
  بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ایک اہم قدم کے طور پر مدھوبنی ضلع کے مختلف اسمبلی حلقوں میںجیویکا دیدیاں ووٹروں کو ووٹنگ کیلئے ترغیب دے رہی ہیں۔واضح رہےکہ بہار کے دیہی علاقوں میںمعیار زندگی بہتر بنانے کیلئےجوریاستی حکومت کا منصوبہ ہے اسے مقامی زبان میں’جیویکا دیدی ‘کا نام دیاگیا ہے۔مہم کے تحت سنیچر کو مدھوبنی ضلع کے بسفی بلاک کے ان علاقوں میں جہاں گزشتہ انتخابات میں ووٹنگ کا فیصدکم تھا، جیویکادیدیوں نے ووٹر بیداری مہم چلائی۔  انہوں نے ’پہلے مت دان، پھرجل پان اورلوک تنتر کی پہچان، مت دان میں بھاگیداری مہان ‘کا نعرہ دیا ہے۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK