جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری اوربجندر پرساد یادو نائب وزیراعلیٰ، زعفرانی پارٹی کا ۲۹؍ وزارتوں پر قبضہ، جنتادل متحدہ کو صرف ۱۸؍ محکمے ملے، زوال کا آغاز
EPAPER
Updated: April 16, 2026, 12:09 AM IST | Javed Akhtar | Patna
جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری اوربجندر پرساد یادو نائب وزیراعلیٰ، زعفرانی پارٹی کا ۲۹؍ وزارتوں پر قبضہ، جنتادل متحدہ کو صرف ۱۸؍ محکمے ملے، زوال کا آغاز
جنتادل متحدہ کے کندھے پر بیٹھ کر بہا رمیں اپنی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے بی جے پی بالآخر منگل کو وزارت اعلیٰ پر قابض ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ نتیش کمار کے استعفیٰ کے ایک دن بعد بدھ کو سمراٹ چودھری نے بہار میں بی جےپی کے پہلے وزیراعلیٰ کے طورپر حلف لیا۔ان کے ساتھ جنتا دل یونائیٹڈ کے وجے کمار چودھری اور بجندر پرساد یادو کو نائب وزراء اعلیٰ کے طور پر حلف دلایا گیا۔ سمراٹ چودھری بہار کے ۲۴؍ ویں وزیراعلیٰ ہیں۔ وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت تمام اہم لیڈروں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ ان کے وزیر اعلیٰ بننے کے ساتھ ہی بہار میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے ۔ کچھ سیاسی مبصرین اسے جے ڈی یو کے زوال کا بھی آغاز قرار دے رہے ہیں ۔
سمراٹ چودھری نے حلف لینےکےبعد میڈیا سے کہا کہ میں آج سے ہی بہارکیلئے کام کرنا شروع کردوںگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست میں صرف مودی - نتیش ماڈل ہی چلے گا۔وزیر اعلیٰ کاعہدہ سنبھالتے ہی انہوںنے سیکریٹریٹ میں اعلیٰ افسران کےساتھ میٹنگ کی اور نئی حکومت کے تعلق سے ضروری ہدایات دیں۔ نائب وزیر اعلیٰ بننے کے بعد وجے کمار چودھری نے کہا کہ نتیش کمار کے بھروسے کی وجہ سے انہیں یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ نتیش کمار جیسا لیڈر کوئی اور نہیں ہو سکتا۔ ہم لوگوں نے نتیش کمار کے ساتھ رہ کر بہت کچھ سیکھاہے بجندر پرساد یادو نے بھی نتیش کمار کے کاموں کو آگےبڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی رہنمائی جاری رہےگی ۔ ریاست میں حکومت کی کمان بی جےپی کے ہاتھ میں آنے کے بعد زعفرانی خیمے میں خوشی کی لہر ہے اور بی جےپی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔