Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار: مسلم ڈرائیور کا گلا کاٹ کر قتل، ہجوم نے قاتل کوبھی پیٹ پیٹ کر مارڈالا

Updated: April 10, 2026, 11:22 AM IST | Mumbai

بہار کے ارریہ ضلع کے فاربس گنج قصبہ میں زرعی پیداواربازار سمیتی کے گیٹ نمبردو پر جمعرات کی صبح تقریباً ۱۵:۹؍ بجے دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیاجہاںایک پک اپ ڈرائیور کا دن دہاڑے گلاریت کر قتل کر دیا گیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بہار کے ارریہ ضلع کے فاربس گنج قصبہ میں زرعی پیداواربازار سمیتی کے گیٹ نمبردو پر جمعرات کی صبح تقریباً ۱۵:۹؍ بجے دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیاجہاںایک پک اپ ڈرائیور کا دن دہاڑے گلاریت کر قتل کر دیا گیا۔قاتل نے چاقو سے وار کرکے اس کا سر بھی جسم سے الگ کردیا۔ مقتول کی شناخت ارریہ ضلع کے جوگبنی تھانہ حلقہ کے امونا وارڈ نمبر ۲۱؍ کے باشندہ نعیم الدین کے بیٹے ۴۵؍سالہ نبی حسین کے طور پر ہوئی ہے۔واردات کو انجام دینے کے بعد ملزم نوجوان روی چوہان تقریباً۱۰؍ منٹ تک جائے وقوعہ پر کھڑا رہا۔مقتول نبی حسین کے کٹے ہوئے سر کودوسری جگہ پر رکھنے کے بعدآس پاس موجود افراد کو چاقو دکھا کر ڈراتابھی رہا۔جب بھیڑبڑھی تو وہ بھاگ کر قریب کی ایک جھاڑی میں چھپ گیا۔ مشتعل بھیڑ اسے جھاڑی سے نکال کر جائے وقوعہ پرلے گئی اور پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ شہر میں دہرے قتل سے سنسنی پھیل گئی۔ پورےشہر میں دکانیں اور کاروبار بندہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے: مساجوگ سرپنچ الیکشن میں ایک اور امیدوار میدان میں اترا

پولیس قتل کے ملزم نوجوان کو علاج کے مقصد سے سب ڈویژنل اسپتال لے کر گئی جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بھیڑ نے اسپتال میں بھی گھس کر توڑ پھوڑ کی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ارریہ بھیج دیا گیا۔اطلاع کے مطابق نبی حسین پک اپ پر سبزی لے جاتا تھا،وہیں گیٹ نمبردو پرفاربس گنج تھانہ حلقہ کی مٹیاری پنچایت کے چوہان ٹولہ وارڈ نمبر چار کے باشندہ بھیم چوہان کا بیٹا روی چوہان (۳۵) ٹھیلہ لگاکر ستو اور انناس فروخت کرتاتھا۔ جمعرات کی صبح قاتل اورمقتول کے درمیان معمولی بات پر کہاسنی ہوگئی ۔اس دوران روی چوہان نے پھل کاٹنے والی چھری سے نبی حسین کے پیٹ میں وار کر دیا، جب نبی حسین زخمی ہو کر گرگیا تو اسی چاقو سے قاتل نے سرعام اس کا سر جسم سے الگ کر دیا۔ اس کے بعد مشتعل ہجوم نے روی چوہان کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا ۔ پولیس تقریباً ایک گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی جبکہ تھانہ سے جائے وقوعہ کی دوری محض ۵۰۰؍ میٹر بتائی جارہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر ایڈیشنل تھانہ انچارج ستیندر گپتا پولیس افسران اور اہلکاروں کے ساتھ پہنچے۔ ادھر ضلع کی پولیس ٹیم ایس پی جتیندر کمار کے ساتھ جائے وقوعہ پر نگرانی کرتی رہی ۔ ہجوم نے ہند نیپال مین روڈ سبھاش چوک پر ٹائر جلاکر پانچ گھنٹے تک ٹریفک جام رکھا ۔ سڑک کی دونوں طرف ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ ایس پی جتیندر کمار کی بڑی محنت کے بعد مشتعل ہجوم نے مقتول پک اپ ڈرائیور کی لاش کو اٹھانے کی اجازت دی۔ اس سے قبل لاش لینے کے لئے پہنچی ایمبولینس کو بھی ہجوم نے بھگا دیا۔اس کے بعد لاش کو پولیس جیپ میں اٹھا کر پوسٹ مارٹم کیلئے لے جایا گیا۔

ایس پی جتیندر کمارنے کہا کہ صورتحال پوری طرح قابو میں ہے۔ پولیس تعینات ہے اور کڑی نظر رکھے ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK