این سی پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ سونیترا پوار کا انتخاب قواعد کے مطابق ہے۔
EPAPER
Updated: July 15, 2026, 10:25 AM IST | Mumbai
این سی پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ سونیترا پوار کا انتخاب قواعد کے مطابق ہے۔
این سی پی(اجیت)کی قومی صدر سونیترا پوار کے پارٹی کے صدرکے طورپر انتخاب پر اعتراض کرتے ہوئے نوٹس جاری کئے جانے کے بعد ریاست کی سیاست میںایک بار پھر ماحول گرم ہے ۔ ایک جانب قیاس آرائیاں جاری ہیںکہ شرد پوار برسراقتدار این سی پی کے ساتھ جاسکتے ہیں تو دوسری طرف خود بر سراقتدار این سی پی (اجیت) میںاختلافات سامنے آ رہے ہیں ۔پارٹی کے قومی سیکریٹری سچیدانند سنگھ نے نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار کے بطور پارٹی صدر انتخاب پر اعتراض کرتے ہوئے ایک نوٹس جاری کیا ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈراس پر ردعمل ظاہر کررہے ہیں۔ این سی پی کے ریاستی صدراور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس میں کوئی ٹھوس بات اور سچائی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کو راحت: سپریم کورٹ نے ’’منت‘‘ کی توسیع کے خلاف درخواست مسترد کردی
سنیل تٹکرے کے بقول نوٹس میں کوئی صداقت نہیں، قومی صدر کے انتخاب کیلئے جو میٹنگ ہوئی تھی ، وہ قواعد کے مطابق تھی ۔انہوں نے کہاکہ نوٹس کےسلسلے میںہم اب قانونی مشورے لیں گے، معلومات حاصل کریں گے اورضروری ہوتو تادیبی کارروائی کریں گے ۔ این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے پارٹی جنرل سیکریٹری سچیدانند کی طرف سے بھیجے گئے نوٹس پر ان الفاظ میں وضاحت پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ’’میں نے متعلقہ شخص(نوٹس دینے والے ) کے ساتھ بات چیت نہیں کی ہے، مجھے نہیں معلوم کہ دہلی میں کیا ہوا لیکن نوٹس کی قانونی حیثیت کی جانچ کرنی پڑے گی۔مجھے ذاتی طورپر نہیںلگتاکہ اس نوٹس میںکوئی صداقت ہے۔‘‘ انہوں نے مزیدکہا کہ قومی صدر کا انتخاب ایک ساتھ بیٹھ کر کیا گیا ہے، این سی پی پارٹی سونیترا پوار کی قیادت میں متحد ہو کر کام کر رہی ہے۔تٹکرے کے بقول’’ ہم جمہوری طریقے سے کام کر رہے ہیں، کسی کے لیے کسی پر سوال اٹھانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘‘ سنیل تٹکرے نے اس موقع پر اجیت پوار آنے واےجنم دن سے متعلق کہا کہ اس دن مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس باراجیت دادا اپنی سالگرہ پر موجود نہیںہوں گے ، یہ قبو ل کرنا آسان نہیں ہے۔واضح رہے کہ سچیدا نند نے اپنے نوٹس میںسونیترا پوار کے بطورپارٹی صدر انتخاب کو غیر قانونی ٹھہرایا ہے اور دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کیا ہےاور اس کیلئے پارٹی کو ۱۵؍ دن کاوقت دیا ہے۔