الیکشن کمیشن نے ’ایس آئی آر‘ کے تحت نوٹس جاری کیا، ۱۶؍ جنوری کو سماعت کیلئے پیش ہونے کی ہدایت، شدید تنقیدیں۔
ڈاکٹر امرتیہ سین۔ تصویر: آئی این این
نوبیل انعام یافتہ ہندوستانی ماہر معاشیات ڈاکٹر امرتیہ سین کو بھی الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کے سامنے حاضر ہوکر دستاویزوں کے ذریعہ یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ہندوستانی شہری ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بدھ کو ایس آئی آر کے تحت انہیں نوٹس جاری کیا ہے۔ امرتیہ جو غیر مقیم ہندوستانی (این آر آئی) ہیں، کو۱۶؍ جنوری کو اپنی رہائش گاہ پر سماعت کیلئے موجود رہنے کو کہا گیا ہے۔
بدھ کو ایک بی ایل او نے امرتیہ سین کے رشتہ داروں کو ضلع بیر بھوم کے بول پور کے شانتی نکیتن میں واقع ان کی ’پرتیچی‘ رہائش گاہ پر نوٹس سونپا۔ بی ایل او سومبرتا مکھرجی۱۶؍ جنوری کو دوپہر۱۲؍ بجے کے قریب امرتیہ کے گھر جائیں گے تاکہ ان کے انتخابی فارم میں موجود ’کمیوں‘ کو چیک کرسکیں۔ امرتیہ کے رشتہ دار شانتاونو سین نے اپنے وکیل سے مشورہ کرنے کے بعد نوٹس قبول کیا۔ ای سی آئی نے کہا کہ نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات کے لئے ووٹر لسٹ کے ایس آئی آر مشق کے تحت تیار کردہ سماعت کا نوٹس بدھ کو ان کی بول پور رہائش گاہ پر بھیجا گیا ہے۔امرتیہ سین کو سماعت کا نوٹس اس لئے جاری کیا گیا ہے کہ مردم شماری کے فارم کے مطابق ان کی عمر اور ان کی والدہ کی عمر کے درمیان صرف فرق۱۵؍ سال کاہے۔اہلکار نے کہا’’کچھ کوتاہیاں ضرور ہوئی ہوں گی۔ الیکشن کمیشن انہیں بلا وجہ نوٹس نہیں بھیجے گا۔ انہیں تعاون کرنا چاہیے۔‘‘دوسری طرف اس نوٹس کی وجہ سے الیکشن کمیشن پر شدید تنقیدیں ہورہی ہیں۔