Inquilab Logo

موسلادھاربارش سے ممبئی اور اطراف میں عام زندگی متاثر۔ شہریوں کو دشواریاں

Updated: July 28, 2023, 11:00 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۲۳ء۲؍ملی میٹر بارش ہوئی ۔ گزشتہ ۱۰؍ برس میں جولائی مہینے کی دوسری سب سے زیادہ بارش۔ کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب۔ آج صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک ممبئی میں ریڈ الرٹ

Municipal employees are trying to drain the rain water. (Photo: PTI)
میونسپل ملازمین بارش کے پانی کی نکاسی کی کوشش کررہے ہیں۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 محکمہ موسمیات نے جمعہ کی صبح ۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ تک کیلئے ممبئی میں ’ریڈ الرٹ‘ جاری رکھا ہے اور اس دوران بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے بی ایم سی نے عوام کو بلا ضرورت سفر کرنے سے گریز کرنے کی صلاح دی ہے۔ اگرچہ بدھ کو ریڈ الرٹ اور تعلیمی اداروں میں چھٹی کے اعلان کے بعد کئی گھنٹوں تک ممبئی میں صرف بوندا باندی ہوئی اس کے باوجود گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ممبئی میں ۲۲۳ء۲؍ ملی میٹر اور سانتا کروز میں ۱۴۵ء۱؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ ۱۰؍ برسوں کے دوران ۲۴؍ گھنٹوں میں ہونے والی دوسری سب سے زیادہ بارش ہے۔
جھیلوں کی سطح آب
 اس دوران ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں پانی کی سطح ۶۱ء۵۸؍ فیصد پہنچ گئی ہے اور جمعرات کی صبح ۶؍ بجے تک موڈک ساگر جھیل میں ۹۱ء۴۹؍ فیصد پانی جمع ہوچکا تھا اور امید ہے کہ تلسی، وہار اور تانسا جھیل کے بعد اب موڈک ساگر بھی جلد ہی ۱۰۰؍ فیصد بھر جائے گی۔
مختلف علاقوں میں سڑکیں زیر آب
 جمعرات کو کبھی کم اور کبھی زیادہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے شہر و مضافات کے متعدد نچلے علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا جن میں جنوبی ممبئی کا چرچ گیٹ اور مرین لائنس بھی شامل ہے۔ جمعرات کو آزاد میدان، قلابہ، چرچ گیٹ، مرین لائنس، بائیکلہ، کالبادیوی، کنگس سرکل، مانٹگا، ٹرامبے، ڈی این نگر، اوشیوارہ، کاندیولی، اور دہیسر جیسے متعدد علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی رفتار سست رہی۔ ایس وی روڈ پر واقع اندھیری مارکیٹ میں شام کے وقت سڑکوں پر کافی پانی جمع ہوگیا تھا۔
ؕٹرین اور بس خدمات متاثر
 ریلوے انتظامیہ کے مطابق جمعرات کو موسلا دھار بارش سے کلیان میں پٹریوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے (کلیان سیکشن) سی ایس ایم ٹی۔کلیان/ کرجت/ کھپولی/ کسارا لائن پر ٹرینیں ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ کی تاخیر سے چل رہی تھیں۔ اس کے علاوہ کیتکی پاڑہ بریج کےقریب، بوریولی (مغرب) میں لنک روڈ اور سائی ناتھ سب وے پر سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ۵؍ بیسٹ بسوں کے راستے تبدیل کرنے پڑے۔
ریکارڈ بارش
 محکمہ موسمیات کے ذریعہ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق بدھ سے جمعرات کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں۲۲۳ء۲؍ ملی میٹر اور سانتاکروز ۱۴۵ء۱؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے پاس دستیاب گزشتہ ۱۰؍ برسوں کے بارش کے ریکارڈ کے مطابق جولائی مہینے میں اس سے قبل سب سے زیادہ بارش ۳؍ جولائی ۲۰۱۴ء کو ریکارڈ کی گئی تھی جو ۲۲۸ء۴؍ملی میٹر تھی۔ اس کے بعد اس سال بدھ سے جمعرات تک ہونے والی بارش ہے۔ اس کے علاوہ ۱۳؍ جولائی ۲۰۱۳ء کو ۲۱۸ء۶؍ ملی میٹر اور ۸؍ جولائی ۲۰۱۱ء کو ۲۱۰ء۹؍ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔البتہ جمعرات کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے درمیان بھی شہر و مضافات میں کافی بارش ہوئی۔ اس وقفہ میں قلابہ میں ۸۵ء۸؍ ملی میٹر، سانتاکروز میں ۷۵ء۸؍ ایم ایم، باندرہ ۶۸ء۵؍ ایم ایم، بائیکلہ ۸۴؍ ایم ایم اور سی ایس ایم ٹی ۸۳ء۵؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ مجموعی طور پر مشرقی مضافات میں جمعرات کو صبح ۸؍ بجے سے شام ۶؍ بجے کے درمیان ۹۵ء۰۱؍ایم ایم اور مغربی مضافات میں ۶۲ء۷۲؍ایم ایم بارش ہوئی۔؎
ڈونگری میں عمارت کا حصہ گرا۔ملنڈ میں گھر گرنے سے خاتون زخمی
  جمعرات کو ڈونگری میں واقع کریم مستری بلڈنگ کا کچھ حصہ دوپہر کے وقت اچانک منہدم ہوگیا۔ اس کے علاوہ ملنڈ (مغرب) کے تامبے نگر میں ایک مکان کی چھت کا کچھ حصہ اچانک ڈہہ گیا جس کی وجہ سے اس میں رہائش پذیر ۳۵؍ سالہ سویتاگمبھیرے زخمی ہوگئی تھیں۔ سویتا کو قریب ہی واقع اگروال اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی حالت ٹھیک ہے اور اسے ابتدائی علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دےد ی گئی۔بی ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق جمعرات کو صبح ۸؍ بجے سے شام ۶؍ بجے کے درمیان ممبئی و مضافات میں شاخیں اور درخت گرنے کے کُل ۱۵؍ واقعات ہوئے۔ گھر اور عمارت کے حصے گرنے کی ۷؍ حادثات ہوئے جبکہ شارٹ سرکٹ کی ۱۳؍ شکایتیں موصول ہوئیں۔
 ضلع تھانے کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے سربراہ یٰسین دلوی کے مطابق ایک شخص، جس کی شناخت صرف ڈوسا کے طور پر ہوئی ہے، صبح تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے کلوا کھاڑی پرمچھلی پکڑنے گیا تھا جہاں وہ ایک نالے میں پھسل کر گرا اور پانی میں بہہ گیا۔تادم تحریر اس کا کچھ پتہ نہیں چلا تھا۔
تھانے کے اسکولوں میں آج بھی  تعطیل
  جمعہ (آج)کو بھی تھانے میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے   اسی لئے   تھانے ضلع ایجوکیشن آفیسر نے  پہلی تا ۱۲؍ ویں جماعت کے   اسکولوں میں  جمعہ (۲۸؍ جولائی )کو چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK