ہماچل میں درجہ حرارت منفی میں پہنچا ، اتراکھنڈ میں بر ف باری، یوپی میں گھنا کہرا ، بہار،ہریانہ و پنجاب بھی بے حال۔
راجکوٹ میں جھگی میں رہنے والے افراد شدید ٹھنڈ سے بچنے کیلئے الاؤ کا سہارا لے رہے ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی
شمالی ہندکڑاکے کی ٹھنڈ کا سامنا کررہا ہے۔ ہماچل پردیش میں درجہ حرارت منفی۲ء۶؍ڈگری ہوگیا ہے۔ اتراکھنڈ میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ یوپی میں گھنے کہرے کے سبب حد نگاہ ۵۰؍میٹر سے کم ہوگئی ہے۔ بہار کے ۱۵؍ اضلاع میں درجہ حرارت۱۵؍ڈگری پر پہنچ گیا ہے۔ ہریانہ اور پنجاب میں بھی کڑاکے کی ٹھنڈ پڑنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ ہوئی ہے۔
یوپی میں دھند کے باعث۷۰؍ گاڑیاں ٹکرا گئیں
اتوار کویوپی کے۵۰؍ اضلاع میں گھنا کہرا چھایا رہا۔ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث مختلف شہروں میں۷۰؍ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ مجموعی طور پر۲۲؍ حادثات میں۱۲؍ افراد کی موت ہوئی جبکہ۷۵؍ لوگ زخمی ہوئے۔ صرف امروہہ میں ہی۱۵؍ گاڑیاں ٹکرا گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہماچل پردیش میں تابو کا درجۂ حرارت ریاست میں سب سے کم منفی۲ء۶؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اتراکھنڈ کے چمولی اور پِتھورا گڑھ کے اونچے علاقوں میں سنیچر اور اتوار کو برف باری ہوئی۔
بہار میں سردہواؤں نے درجہ حرارت میں کافی کمی کردی ہے۔ ۱۸؍ اضلاع میں دھند کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان میں سے۱۵؍ اضلاع میں کم از کم درجۂ حرارت ۱۰؍ ڈگری سیلسیس سے نیچے رہا۔ بھاگلپور کے سبور میں سب سے کم درجۂ حرارت۵ء۴؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی میں اتوار کی صبح گھنا کہرا چھایا رہا اور کم از کم درجۂ حرارت۵ء۳؍ ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے۲ء۳؍ ڈگری کم ہے۔
پنجاب: دھند کے باعث بس اور ٹرک کی ٹکر،۳۵؍زخمی
پنجاب میں اتوار کی صبح گھنی دھند رہی۔ اس وجہ سے بھٹنڈا کے موڑ منڈی میں پی آر ٹی سی بس گیس سلنڈروں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس میں بس میں سوار تقریباً۳۵؍ افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر جالندھر میں دھند کے باعث ایک کار نالے میں جا گری۔ یہ حادثہ بابو جگ جیون رام روڈ پر پیش آیا، جہاں دھند کی وجہ سے گڑھا نظر نہیں آیا۔ کار میں۵؍افراد سوار تھے۔
ہریانہ۷؍ اضلاع میں گھنے کہرے کا الرٹ
ہریانہ میں محکمۂ موسمیات نے ۷؍اضلاع میں گھنے کہرے کی وارننگ جاری کی ہے۔ خاص طور پر شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں صبح کے وقت حدِ نگاہ کم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مغربی ڈسٹربینس کے اثر اور ہوا کے رخ میں تبدیلی کے باعث سردی کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے۔
راجستھان میں بارش کا الرٹ
راجستھان میں برفیلی ہواؤں کا سلسلہ کمزور پڑ ا ہے، جس سے درجۂ حرارت میں اضافہ ہوا اور صبح و شام کی شدید سردی سے کچھ راحت ملی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق۲۲؍ جنوری سے ایک نیا طاقتور موسمی نظام راجستھان میں فعال ہوگا، جس کے اثر سے ریاست کے نصف سے زیادہ حصوں میں ماوٹھ (بارش) کا امکان ہے۔