Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’وی وی پیٹ استعمال نہ کرنے کا مطلب ،الیکشن کمیشن کی نیت خراب ہے‘‘

Updated: August 08, 2025, 11:44 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

الیکشن کمیشن کے اعلان سے مقامی سطح پر بھی ناراضگی ہے، مالیگائوں کے بیشتر لیڈران نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا

Now VV Pet will not be visible on the day of voting (File).
اب ووٹنگ کے دن وی وی پیٹ دکھائی نہیں دے گا( فائل )

 حال ہی  میں الیکشن کمیشن  نے اعلان کیا ہے کہ مہاراشٹر کے آئندہ بلدیاتی الیکشن میں وی وی پیٹ استعمال نہیں کئے  جائیں گے۔ اس کی وجہ سے ریاستی سطح پر سیاسی پارٹیاں ناراض ہیں ہی مقامی سطح پر بھی اس  تعلق سے عدم اطمینا ن کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
  مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں بلدیاتی سیاست کے تجربہ کار سیاسی لیڈران سے نمائندہ انقلاب نے گفت وشنید کی ۔ حاصلِ کلام یہی رہا کہ اربابِ اقتدار اپنی مرضی کے مطابق انتخابی عمل کی تکمیل چاہتے ہیں تاکہ نتائج بھی اُن کے حق میں آئیں ۔                اس ضمن میں سماج وادی پارٹی کے مقامی لیڈر محمد مستقیم نے کوئی بیان نہیں دیا جبکہ اسی پارٹی کے لیگل سیل کے ایڈوکیٹ توصیف شیخ نے کہا کہ وہ اسٹڈی کرنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے ۔ کانگریس ، انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر  اور جنتادل سیکولر  نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ 
  مالیگائوں کانگریس کے  صدر و میونسپل کارپوریشن اسٹینڈنگ کمیٹی کے سابق چیئرمن اعجاز عزیز بیگ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں وی وی پیٹ کے عدم استعمال کا جواز پیش کرنے کا مطلب ہے کہ  بر سر اقتدار اور محکمہ انتخابات مل جُل کر چوری کی راہ پر ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ  الیکشن کمیشن آف انڈیا سوالات اور شکوک کے دائروں میں ہے ۔ مہاراشٹر میں لوکل سیلف باڈی الیکشن کے دوران  وی وی پیٹ استعمال نہ کرنے کی بات سوالات اور شکوک کو پختگی دے رہی ہے۔ 
  سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کی پارٹی انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر  کے سینئر لیڈر اور لوکل سیلف باڈی میں گزشتہ تین دہائیوں سے سرگرم اسلم انصاری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے الیکشن نہ ہوں ۔ یہ ہمارا پہلا مطالبہ تھا ۔ وی وی پیٹ رہے نہ رہے اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ ہم کل جو کہتے تھے آج بھی وہی دہراتے ہیں کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن میں استعمال نہ کی جائیں۔ بیلٹ پیپر کے ذریعے رائے دہندہ کو حق رائے دہی استعمال کرنے کا اختیار دیا جائے۔
 جنتادل سیکولر ( مالیگاؤں) کے صدر عبدالخالق گوڑا نے کہا کہ الیکشن کمیشن برسر اقتدار کا غلام ہے۔ وی وی پیٹ استعمال نہ کرنے کی بات کہنا نیت کی خرابی کی علامت ہے ۔ شفاف الیکشن نہ ہوں اور مخصوص ہاتھوں میں اقتدار کی باگ ڈور رہے ، یہی مقصد دِکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے مقامی خود مختار اداروں میں انتخابات نہیں ہوسکے ہیں ۔ اَب الیکشن کی گونج سنائی دے رہی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK