Inquilab Logo

کوچ بہار کی طرح مزید تشدد کی دھمکی دینے پر دلیپ گھوش کو نوٹس

Updated: April 14, 2021, 8:53 AM IST | Kolkata

آج  صبح ۱۰؍ بجے تک جواب دینے کا حکم،’منی پاکستان‘ کے ریمارک پر سویندھو ادھیکاری کی  سرزنش پر ہی اکتفا کیا گیا

Dilip Ghosh Photo PTI
دلیپ گھوش تصور پی ٹی آئی

مغربی بنگال کے کوچ بہار میں سی آئی ایس ایف کی فائرنگ میں  ۴؍ افراد کی موت جیسے مزید واقعات کی دھمکی دینے پر الیکشن کمیشن  نے بی جےپی کی بنگال اکائی کے صدر دلیپ گھوش کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ کمیشن نے گھوش کے بیان کو اشتعال انگیز تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے ریاست میں نظم ونسق کی صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ 
 گھوش کو اس سلسلے میں بدھ کی صبح ۱۰؍ بجے تک جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نوٹس میں کہاگیاہے کہ بورڈ اس رائے کا حامل ہے کہ دلیپ گھوش نے الیکشن کے مثالی  ضابطہ اخلاق کی مختلف دفعات،عوامی نمائندگی ایکٹ ۱۹۵۱ء کی  دفعات اور تعزیرات ہند کی کئی دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔ کمیشن کے مطابق گھوش نے  ایسا بیان دیاہے ’’جو اشتعال انگیز ہے اور  لوگوں کے جذبات کو بھڑکا سکتاہے۔‘‘نوٹس میں کہا گیاہے کہ یہ بیان ایسا ہے جو’’لا ء اینڈ آرڈر کے بریک ڈاؤن کا سبب بن سکتاہے  اور انتخابی عمل پر منفی اثر ڈال سکتاہے۔‘‘الیکشن کمیشن  نے یہ کارروائی ٹی ایم سی کی شکایت پر کی ہے۔ کوچ بہار میں سی آئی ایس ایف کی فائرنگ میں ۴؍ نوجوانوں کی موت پر دلیپ گھوش نے ایک انتخابی ریلی میں کہاتھا کہ ’’اتنے شریر لڑکے آتے کہاں سےہیں۔ کل انہیں  شیتل کُچی میں گولی ماری گئی۔انہیں اب بنگال میں نہیں رہنے دیا جائےگا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’’یہ تو ابھی شروعات ہے۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مرکزی سیکوریٹی دستوں کی بندوقیں  صرف نمائش کیلئے ہیںانہیں اب بندوق کی گولیوں  کا خوب اندازہ ہوگیا ہوگا...شیتل کُچی  جیسے واقعات ابھی اور کئی جگہوں پر ہوں گے اس لئے احتیاط رکھئے گا۔‘‘ انہوں نے مزید دھمکی دی  تھی کہ ’’یہ پوری ریاست میں ہوگا۔جو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لےگااسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘‘اہم بات یہ  ہے کہ جاں بحق ہونے والے چاروں نوجوان اقلیتی طبقے سے تھے اس لئے اس معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔ان  نوجوانوں کی اموات پر ممتا بنرجی کے اظہار تعزیت کو بھی وزیر داخلہ امیت شاہ  ’’منہ بھرائی کی سیاست‘‘ کہہ چکے ہیں۔ 
 اس بیچ الیکشن کمیشن نے ٹی ایم سی سے بغاوت کرکےبی جےپی میں شمولیت اختیار کرنے والے شوبندھو ادھیکاری کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کرتےہوئے ’’منی پاکستان ‘‘ کے ریمارک پر انہیں محض سرزنش کرکے چھوڑ دیاہے۔ شوبھندو جنہوں  نے نندی گرام میں ممتا بنرجی  کےمقابلے الیکشن لڑا ہے نے، ممتا کیلئے ’’بیگم ‘‘کالفظ استعمال کرتےہوئے اپنی ایک تقریر میں کہاتھا کہ ’’آپ کو بیگم کو ووٹ نہیں دیں گے ، اگر بیگم کو ووٹ دیا تو منی پاکستان بن جائےگا....آپ کے علاقے میں ایک داؤد ابراہیم آچکاہے۔ ‘‘اس پر کسی کارروائی کے بجائے صرف سرزنش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے شوبندھو ادھیکاری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ  جب تک ضابطہ اخلاق نافذ ہے، اس طرح بیانات سےگریز کریں۔

kolkata Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK