مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ناگپور میں پریس کانفرنس میں ۱۰۰؍ فیصد ایتھنال کو بطور ایندھن استعمال کرنے کا اعلان کیا
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ناگپور میں پریس کانفرنس میں ۱۰۰؍ فیصد ایتھنال کو بطور ایندھن استعمال کرنے کا اعلان کیا- تصویر:پی ٹی آئی
ملک میں اب جلد ہی گاڑیاں ۱۰۰؍ فیصد ایتھنال سے چلیں گی۔اس کی اطلاع مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نےناگپور میں ایک پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد۱۰۰؍ فیصد ایتھنال کو بطور ایندھن کے استعمال کو قانونی حیثیت دینے سے متعلق ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بھارت کا درآمدی فوسل ایندھن پر انحصار کم کرنا ،متبادل توانائی کے ذرائع کی جانب منتقلی کو تیز کرنا اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے ہونے والی آلودگی کو کم کرنا ہے۔
ایندھن کی درآمد پرکا خرچ
این ڈی اے حکومت کے۱۲؍ سال مکمل ہونے کے موقع پر ناگپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ ’’گزشتہ رات۸؍بجے میں نے اس فائل پر دستخط کیے، جس کے ساتھ۱۰۰؍فیصد ایتھنال کے استعمال کو قانونی طور پرجائز قرار دینے والے ضوابط کو حتمی شکل دے دی گئی۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ ایتھنال پیٹرول کے ایک مؤثر متبادل کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے ملک کو ایندھن کی درآمدات پر بھاری اخراجات میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت تقریباً۲۲؍کھرب روپے ایندھن کی درآمدات پر خرچ کرتا ہے اور حکومت مقامی طور پر تیار کردہ متبادل ایندھن کے ذریعے اس بوجھ کو کم کرنا چاہتی ہے۔
نئی گاڑیاں بازار میں آئیں گی
مرکزی وزیر نے بتایا کہ ملک کی آٹوموبائل صنعت نے اس تبدیلی کو قبول کر لیا ہے اور کئی بڑی کمپنیاں۱۰۰؍ فیصد ایتھنال سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کرانے کیلئےتیار ہیں۔گڈکری کے مطابق ٹویوٹا، سوزوکی، ایم جی اور ہنڈائی سمیت دیگر کمپنیاں آئندہ ۶؍ہفتوں کے دوران بازار میں ایسے نئے ماڈل متعارف کرائیں گی جو مکمل طور پر ایتھنال پر چل سکیں گے۔ دوسری طرف صارفین کا ایک بڑا طبقہ اس پروجیکٹ سے نالاں ہے۔ اس کے مطابق اس کی وجہ سے گاڑیاں جلد خراب ہورہی ہیں۔
پانی سے ایندھن بنانے کی تیاری
ایتھنال کے علاوہ گڈکری نے گرین ہائیڈروجن کو بطور ایندھن فروغ دینے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ناگپور میں ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جس کے تحت ہائیڈروجن ری فیولنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا اور ہائیڈروجن سے چلنے والی۲؍ بسیں سڑکوں پر اتاری جائیں گی۔ یہ بسیں الیکٹرولائزرس کے ذریعے پانی سے تیار کی جانے والی گرین ہائیڈروجن پر چلیں گی اور عام شہری ان سے سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ’’وہ دن دور نہیں جب عوام اِن ہائیڈروجن بسوں میں سفر کر یں گے۔ ‘‘