Updated: June 15, 2026, 11:34 AM IST
|
Agency
| Birmingham
ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےٹی۔۲۰؍ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کو ۶۴؍رنوں سے دھول چٹا دی۔
اسمرتی مندھانا۔ تصویر:پی ٹی آئی
ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےٹی۔۲۰؍ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کو ۶۴؍رنوں سے دھول چٹا دی۔ٹیم انڈیا کیلئے دیپتی شرما نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے ۵؍وکٹیں حاصل کیں۔اس سے پہلے اسمرتی مندھانا نے ہاف سنچری بناکر ٹیم کو بحران سے نکالا تھا۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا نے ۶؍وکٹ پر ۱۷۰؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم ۱۷؍اوور میں ۱۰۶؍رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہندوستان کیلئے شری چارنی نے بھی ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔ شیفالی ورما نے بھی ایک وکٹ لیا۔
اس سے قبل نائب کپتان اسمرتی مندھانا (۶۸) کی شاندار نصف سنچری اور رچا گھوش (۳۴) کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت ہندوستانی ویمنز ٹیم نے اتوار کو ویمنز ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کے اپنے پہلے مقابلے میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۷۰؍ رنوں کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔
ٹیم انڈیا کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ شیفالی ورما نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگایا لیکن اسی اوور میں ۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد جمائمہ روڈریگز بھی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ ۱۸؍ رن پر ۲؍ وکٹیں گرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم دباؤ میں نظر آ رہی تھی۔ایسے مشکل وقت میں اسمرتی مندھانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے ۹۱؍رنوں کی اہم شراکت داری قائم کر کے ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ پاور پلے کے بعد دونوں بلے بازوں نے صبر اور جارحیت کا شاندار توازن دکھایا۔ مندھانا نے اپنی خوبصورت بلے بازی سے شائقین کا دل جیت لیا۔ انہوں نے ۴۴؍ گیندوں میں ۶۸؍ رن بنائے، جس میں ۹؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف ۳۴؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان نے انہیں ۲؍ زندگی دیں اور مندھانا نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا۔
ہرمن پریت نے ۳۵؍گیندوں میں ۳۶؍ رنوں کی دھیمی لیکن کارآمد اننگز کھیلی۔ تاہم دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی اننگز تھوڑی لڑکھڑا گئی۔ بھارتی پھولمالی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں ۔ آخری اوورز میں وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے میچ کا رخ بدل دیا۔ رچا نے صرف ۱۷؍ گیندوں میں ۳۴؍ رن بنائے۔ خاص طور پر اننگز کے ۱۹؍ویں اوور میں بائیں ہاتھ کی تیز گیند باز تسمیہ رباب کیخلاف ۲۳؍رن بٹور کر انہوں نے ٹیم انڈیا کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ ہندوستان نے آخری ۲؍ اوور میں ۳۸؍رن جوڑے۔