Inquilab Logo Happiest Places to Work

اب روہت پوار کی کمپنی پر کارروائی ، ۷۲؍ گھنٹے میں پلانٹ بند کرنے کا نوٹس

Updated: September 30, 2023, 9:28 AM IST | Agency | Baramati

پوار خاندان کی تیسری نسل کے جواں سال لیڈر روہت نے کہا کہ مہاراشٹر کے ۲؍ بڑے لیڈروں کی ہدایت پر مخاصمت کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے

Sharad Pawar`s grandson and NCP MLA Rohit Pawar. Photo. INN
شرد پوار کے پوتے اور این سی پی کے رکن اسمبلی روہت پوار۔ تصویر:آئی این این

شرد پوار کے پوتے اور این سی پی کے جواں سال رکن اسمبلی روہت پوار کے بارامتی میں واقعے کارخانے کو محکمہ ماحولیات کی جانب سے نوٹس دیا گیا ہے اور اس کے دو پلانٹ آئندہ ۷۲؍ گھنٹوں میں بند کرنے کاحکم دیا گیا۔ روہت پوار نے اسے مخاصمت کی بنیاد پر ۲؍ بڑے لیڈروں کی جانب سے کی گئی کارروائی  قرار دیا اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کا اعلان کیا۔یاد رہے کہ روہت پوار  اپنے چچا اجیت پوار کی جانب سے این سی پی سے بغاوت اور بی جے پی کے ساتھ حکومت میں شمولیت کے بعد سے کافی جارح نظر آ رہے ہیں۔ وہ مسلسل ایکناتھ شندے حکومت اور این سی پی کے باغی اراکین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔   اسی دوران جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مہاراشٹر کے محکمہ ماحولیات کی جانب سے بارامتی میں واقع ان کی کمپنی بارامتی ایگرو کو نوٹس جاری کیا گیا کہ وہ ۷۲؍ گھنٹوں کے اندر اپنے دونوں پلانٹ  بند کردیں۔اس بات کی اطلاع خود  روہت پوار نے ٹویٹر کے ذریعے کی۔ 
  روہت پوار نے ٹویٹ کیا ’’  ۲؍ بڑے لیڈروں کی ہدایت پر مخاصمت کی بنیاد پر ریاستی حکومت کے ایک محکمے کی جانب سے  میری کمپنی کے ایک شعبے کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ‘‘   انہوں نے اپنے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے  دوستو! میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ جدوجہد کے دوران جب آپ آواز اٹھاتے ہیں تو آپ کو  اس طرح کی مشکلوں کا سامنا کر ہی پڑتا ہے۔میں بولتا ہوں اور واضح موقف اختیار کرتا ہوں، اس لئے میرے خلاف کارروائی کی گئی  لیکن اس طرح کی دشواریوں اور رکاوٹوںکے سبب میں اپنی جدوجہد ختم نہیں کروں گا۔‘‘  ۶؍ اکتوبر تک کارروائی پر روک‘‘
 روہت پوار نے نوٹس ملنے کے بعد فوری طور پر جمعہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت نے ان کی عرضداشت پر سماعت کرتے ہوئے اسٹے آرڈر جاری کیا جس کی رو سے اب روہت کی کمپنی ’بارامتی ایگرو‘ کے خلاف آئندہ ۶؍ اکتوبر تک کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔  یاد رہے کہ جمعہ (۲۹؍ ستمبر) کو روہت پوار کی سالگرہ تھی۔ ان کی سالگرہ پر جہاں حکومت نے انہیں مشکل میں ڈالنے کی کوشش کی وہیں عدالت نے انہیں اسٹے کے طور پر راحت فراہم کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK