شکتی پیٹھ ہائی وے کی طرف جانے والے علاقے میں ۱۱؍ ایکڑ زمین خریدی تھی جس کی قیمت۲؍ کروڑ۴۱؍ لاکھ ہے۔
EPAPER
Updated: April 13, 2026, 10:56 AM IST | Solapur
شکتی پیٹھ ہائی وے کی طرف جانے والے علاقے میں ۱۱؍ ایکڑ زمین خریدی تھی جس کی قیمت۲؍ کروڑ۴۱؍ لاکھ ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈھونگی بابا اشوک کھرات نے پونے، شرڈی، ناسک اور دیگر بڑے شہروں میں کروڑوں کی جائیدادیں خریدی ہیں۔ اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھرات نے شولاپور میں کروڑوں روپے کی جائیدادیں بھی خریدی ہیں۔ ڈھونگی اشوک کھرات نے شمالی شولاپور تعلقہ کے کلمن گاؤں میں کروڑوں روپے کی زمین خریدی ہے۔ کلمن گاؤں کےگٹ نمبر۱/۲۰۰؍میں ۴ء۴۸؍ ہیکٹر یعنی۱۱؍ ایکڑ سے زیادہ اراضی اشوک کھرات کے نام خریدی گئی ہے۔
پرچیز ڈیڈ میں درج ہے کہ۲۸؍ مارچ ۲۰۲۴ء کو ہونے والے اس لین دین کی قیمت ۲؍ کروڑ۴۰؍ لاکھ ۹۱؍ہزار۲۰۰؍ روپے ہے۔ پرچیز ڈیڈ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اشوک کھرات کی بیوی کلپنا اشوک کھرات کو اس لین دین میں مختیارکل کے طور پر اختیار دیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شکتی پیٹھ ہائی وے شمالی شولاپور تعلقہ کے کلمن گاؤں سے گزرے گی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کلمن گاؤں میں زمین کی اوسط قیمت۵؍ سے۶؍ لاکھ روپے فی ایکڑ ہے۔ تاہم اشوک کھرات نے یہ زمین۲۱؍ سے۲۲؍ لاکھ روپے فی ایکڑ میں خریدی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ شمالی شولاپور تعلقہ کے کلمن حدود میں اس کی بیوی کے نام پر زمین خریدی گئی تھی۔ یہ ممکن ہے کہ اشوک کھرات نے یہ زمین اس اطلاع کے بعد خریدی تھی کہ منصوبہ بند شکتی پیٹھ ہائی وے کلمن حدود سے گزرے گی۔
اشوک کھرات کی گرفتاری کے بعد ایس آئی ٹی نے اب اس کی بیوی یعنی کلپنا کھرات کی تلاش کیلئے کمر کس لی ہے۔ شرڈی پولیس اسٹیشن میں دھوکہ بازی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد سے کلپنا کھرات اپنے ناسک کی رہائش گاہ سے فرار ہوگئی ہے۔ چونکہ پولیس کو۱۰؍ دن گزرنے کے بعد بھی کچھ ٹھوس ثبوت نہیں ملا اس لئے تحقیقاتی ایجنسی نے اب تفتیش اس کے رشتہ داروں، دوستوں اور گھریلو ملازموں پر مرکوز کر دی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ایس آئی ٹی ٹیم نے ناسک میں کلپنا کھرت کے کچھ قریبی دوستوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔ اس کے علاوہ اشوک کھرات کے موجودہ اورسابق ملازمین سے بھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔