• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدورئی درگاہ کے قریب پھر سے دیا روشن کرنے کا حکم

Updated: November 28, 2026, 12:20 PM IST | Inquilab News Network/Agency | New Delhi

سپریم کورٹ نے تمل ناڈو حکومت کی سرزنش کی ۔ درگاہ کے قریب پہاڑ پر دیا روشن نہ کرنے کے مندر انتظامیہ کے فیصلہ پر ناراضگی ظاہر کی، جسٹس اروند کمار کی بنچ نے آرٹیکل ۱۴۲؍ کے تحت خصوصی اختیارات کا استعمال کرکے ۲۸؍نومبر کو سبھی عقیدتمندوں کو دیا روشن کرنے کی اجازت دی۔

An image of Karthigai Deepam lamps lit near the Ucchi Pillaiyar Temple. Photo: Agency
اوچی پلّیار مندر کے قریب روشن کئے گئے کارتگیئی دیپم کی تصویر۔ تصویر: ایجنسی

مدورئی میں سلطان سکندر بادشاہ اولیاء کی درگاہ ومسجد کے قریب ستون پر دیا روشن نہ کیے جانے سے ناراض سپریم کورٹ میں جسٹس اروند کمار او رجسٹس وپل پنچولی کی بنچ نے جمعہ کو مزید سخت احکام جاری کرتے ہوئے ۲۸؍نومبر کو ہر حالت میں دیا روشن کرنے کا حکم دیا۔ 

بنچ نے اس سے قبل مندر انتظامیہ کے ذریعہ منتخب ٹیم کے ذریعہ ہی مخصوص وقت میں دیا روشن کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن اپنے حکم کی تعمیل نہ ہونے پر اس نے اب ایک قدم آگے بڑھ کر یہ حکم دیا ہے کہ سبھی عقیدتمندوں کو دیا روشن کرنے کی اجازت دی جائے۔ مندر انتظامیہ کے ذریعہ روایت کے برعکس جاکردرگاہ کے قریب ستون پر دیا نہ جلائے جانے کے فیصلہ کو بنچ نے جان بوجھ کو عدالت کی حکم عدولی قرار دے کر مندر کے ٹرسٹ کو معطل کردیا۔ اس کے ساتھ ہی مدراس ہائی کورٹ کے سابق ججوں کو اس کی نگرانی سونپ دی۔ اس کے علاوہ سی آر پی ایف کو ہدایت دی کہ وہ تھیروپار نکوندرم پہاڑی کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالے۔ بنچ نے آئین کے آرٹیکل ۱۴۲؍ کے تحت اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی سخت احکام جاری کیے۔ بنچ نے یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ مدراس ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلہ کے ان مشاہدات پر بھی روک ہٹادی جس میں درگاہ کے قریب ستون پر دیا جلانے کو لازمی مذہبی عمل قرار دیا گیاتھا۔ بنچ نے ریاست تمل ناڈو کے ذریعہ روایت کے برعکس جاکر درگاہ کے قریب دیا جلانے کی ہندوتو کی تنظیموں کے مطالبہ کی مخالفت کرنے اور تھیروپار نکوندرم پہاڑی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کو عدالت کی توہین اور جان بوجھ کر حکم عدولی کے طورپر لیا۔

یہ بھی پڑھئے: پرتیک سمیتا پاٹل اپنی والدہ کی وراثت کو آگے بڑھارہے ہیں

بنچ نے مزید کہاکہ انتظامی حکام بظاہر سیاسی قیادت کے اشارے پر عمل کرتے دکھائی دئیے۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ انتظامی حکام نے اپنے سیاسی آقاؤں کے احکام پر عمل کیا ہے اور کہا کہ اس حقیقت کو بے نقاب کیا جانا چاہیے۔ چنانچہ عدالت نے ریاست کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ واقعات کے پورے سلسلے کی وضاحت کرتے ہوئے ایک حلف نامہ جمع کرائیں جس میں متعلقہ مواصلات اور ای میلز کو بھی پیش کیا جائے۔‘‘ عدالت نے ’ارولمیگو سبرامنیا سوامی مندر‘ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی جانب سے منظور کردہ ایک قرارداد پر سخت اعتراض کیا۔ اس قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ’دیپا تھون‘ پر دیا روشن نہیں کیا جا سکتا اور رائج روایت کے مطابق یہ عمل صرف ’اچائی پلائیار منڈپم میں ہی کیا جاسکتا ہے۔

ڈسٹرکٹ کلکٹر نے اسی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کرسکتے کیونکہ بورڈ نے اس تقریب کی اجازت نہیں دی۔ عدالت نے بورڈ کی اس قرارداد کو عدالتی ہدایات کی ’بڑھا چڑھا کر یا غلط تشریح‘ کرنے کی کوشش قرار دیا جس کا مقصد عدالت کے ۲۰؍ نومبر کے حکم کے دائرۂ کار سے تجاوز کرنا تھا۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مدورئی کے ڈسٹرکٹ کلکٹر مندر کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی منظور کردہ قرارداد کی آڑ لے کر ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ ۲۴؍نومبر کو درگاہ کے قریب دیا روشن نہ کیے جانے پردائیں بازو کی تنظیموں نے خوب واویلا مچایا تھا۔ ستون پر دیا روشن کرنے کا مطالبہ کرنے والے عرضی گزارو ں نے ریاست کے خلاف توہین عدالت کی عرضی دائر کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK