• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جموں کشمیر کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی پیرزادہ سید کا انتقال

Updated: November 28, 2026, 12:35 PM IST | Agency | Srinagar

جموں کشمیر میں کانگریس کے نمایاں ترین چہروں میں شمار ہوتے تھے اور ان کا سیاسی سفر تقریباً ۵؍ دہائیوں پر محیط تھا۔

Pirzada Muhammad Syed. Photo: INN
پیرزادہ محمد سید۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے سینئر لیڈر اور موجودہ رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سید مختصر علالت کے بعد جموں میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ ان کی عمر۷۳؍ برس تھی۔ پیرزادہ سید کچھ عرصے سے علیل تھے۔ وہ جموں کشمیر میں کانگریس کے نمایاں ترین چہروں میں شمار ہوتے تھے اور ان کا سیاسی سفر تقریباً ۵؍ دہائیوں پر محیط تھا۔ جمعہ کی صبح ان کی میت جنوبی کشمیر لائی گئی جہاں ضلع اننت ناگ کے ان کے آبائی گاؤں کھسی پورہ میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لیڈروں، سیاسی کارکنوں اور بڑی تعداد میںعوام نے جمع ہوکر مرحوم لیڈر کو آخری خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے پیرزادہ سید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی اور عوامی زندگی میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔کانگریس کے دیگر سینئر لیڈروں نے ایکس پر الگ الگ پیغامات میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وہ ۴؍ مرتبہ وزیر اور جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے سابق صدر تھے۔۲۰۲۴ء کے جموں کشمیر اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر اننت ناگ اسمبلی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: ٹی ایم سی کے۲۰؍باغی ممبران پارلیمنٹ کی اہلیت پر سوال

پیشہ سے وکیل پیرزادہ سید نے عملی سیاست میں قدم رکھنے سے قبل۱۹۸۰ء میں کشمیر یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی۔

کانگریس کے سینئر سیاستداں پیرزادہ سید نے اپنے تقریباً ۵؍ دہائیوں پر محیط سیاسی کریئر کے دوران پارٹی اور سابق ریاست جموں کشمیر کی حکومت میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔وہ۲۰۰۳ء سے۲۰۰۸ء تک جے کے پی سی سی کے صدر رہے۔ اس سے قبل۱۹۷۷ء سے۱۹۸۶ء تک جموں کشمیر پردیش یوتھ کانگریس کے صدر بھی رہے۔ انہوں نے جموں کشمیر یوتھ کانگریس کے جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے بھی کام کیا اور بعد میں پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور سینئر نائب صدر کے عہدوں پر فائز رہے۔۴؍ مرتبہ کابینہ وزیر رہنے والے پیرزادہ سید نے فاروق عبداللہ، مفتی محمد سعید، غلام نبی آزاد اور عمر عبداللہ کی قیادت والی مختلف حکومتوں میں خدمات انجام دیں۔

اپنے دورِ وزارت میں انہوں نے تعلیم، کھیل، حج و اوقاف اور پبلک انٹرپرائزز سمیت کئی اہم محکموں کے قلم دان سنبھالے۔ پیرزادہ سید نے پہلی مرتبہ۱۹۸۷ء میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں۱۹۹۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر اننت ناگ پارلیمانی حلقے سے انتخاب لڑا اور۲۰۰۲ء میں دوبارہ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ۲۰۰۸ءکے اسمبلی انتخابات میں وہ ایک بار پھر کوکرناگ سے منتخب ہوئے اور وزیر تعلیم و پبلک انٹرپرائزز کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK