ساگریکا گھوش نے کہا : یہ باغی ووٹ کیسے ڈال سکتےہیں جبکہ انہیں لوک سبھا اسپیکر کے ذریعہ ابھی تک نااہل قرار دےدیاجانا چاہئے تھا۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 12:33 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
ساگریکا گھوش نے کہا : یہ باغی ووٹ کیسے ڈال سکتےہیں جبکہ انہیں لوک سبھا اسپیکر کے ذریعہ ابھی تک نااہل قرار دےدیاجانا چاہئے تھا۔
مرکزی حکومت نے حد بندی ترمیمی بل پاس کرانے کے لئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت کو اس بل کو پاس کرانے کے لئے دوتہائی اکثریت کی ضرورت ہے اور اب ترنمول کانگریس کے ۲۰؍ باغی ممبران پارلیمنٹ کا کردار انتہائی اہم ہوجاتا ہے۔ ایسے میں ترنمول کانگریس نے سوال اٹھایاہے کہ جب ان کو نااہل کئے جانے سے متعلق درخواست لوک سبھا اسپیکر کے پاس جمع ہےتوان ممبران پارلیمنٹ کو ووٹ ڈالنے کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے؟ ساگریکا گھوش نے نشاندہی کی کہ ان کی نااہلی کے لئے درخواستیں دائر کئےہوئے ۶؍ ماہ گزر چکے ہیں لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ بھی حکم دے چکی ہے کہ ان ممبران پارلیمنٹ کی نااہلی کے خلاف جلد فیصلہ کیاجائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان غداروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے؟ ٹی ایم سی کے ۲۰؍ غداروں پر کوئی حکم نہیں دیا ہے جن کے خلاف نااہلی کی درخواستیں زیر التواء ہیں۔ حتیٰ کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ کیا ان کے ووٹ جائز ہیں؟ ان کےمطابق وہ ووٹ کیسے ڈالیں گے جب انہیں اب تک نااہل ہو جانا چاہئے تھا۔
یہ بھی پڑھئے:مدورئی درگاہ کے قریب پھر سے دیا روشن کرنے کا حکم
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ روزانہ جمہوریت کو تباہ کر رہے ہیں۔ دوسری طرف لوک سبھا سیکریٹریٹ کے ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران ترنمول کانگریس کے ۲۰؍ باغی اراکین پارلیمنٹ اپنی مرضی کے مطابق ووٹ دینے کے لئے آزاد ہوں گے۔ حکمران اتحاد کے لئےحد بندی بل کی منظوری کے منصوبوں میں ان کے ووٹ انتہائی اہم ہیں۔ لوک سبھا سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق ان اراکین کو ووٹ ڈالنے سے اس وقت تک نہیں روکا جا سکتا جب تک کہ انہیں باضابطہ طور پر نااہل قرار نہ دے دیا جائے۔ پارلیمانی ضابطہ کے تحت جب تک نااہلی کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا ایک رکن کو تمام پارلیمانی حقوق حاصل رہتے ہیں جن میں ایوان کی کارروائی میں حصہ لینا اور ووٹ ڈالنا شامل ہے۔ ذرائع نے یہ بھی واضح کیا کہ محض نااہلی کی درخواستیں زیر التواء ہونے سے کسی رکن کے پارلیمانی استحقاق خود بخود معطل نہیں ہوجاتے۔