بدعنوانی کوروکنےکیلئے حکومت کی نئی پالیسی ۔ ۲؍مہینے میں ای کےوائی سی کاعمل پورا کرنا ہوگا۔
EPAPER
Updated: September 20, 2025, 12:53 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
بدعنوانی کوروکنےکیلئے حکومت کی نئی پالیسی ۔ ۲؍مہینے میں ای کےوائی سی کاعمل پورا کرنا ہوگا۔
لاڈلی بہن اسکیم کے تحت اب ان ہی خواتین کو ماہانہ ۱۵۰۰؍روپے ملیں گے جو آئندہ ۲؍ماہ میں اپنا ای کے وائی سی کرائیں گی۔ اس تعلق سے جمعرات کو ایک سرکیولر جاری کیا گیا ہے۔ اسکیم کا ناجائز فائدہ اُٹھاکر رقم حاصل کرنے والوں کو روکنے کیلئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس اسکیم کی معرفت حکومت ۲۱؍سے ۶۵؍سال کی عمر کی خواتین کو ایک ہزار۵۰۰؍ روپے ماہانہ بطور امداد فراہم کر رہی ہے۔ جن کی سالانہ گھریلو آمدنی ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہے ،ان کی مالی مددکی جارہی ہے۔ اسکیم کا غلط فائدہ اُٹھاکر تقریباً ساڑھے ۲۶؍لاکھ بشمول ۱۴؍ہزار مرد اس اسکیم سے استفادہ کر رہے تھے جن کے نام اسکیم سے خارج کردیئے گئے ہیں۔
اس معاملہ میں شفافیت لانے کیلئے ریاستی حکومت نے لاڈلی بہن اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے ای کے وائی سی کو لازمی قرار دیا ہے۔ انہیں اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے ۲؍ماہ کا وقت دیا گیا ہے ۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ جمعرات کو اس سلسلے میں ایک سرکیولر جاری کیا گیا ہے۔
خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کی ریاستی وزیر آدیتی تٹکرے کے مطابق ’’اس اسکیم کے تمام استفادہ کنندگان کے لئے ویب پورٹل `ladkibahin.maharashtra.gov.in` پر ای کے وائی سی کی سہولت دستیاب کر ائی گئی ہے۔ اسکیم کیلئے اہل خواتین اگلے ۲؍ماہ میں ای کے وائی سی کا عمل مکمل کرسکتی ہیں۔ ‘‘انہوں نے ایکس پرکہا ہے کہ ’’یہ عمل آسان ہے اور اسکیم میں شفافیت برقرار رکھنے اور اہل خواتین کو باقاعدہ فائدہ پہنچانے کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے، ان خواتین کو یہ عمل مکمل کرنا چاہئےجو مالی مدد چاہتی ہیں ۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ یہ عمل مستقبل میں دیگر سرکاری اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے کیلئے بھی کارآمد ثابت ہوگا۔‘‘
سرکیولر کے مطابق اہل خواتین کو اپنے بینک کھاتوں میں ماہانہ امداد حاصل کرنے کیلئے ۲؍ مہینے کے اندر اپنا ای کے وائی سی کرانا ہوگا ۔ای کے وائی سی کے دوران اگر اُمیدوار کے آدھار کار ڈ کی تفصیلات کی توثیق نہیں ہوتی ہے تو بطور امداد ملنے والی رقم روکی جاسکتی ہے ۔ فائدہ اٹھانے والوں کو ہر سال ای کے وائی سی کروانا لازمی ہوگا۔ خیال رہے کہ جولائی ۲۰۲۴ء میں شروع کی گئی اسکیم سےسوا ۲؍کروڑ خواتین استفادہ کررہی ہیں۔