• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور میں ۱۰؍فیصد پانی کٹوتی کا خطرہ، ’توتلاڈوہ‘ آبی ذخیرہ سے پانی کی فراہمی کیلئے انتظامیہ سرگرم

Updated: November 13, 2026, 3:43 PM IST | Ali Imran | Nagpur

اطمینان بخش بارش نہ ہونے کے سبب پانی کی قلت کا مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے، آئندہ ۸؍ماہ تک شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئےمنصوبہ بند حکمت عملی پر کام کیاجائیگا۔

A file photo of the Totladoh Dam, which supplies water to the city of Nagpur. Photo: INN
ناگپور شہر کو پانی فراہم کرنےوالے توتلاڈوہ ڈیم کی فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

امسال کم بارش ہونے اور ال نینو کے اثرات کے باعث ناگپور شہر میں آبی بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ شہر کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے توتلا ڈوہ (پینچ) آبی ذخیرے میں پانی کی سطح مسلسل کم ہونے کے پیش نظر انتظامیہ آئندہ ایک ماہ کے اندر شہر میں پانی فراہمی میں تقریباً دس فیصد کٹوتی کرنے پر غور کر رہی ہے۔ فی الحال واٹرسپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔

معلوم ہوکہ آئندہ موسم گرما اور پانی کے ذخیرے میں ممکنہ کمی کے پیش نظر انتظامیہ کی اب تک دو میٹنگیں ہو چکی ہیں۔ ہر دس دن میں ایک مرتبہ پانی کی کٹوتی کی تجویز بھی زیر غور آئی تھی، تاہم دستیاب ذخیرے اور آئندہ مانسون تک پانی کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے فی الحال یہ فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فجیرہ ٹریفک حادثہ: ۲۳؍ گاڑیوں کے ٹکراؤ میں ۱۴؍ ہلاک،۳۰؍ زخمی

ضلع کے سرپرست وزیر چندر شیکھر باونکولے نے شہریوں سے پانی کا محتاط استعمال کرنے اور ہر قطرے کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے تالابوں اور آبی ذخائر کے تحفظ، پانی کے رساؤ کو روکنے اور آبی تحفظ کے کاموں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انتظامیہ نے توتلا ڈوہ کے موجودہ پانی کو آئندہ آٹھ ماہ تک استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ربیع فصلوں کے لیے اس ذخیرے سے پانی چھوڑنے کا امکان نہیں ہے، جبکہ کوراڑی اور کھاپر کھیڑا تھرمل پاور پلانٹس کے لیے مختص پانی میں بھی کمی کی گئی ہے۔ ان دونوں منصوبوں میں اب فلٹر کے بعد بچنے والے پانی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب باغبانی فصلوں، بالخصوص سنترے اور موسمی کے باغات کو بچانے کے لیے بورویل کھودنے پر عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر دفتر کی جانب سے رہنما ہدایات جاری کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ توتلا ڈوہ اور کنہان آبی ذرائع سے ناگپور کو روزانہ تقریباً ۷۴۰ ایم ایل ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ تقریباً ۳۰؍لاکھ کی آبادی والے شہر کو آئندہ مہینوں میں بلا تعطل پانی فراہم کرنا انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK