Inquilab Logo

اب رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کیلئے’ مہا رایرا کا کورس‘ کرنا لازمی ہوگا

Updated: January 13, 2023, 7:32 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مہاراشٹر رئیل اسٹیٹ ریگولیٹر اتھاریٹی فروری سے جائیداد و املاک کی دلالی کرنے والوں کی تربیت کیلئے ایک کورس شروع کرنے جا رہا ہے

Now estate agents also have to study? (File Photo)
اب اسٹیٹ ایجنٹوںکو بھی پڑھنا ہوگا؟( فائل فوٹو)

مہاراشٹر رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی (مہاریرا) نے ایک سرکیولر کے ذریعہ جائیداد و املاک کی دلالی کرنے والے افراد کیلئے آ ئندہ ماہ سے ایک ’’سرٹیفکیٹ کورس‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ بھی وضاحت کی ہے کہ یکم مئی سے صرف انہی رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کو مہاریرا سے رجسٹر ہونے کی اجازت دی جائے گی جو یہ کورس کریں گے۔ 
 مہاریرا نے ۱۰؍ جنوری کو یہ سرکیولر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے ۲۰۱۶ء میں ’’رئیل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) ایکٹ ۲۰۱۶ء تشکیل دیا جو یکم مئی ۲۰۱۷ء سے نافذ ہوا۔ اس ایکٹ کے مقاصد میں ملک میں تعمیراتی کاموں کے تعلق سے پیشہ ورانہ مہارت، احتساب، جوابدہی  اور قابلیت لانا شامل ہے۔ مزید یہ کہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹ اس شعبہ کا لازمی حصہ ہیں جو جائیداد و املاک کو فروخت کرنے کے خواہشمند افراد کو خریدار سےجوڑتے ہیں اور انہی کے ذریعہ زیادہ تر لین دین ہوتا ہے۔ البتہ مذکورہ ایکٹ کے تحت بطور ایجنٹوں کو مہاریرا سے رجسٹر ہونا لازمی قرار دیا جاچکا ہے۔ اسی بنیاد پر پورے مہاراشٹر میں ۳۸؍ہزار ۷۷۱؍ ایجنٹ مہاریرا سے رجسٹر ہوچکے ہیں۔سرکیولر میں وضاحت کی گئی ہے کہ جو ایجنٹ مہاریرا کے ذریعہ متعارف کروائے گئے نئے کورس کو پاس کرکے سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے صرف وہی ایجنٹ مہاریرا میں اپنا رجسٹریشن یا رجسٹریشن ’ری نیول‘ کروا سکیں گے۔ جو ایجنٹ انفرادی طور پر کام کرتے ہیں انہیں خود یہ کورس کرنا ہوگا اور اگر کوئی کمپنی ہے تو اس کے ایسے تمام ملازمین یا افسران جو خریداروں اور جائیداد فروخت کرنے والوں سے رابطہ میں رہتے ہیں انہیں یہ کورس کروانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
 جو ایجنٹ پہلے سے مہاریرا میں اپنا رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں یکم ستمبر تک کورس مکمل کرکے اپنا سرٹیفکیٹ متعلقہ ویب سائٹ پر ’’اَپ لوڈ‘‘ کرنے کی مہلت دی گئی ہے اور جو لوگ متعینہ وقت پر کورس مکمل نہیں کرسکیں گے ان کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ 
 بلڈروں کو بھی ہدایت دی جارہی ہے کہ اگر وہ کسی ایجنٹ کا نام اپنے کسی پروجیکٹ کے لئے دے رہے ہیں تو وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے پاس اس کورس کا سرٹیفکیٹ ہو۔اس کورس کا مقصد یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کو جائیداد و املاک کے لین دین سے متعلق وسیع معلومات ہونی چاہئے تاکہ وہ فریقین کی ہر سطح پر بہتر رہنمائی کرسکیںتاکہ کسی کو کوئی غلط فہمی نہ ہو اور نہ ہی کوئی تنازعہ پیدا ہو اور خریدار پوری معلومات کے ساتھ کوئی فیصلہ کرسکیں۔ یہ کورس پوری ریاست میں کہیں بھی کیا جاسکے گا اور کورس مکمل کرکے امتحان کو پاس کرنے والوں کو ’سرٹیفکیٹ آف کمپی ٹینسی‘ دیا جائے گا۔
 سرکیولر کے مطابق مہاریرا کے افسران نے گزشتہ ۲؍ برس کے دوران رئیل اسٹیٹ ایجنٹوں کی ایسوسی ایشنوں، خریداروں، جائیداد و املاک فروخت کرنے والوں اور ’آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل سیلف گورننس‘ (اے آئی آئی ایل ایس جی) سے مشورے کرکے بنیادی نصاب تیار کیا ہے۔اس کے علاوہ اس نصاب کی تربیت دینے والوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ جبکہ امتحان لینے اور سرٹیفکیٹ دینے کیلئے مہاریرا نے ’انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن‘ (آئی بی پی ایس) سے اشتراک کیا ہے۔ 
 ایجنٹ اپنی سہلوت سے اس کورس کو آن لائن، آف لائن اور ہائی برِڈ طریقے سے مکمل کرسکتے ہیں جس کی شروعات فروری ۲۰۲۳ء کے پہلے ہفتے سے ہوگی۔

maha rera Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK