اس ضلع کے بوروہیر نرڈانہ ریلوے لائن کا کام برق رفتاری سے جاری ہے۔دھولیہ نرڈانہ ریلوے کنکٹی ویٹی کی وجہ سے دھولیہ ضلع کے عوام کو تجارت، تعلیم کے علاوہ صنعت و حرفت کا بہت بڑا فائدہ ہوگا
EPAPER
Updated: January 24, 2026, 11:31 PM IST | Dhule
اس ضلع کے بوروہیر نرڈانہ ریلوے لائن کا کام برق رفتاری سے جاری ہے۔دھولیہ نرڈانہ ریلوے کنکٹی ویٹی کی وجہ سے دھولیہ ضلع کے عوام کو تجارت، تعلیم کے علاوہ صنعت و حرفت کا بہت بڑا فائدہ ہوگا
اس ضلع کے بوروہیر نرڈانہ ریلوے لائن کا کام برق رفتاری سے جاری ہے۔دھولیہ نرڈانہ ریلوے کنکٹی ویٹی کی وجہ سے دھولیہ ضلع کے عوام کو تجارت، تعلیم کے علاوہ صنعت و حرفت کا بہت بڑا فائدہ ہوگا۔دھولیہ شہر، ضلع کے ہمراہ پڑوس کے شہروں کی ترقی کے دروازے کھل جائیں گے ۔ واضح رہےکہ منماڑ اندور ریلوے لائن کی منظوری کے لیے دھولیہ کے سیاسی لیڈران کے ہمراہ عوام نے بڑے پیمانے پر تحریک چھیڑی تھی۔جس کا اثر یہ ہوا کہ مرکزی حکومت نے منماڑ ریلوے لائن کو منظوری دے دی۔پہلے مرحلے میں دھولیہ ضلع کے بوروہیر سے نرڈانہ نئی ریلوے لائن کا کام شروع کیا گیا ہے۔ریلوے لائن کے درمیان میں آنے والی کسانوں کی زمین کا معاوضہ حکومت نے دینے کی کارروائی مکمل کرلی ہے۔
مذکورہ ریلوے لائن کا کام بہت تیزی سے شروع ہے۔جس میں ریلوے پلیٹ فارم کی تعمیر، مسافروں کی سہولت اور بیٹھنے کے لیے شیڈ، ٹکٹ کاؤنٹر، پینے کے پانی کا انتظام، بجلی سپلائی، سگنل کے علاوہ بنیادی تعمیراتی کام تیزی سے چل رہا ہے۔ ریلوے لائن کا کام طے شدہ وقت پر پورا کرنے کے لیے منسلک محکمے کے افسران، ٹھیکے داروں کے ذریعے درکار مزدور اور مشنری کا استعمال کیا جارہا ہے ۔
یہ ریلوے اسٹیشن بورویہر اور آس پاس کے دیہات کے کسانوں، طلبہ، مزدوروں اور تاجروں کو براہ راست ریل سروس فراہم کرے گا۔ زرعی مصنوعات کی نقل و حمل آسان ہوگی اور روزگار، تعلیم اور صحت کی خدمات کیلئےسہولت ہوگی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے علاقے میں معاشی اور سماجی ترقی میں تیزی آئے گی۔ محکمہ ریلوے کے حکام کے مطابق اسٹیشن کی تعمیر مسافروں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہے اور حفاظت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام ضروری جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد اس اسٹیشن سے مسافر ٹرینوں کیلئے ہالٹ فراہم کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کیلئے مقامی نمائندوں، گاؤں والوں اور سماجی کارکنوں نے مسلسل پیروی کی تھی۔ درحقیقت کام میں تیزی آنے پر علاقہ کے شہری اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
بورویہر ریلوے اسٹیشن کے فعال ہونے کے بعد علاقے میں گوداموں، چھوٹی صنعتوں، دکانوں اور خدمات کی سہولیات کے قیام کے حوالے سے نئی سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہری اس احساس کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس سے علاقے کی ترقی کو رفتار ملے گی اوربورویہر کو ایک آزاد شناخت ملے گی۔معلوم ہوکہ امرت بھارت اسکیم کے تحت دھولیہ ریلوے اسٹیشن کی مجموعی ترقی جاری ہے اور مسافروں کی سہولیات، بنیادی ڈھانچے اور جدید سہولیات پر زور دیا جا رہا ہے۔ اسی اسکیم کی تکمیلی پالیسی کے تحت بورویہر میں ایک نئے ریلوے اسٹیشن کا کام بھی شروع کیا گیا ہے۔