Inquilab Logo Happiest Places to Work

اب ٹیچروں کو روزانہ کے بجائے ہر سنیچر کو تعلیمی اور غیر تعلیمی کاموں کی معلومات فراہم کرنےکی سہولت

Updated: June 19, 2026, 2:35 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاستی محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے اساتذہ کووقتاً فوقتاً دیئے جانے والے غیر تعلیمی کاموں سے ان میں پائی جانے والی شدید بےچینی کو ایجوکیشن کمشنر نے اپنے ایک حکم نامے سے کم کرنےکی کوشش کی ہے جس کا خیرمقدم کیاگیاہے۔

Teacher.Photo:INN
ٹیچر۔ تصویر:آئی این این
ریاستی محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے  اساتذہ کووقتاً فوقتاً دیئے جانے والے غیر تعلیمی کاموں سے ان میں پائی جانے والی شدید بےچینی کو ایجوکیشن کمشنر نے اپنے ایک حکم نامے سے کم کرنےکی کوشش کی ہے جس کا   خیرمقدم کیاگیاہے۔ایجوکیشن کمشنر سچندرا پرتاپ سنگھ نے تعلیمی یونینوں کی اس اپیل کو منظور کرلیاہے جس میں روزانہ مختلف قسم کی معلومات طلب کرنے کے بجائےاس کیلئے ہفتے میں کوئی ایک دن مقر رکرنےکامطالبہ کیاگیاتھا۔ اب تمام اساتذہ کو ہر سنیچر کو معلومات جمع کرانےکی ہدایت دی گئی ہے۔
 
 
ریاست کے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اساتذہ کے تعلیمی اور غیر تعلیمی کاموںسے متعلق ہدایات جاری کی ہیں اور اساتذہ کے تعلیمی اور غیر تعلیمی کاموں اور بچوں کے مفت اور لازمی تعلیم کے حق کے سیکشن کے مطابق کام کی درجہ بندی کی ہے۔ اساتذہ کے غیر تعلیمی کاموں میں کمی کرنے  کے حوالے سے ایک رپورٹ حکومت کو بھی دی گئی ہے  جس کے مطابق مختلف کمیٹیوں کو ملا کر ۴؍ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایک ہی پورٹل پر معلومات بھرنے کی سہولت یوڈائس اور سرل سسٹم کو مربوط کرکے فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ  پی ایم پوشن اسکیم میں ریکارڈنگ کے کام کو کم کرنے کیلئے پورٹل پر سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔
 
 
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مختلف سرگرمیوں کی رپورٹیں اسکول کی سطح سے آف لائن اور آن لائن فارم میں دی جانی ہیں۔ اسی طرح ضلعی ، تعلقہ اور مرکزی سطح پر اسکولوں کو بھی معلومات دینی ہوگی۔ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن نےگزشتہ سنیچر کو انفارمیشن ویک کی پہل کو کولہاپور، بیڑ، نندربار  اور گڈچرولی میں ایک ایک مرکز میں پائلٹ بنیادوں پر نافذ کیا ہے۔محکمہ تعلیم کے اس اقدام سے ۹۰؍فیصد اساتذہ مطمئن ہیںجبکہ ۹۶ء۶۰؍فیصد اساتذہ نے رائے ظاہر کی ہے کہ اس کی وجہ سےاساتذہ کو پڑھانے کیلئے کافی وقت ملےگا۔ان کے مطابق   معلومات مسلسل بھرنے کی پریشانی سے انہیں کچھ حد تک نجات ملی ہے۔ نئے تعلیمی سال سے معلومات جمع کرانے کیلئے سنیچرکا دن مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK