جامع مسجد ٹرسٹ ایپ تیارکرےگا جس پر کرافورڈ مارکیٹ کے علاقہ میں اذان کے علاوہ عید کے چاند کا اعلان بھی کیا جا سکے گا
EPAPER
Updated: May 11, 2022, 7:37 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
جامع مسجد ٹرسٹ ایپ تیارکرےگا جس پر کرافورڈ مارکیٹ کے علاقہ میں اذان کے علاوہ عید کے چاند کا اعلان بھی کیا جا سکے گا
لائوڈ اسپیکر پر اذان دینے کو موضوع بنا کر پورے ملک میں نفرت کی سیاست کے بڑھتے واقعات اور سپریم کورٹ کی گائیڈلائن کے پیش نظر ممبئی کی جامع مسجد ٹرسٹ نے ایک ایسا ایپ بنانا شروع کردیا ہے جس پر کرافورڈ مارکیٹ علاقہ میں واقع جامع مسجد کی اذان کو لائیو سنا جاسکے گا۔ اگرچہ بازار میں پہلے سے ایسے ایپ موجود ہیں جن پر اذان کا وقت ہونے پر پہلے سے ریکارڈ شدہ اذان سنائی دیتی ہے لیکن اس ایپ کی خصوصیت یہ ہوگی کہ اس پر لائیو اذان سنی جاسکے گی اور دیگر بہت سے اہم امور کے لئے بھی اس ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں جامع مسجد کے ٹرسٹیان میں شامل شعیب خطیب نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اس ایپ کا مقصد قطعی یہ نہیں ہے کہ مسجدوں میں جس طرح سے اذان دی جارہی ہے اسے بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ سپریم کورٹ کی گائیڈلائن کی مخالفت نہ ہو اور فجر کی اذان اگر صبح ۶؍ بجے سے قبل ہوتی ہے تو کوئی قانونی پیچیدگی پیدا نہ ہو اور لوگوں تک اذان کی آواز بھی پہنچ جائے۔انہوں نے کہا کہ اس ایپ کو بیلاسس روڈ پر واقع مہاراشٹر کالج کے ماہرین کی مدد سے تیار کیا جارہا ہے۔
مہاراشٹر کالج کے اِنکیوبیٹر سینٹر (جہاں اس ایپ کو بنایا جارہا ہے) کی ڈائرکٹر پروفیسر سائمہ شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ یہ ایپ خاص طور پر جامع مسجد کے لئے ہوگا اور اس مسجد کی اذان کو لائیو سنا جا سکے گا۔اس کے علاوہ اگر کوئی شخص کسی علاقے میں نیا ہے اور اسے یہ پتہ کرنا ہے کہ اس سے قریب کون سی مسجد واقع ہے اور وہاں اذان اور نماز کے اوقات کیا ہیں یا وہاں قبلہ کس طرف ہے تو اس ایپ سے معلوم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ جامع مسجد ٹرسٹ اس بات کے لئے پوری طرح تیار ہے کہ مختلف علاقوں کی مساجد اگر اس ایپ سے جڑنا چاہیں اور اپنی اذان کو اس ایپ پر لائیو نشر کرنا چاہیں تو انہیں شامل کرلیا جائے گا۔ اس طرح جو شخص جس علاقہ میں ہے وہاں اپنی مسجد کو ’سیلیکٹ‘ کرکے وہاں کی لائیو اذان سن سکے گا۔
پروفیسر سائمہ شیخ نے مزید کہا کہ جو دیگر سہولیات اس ایپ میں ہوں گی اس میں ایک انتہائی اہم بات یہ شامل ہے کہ جامع مسجد ٹرسٹ کے ذمہ داران اس پر اعلانات بھی کرسکیں گے۔ مثلاً عیدین کے چاند کے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اس ایپ پر ڈال دیا جائے گا اور اس ایپ کو استعمال کرنے والوں کو چاند کی اطلاع ہوجائے گی۔ اسی طرح اگر کوئی افواہ پھیل جاتی ہے یا ایسی بات ہوجاتی ہے جس میں ٹرسٹ کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ انہیں اس موضوع پر اپنا موقف رکھنے کی ضرورت ہے تو وہ اس ایپ پر اپنا موقف رکھ سکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے عرصہ میں اس ایپ کی بنیادی چیزیں تیار ہونے کا امکان ہے۔
مہاراشٹر کالج کے انکیوبیٹر سینٹر سے وابستہ سہیل شیخ نے بتایا کہ فی الحال ۶؍ لوگ اس ایپ کو تیار کرنے پر کام کررہے ہیں لیکن اگر مختلف فیچر اس میں شامل کرنے کے لئے اگر مزید ماہرین کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی شامل کرلیا جائے گا۔
سہیل شیخ نے یہ بھی بتایا کہ اس ایپ کے طرز پر ایک ویب سائٹ بھی تیار کی جارہی ہے۔