Inquilab Logo

سرکاری اسپتالوں میں خالی اسامیاں پُرنہ کرنے پر نرسوں کا احتجاج

Updated: May 24, 2022, 5:49 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

۲۵؍مئی تک علامتی ہڑتال کریں گی ۔ ۲۶؍ اور ۲۷؍مئی کو ہڑتال کے باوجودمطالبات پورےنہ ہونے پر بے مدت ہڑتال کاانتباہ ۔اسپتالوں میں نرسوں کی کمی ہے

Municipal hospital nurses are protesting for their demands. (Photo: PTI)
میونسپل اسپتالوں کی نرسیں اپنے مطالبات کیلئے احتجاج کررہی ہیں۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں نرسوں کی خالی اسامیوں کیلئےکنٹریکٹ کی بنیاد پرہونےوالی  بھرتی کے خلاف، تنخواہ اور یونیفارم بھتے میں اضافے اور خالی اسامیوںکو پُر کرنے کیلئےممبئی  اور ریاست کے دیگر اضلاع کے اسپتالوںکی نرسوں نےعلامتی ہڑتال کی جو ۲۵؍ مئی تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے  ۲۶؍ اور ۲۷؍مئی کوبھی ہڑتا ل کرنےکااعلان کیاہے ، اس کے باوجود اگر مطالبات پورےنہیں کئے گئے توانہوں نے بے مدت ہڑتال کا انتباہ دیا ہے۔ پیر کو جے جے اسپتال کی ۷۵۰؍ نرسوںنے ایک گھنٹہ کی علامتی ہڑتال میں حصہ لیا۔ یہاں ساڑھے۳؍ہزار نرسوں کی ضرورت ہے لیکن  صرف ۷۵۰؍ نرسیں ہی  ہیں۔ واضح رہےکہ حکومت نے گزشتہ مہینے نرسوں کی بھرتی کیلئے ایک سرکیولر جاری کیاتھاجس کے مطابق نرسوںکی تقرری کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ نرسوںکی تنظیموںنے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہونے والی تقرری کی مخالفت کی ہے۔  اس کیلئے ممبئی  اور مہاراشٹرکے دیگر اضلاع میں پیر  سے علامتی آندولن کیا جارہا ہےجس سے اسپتالوں میںزیر علاج مریضوںکو تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
 مہاراشٹراسٹیٹ نرس اسوسی ایشن کی صدر میناکشی شندے نے ہڑتال کے ضمن میں کہاہےکہ ’’حکومت سےمتعدد مرتبہ مطالبات پورے کرنےکی اپیل کی جاچکی ہے مگر ابھی تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کئے گئے ہیں ۔ اس لئے ہم نے پیر سے آندولن شروع کیاہے۔پیر کو جے جے اسپتال کےعلاوہ دیگر اضلاع کے اسپتال میں نرسوں نےایک گھنٹہ احتجاج کیا جس کی وجہ سے  زیر علاج مریضوںکو تکلیف پہنچی ہے۔ ۲۳؍تا ۲۵؍ مئی تک اسی طرح ہر روز ایک گھنٹہ علامتی ہڑتال کی جائے گی۔اگر اس دوران ہمارے مطالبات پورےنہیں کئے گئے تو ۲۶؍اور ۲۷؍ مئی کو آزاد مید ان پر ہڑتال کیاجائے گا۔ اس کےبعد بھی حکومت نے کسی طرح پیش رفت نہیں کی تو بےمدت ہڑتال کی جائےگی۔ ‘‘انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’۲۵؍مئی تک خاموشی سے احتجاج کیاجائے گا۔ اس درمیان اگر ہمارے مسائل کا حل نہیں نکلا تو ۲۶؍اور ۲۷؍مئی کوریاست کےتمام سرکاری اسپتالوںمیںڈیوٹی کابائیکاٹ کر کے احتجاج کیاجائے گا۔ اگر اس دوران بھی مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو ۲۸؍مئی سے پوری ریاست میں بے مدت ہڑتال کی جائے گی۔‘‘
 میناکشی شندے کے مطابق ’’ پیر سےشروع ہونےوالی ہڑتال میں ریاست کے تمام سر کاری اسپتالوںکی نرسوں نےحصہ لینےکا وعدہ کیاہے جس کی وجہ سے اسپتالوںمیں زیر علاج مریضوںکو دقت کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ہڑتال سے اگرکسی مریض کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری  حکومت پر عائد ہوگی۔ ‘‘
 جےجے اسپتال میںہونےوالے احتجاج کے دوران ایک نرس نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ’’ہم کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہونے والی تقرری اور حکومت کےمذکورہ فیصلہ کے خلاف ہیں ۔ اگرحکومت نے یہ فیصلہ واپس نہیں لیاتو ہم غیر معینہ مدت ہڑتال کریںگے۔ یہاں نرسوںکی شدیدکمی  ہے۔ یہاں ساڑھے ۳؍ہزار نرسوں کی ضرورت ہے مگر صرف ساڑھے ۷۰۰؍نر سوںکی تقرری کی گئی ہےجس سے نرسوںپر کام کا کافی بوجھ ہے۔ ضابطے کےمطابق ایک نرس پر ۳؍مریضوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن یہاں ایک نرس ۷؍مریضوںکی دیکھ بھال کررہی ہے۔کام کے دبائوسے نرس متعدد قسم کی بیماریوںمیں مبتلاہورہی ہیں۔اس لئے حکومت سے  مطالبہ ہےکہ ایک تو کنٹراکٹ کی بنیاد  پر نرسوںکی تقرری نہ کی جائے۔دوسرے خالی اسامیوںکو پُرکیاجائے  اور نرسوںکو دی جانےوالی تنخواہ اور یونیفارم بھتے میں اضافہ کیاجائے ۔ اگر یہ مطالبات پورےنہیں کئے گئے تو ہمارا آندولن  جاری رہےگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK