Updated: June 02, 2026, 6:57 PM IST
| Taipei
ہواںگ کے بیان سے کچھ ہی عرصہ قبل، سیمسنگ نے اپنی لیبر یونین کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے بعد منافع کی شراکت داری اور بونس کی ادائیگیوں سے جڑی ممکنہ ہڑتال ٹل گئی ہے۔ این ویڈیا سی ای او نے اس ضمن میں براہِ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن ان کے بیان کو اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
امریکی ٹیک کمپنی این ویڈیا کے سی ای او جینسین ہوانگ نے بیان دیا ہے کہ کمپنیوں کو اپنے ملازمین کو ”زیادہ سے زیادہ“ معاوضہ دینا چاہئے۔ منگل کو تائیوان کے دارالحکومت تائپے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، ہوانگ نے کہا کہ وہ ملازمین کو دل کھول کر انعامات اور معاوضے دینے میں پختہ یقین رکھتے ہیں۔ ہوانگ نے کہا کہ ”میرا خیال ہے کہ لوگوں کو جتنا ممکن ہوسکے، اتنا زیادہ معاوضہ دیا جانا چاہئے۔ میں اپنے ملازمین کو اتنا دیتا ہوں جتنا میں دے سکتا ہوں۔“
یہ بھی پڑھئے: ’’آپ کے کریئر کی شروعات اے آئی انقلاب کے ساتھ ہو رہی ہے‘‘: جینسن ہوانگ
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملازمین سے جڑے تنازعات اور بونس کے مطالبات پر توجہ میں اِضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ ہواںگ نے جنوبی کوریا کی معروف کمپنی سیمسنگ کے اپنے ملازمین کے ساتھ مذاکرات پر براہِ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن ان کے تبصرے اس وقت سامنے آئے ہیں جب کچھ ہی عرصہ قبل، الیکٹرانکس بنانے والی اس کمپنی نے اپنی لیبر یونین کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے بعد منافع کی شراکت داری اور بونس کی ادائیگیوں کے مطالبات سے جڑی ممکنہ ہڑتال ٹل گئی ہے۔ ان کے بیان کو اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
ہوانگ کے تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب این ویڈیا عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی زبردست ترقی سے مسلسل فائدہ اٹھا رہی ہے۔ اے آئی ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی نے این ویڈیا کی مارکیٹ ویلیو کو تاریخی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے اور اسٹاک آپشنز اور کمپنی کے شیئرز کے ذریعے بہت سے ملازمین کیلئے بڑی دولت پیدا کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آپ کا مشن اے آئی کو تباہ کرنا ہے: ہارورڈ میں اداکار رونی چیانگ کا خطاب وائرل
اے آئی کے اس عروج نے سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے منافع کو بھی بڑھا دیا ہے۔ عالمی سطح پر چِپ کی بڑھتی مانگ سے زبردست دولت کمانے والی کمپنیوں میں سیمسنگ بھی شامل ہے جو اے آئی ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والی میموری چپس کا ایک بڑا سپلائر ہے۔ بڑھتی ہوئی آمدنی کی وجہ سے کارکنوں میں زیادہ معاوضے اور بڑی تنخواہوں کی توقعات بڑھ رہی ہیں۔
این ویڈیا نے نئی لیپ ٹاپ چپ متعارف کرائی
ہوانگ نے تائپے میں ایک مصروف ہفتے کے دوران این ویڈیا کی ’کمپیوٹیکس‘ (Computex) ٹیکنالوجی نمائش میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران، کمپنی نے اے آئی پر مرکوز ایک نئی لیپ ٹاپ چپ متعارف کرائی اور تائیوان کی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں سرمایہ کاری بڑھانے کے منصوبوں کو اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: تائیوان ہندوستان کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے پانچویں بڑے اسٹاک مارکیٹ میں شامل
این ویڈیا، اے آئی ہارڈویئر کی بڑھتی ہوئی مانگ سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں میں شامل ہے۔ کمپنی کے پروسیسرز دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ذریعے استعمال کئے جانے والے ایڈوانسڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹمز کی ٹریننگ اور انہیں چلانے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
توقع ہے کہ ہوانگ رواں ہفتے کے آخر میں جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے جہاں وہ بڑی ٹیک کمپنیوں کے حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور اگلی نسل کی ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔