• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی میں سینئرانسپکٹر کی تصویر کے ساتھ’دھرم ویر یووا ہندوتوا‘ کا بینر لگانے پراعتراض

Updated: October 02, 2025, 3:52 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

دھاراوی میں سینئر انسپکٹر راجوبڈکرکی تصویر کے ساتھ’دھرم ویر یووا ہندوتوا‘ لکھا ہوا بینر لگانے پرسخت اعتراض کیا جارہا ہے۔یہ بینر مہاراشٹر نونرمان سینا کی جانب سے لگایا گیا ہے۔

A banner with the picture of Inspector Raju Budkar displayed in Dharavi. Photo: INN
دھاراوی میں انسپکٹرراجو بڈکر کی تصویر کے ساتھ آویزاں کیا گیا بینر۔ تصویر: آئی این این

دھاراوی میں سینئر انسپکٹر راجوبڈکرکی تصویر کے ساتھ’دھرم ویر یووا ہندوتوا‘ لکھا ہوا بینر لگانے پرسخت اعتراض کیا جارہا ہے۔یہ بینر مہاراشٹر نونرمان سینا کی جانب سے لگایا گیا ہے۔ اس پردھاراوی بچاؤ آندولن کے اراکین نے کہاکہ ایک سرکاری عہدے پر رہنے والے سینئرپولیس افسر کی وردی والی تصویرکسی ایسے بینرپرکیسے لگائی جاسکتی ہے ؟اس پر کئی سوال قائم ہوتے ہیںاوراس سے ذہنیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔
 دھاراوی بچاؤ آندولن کے رکن پال رافیل نے کہا’’ ا س کے ذریعے کیاپیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے،یہ سخت قابل اعتراض ہے۔اس کی اجازت نہیںملنی چاہئے تھی۔‘‘
 کامریڈ نصیرالحق نےکہاکہ’’ سیاسی جماعتیں اپنا بینرلگاتی ہیںلیکن ’دھرم ویر یووا ہندوتوا‘کےنام پر جس طرح نونرمان سینا کی جانب سےبینر لگائے گئے ہیں، اس پرسوال اٹھنالازمی ہے۔ سب سے اہم سوا ل یہ ہے کہ سینئرانسپکٹر نے وردی میںاپنی تصویر استعمال کرنے کی اجازت کیسے دی؟ وہ ابھی سرکاری عہدے پر ہیںجہاں ان کوایمانداری اورغیرجانبداری سےکام کرنے کاحلف دلایا جاتا ہے۔‘‘نمائندۂ انقلاب نے سینئر انسپکٹر سے بات چیت کی تو انہوں نے صفائی دی کہ انہوں نے ایسا بینر لگانے اور اپنی تصویر استعمال کرنے پر منع کیا تھا۔ ویسے بہت سے لوگ استعمال کرلیتے ہیں اور اب تومسلمان بھی میری تصویر لگانے لگے ہیں، حالانکہ میں ہمیشہ منع کرتا ہوں ۔ ‘‘ انہوں نے مزیدصفائی دی کہ ’’اس بینر پریہی لکھا گیا ہےکہ ’’ان وردی والوں کی موجودگی اورنگرانی کے سبب بھیڑبھاڑ میںہم سب اپنا تہوار اورخوشیاں مناتے ہیں۔ مطلب بین السطور سینئر انسپکٹرنے یہ کہنے کی کوشش کی کہ یہ کوئی زیادہ اہم یا قابل اعتراض معاملہ نہیںہے مگر دھاراوی بچاؤ آندولن کے کارکنان کی رائے اس کے برعکس ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK