• Sat, 10 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناسا کے خلاباز کو طبی مسائل در پیش، انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے انخلاء

Updated: January 09, 2026, 9:01 PM IST | Washington

خلائی تجربہ گاہ کی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کو خالی کیا جا رہا ہے۔ ناسا نے بتایا کہ ایک خلاباز کو طبی مسائل درپیش ہیں اسلئے وہ آئی ایس ایس کو خالی کرنے جا رہا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

زمین کے گرد چکر لگانے والی خلائی تجربہ گاہ کی تاریخ میں پہلی بار ناسا انٹر نیشنل اسپیس اسٹیشن خالی کرنے جا رہا ہے۔ اسپیس ایجنسی نے بتایا کہ ایک خلاباز کو طبی مسائل کا سامنا ہے اسلئے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ عملہ نمبر ۱۱ آئی ایس ایس اگست ۲۰۲۵ء میں گیا تھا اور اب تک خلا میں پانچ مہینے مکمل کرچکا ہے۔ یہ عملہ امریکی خلابازوں زینا کارڈمین اور مائک فنکے، روسی خلاباز اولیگ پلاٹونو اور جاپانی خلاباز کیمیا یو پر مشتمل ہے۔ ناسا نے ۸؍ جنوری بروز جمعرات کو بتایا کہ روسی عملہ منصوبہ سے قبل لوٹ آئے گا۔ یہ منصوبہ صحت کے خدشات کی وجہ سے اسی دن کے لیے طے شدہ اسپیس واک کو منسوخ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ ابھی بیماری اور خلاباز کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ ناسا کے چیف افسر برائے صحت و طب نے کہا کہ وہ عملے کے رکن کی صحت کے حوالے سے احتیاط برت رہے ہیں، تاہم یہ کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسپیس اسٹیشن کی تایخ کا پہلا انخلاء ہوگا۔ ماضی میں اسپیس اسٹیشن میں موجود خلابازوں کے دانت درد اور کان درد کا علاج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نے نئی یہودی بستیوں سے متعلق ٹینڈر جاری کیا

جمعرات کو ہونے والی اسپیس واک میں آئی ایس ایس کمانڈر فنکے او ر فلائٹ انجینیئر زینا کارڈ مین شریک ہونے والے تھے۔ انہیں اسپیس اسٹیشن کے باہری حصے میں سولر پینل کو درست کرنے کیلئے باہر بھیجنے کی تیاری جاری تھی جو ۲۰۳۰ء میں اپنے مدار سے ہٹنے والا ہے۔ یہ کارڈمین کیلئے آئی ایس ایس کے پہلے سفر میں پہلی اسپیس واک جبکہ فنکے کیلئے دسویں اسپیس واک ہونے والی تھی۔ ناسا کے منتظم جاریڈ آئیزاک مین نے کہا کہ ’’اپنے خلابازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اب تک پوری ایجنسی میں تیز رفتار کوششوں پر مجھے فخر ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ایران :ملک گیر مظاہروں میں مزید شدت

دوسری اسپیس واک ۱۵؍ جنوری کو ہونے والی تھی، جس میں شامل دو خلابازوں کے نام ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔ انہیں ایک ہائی ڈیفینیشن کیمرہ تبدیل کرنا تھا، کچھ دوسری چیزوں کے علاوہ آئی ایس ایس کا دورہ کرنے والے خلائی جہاز کے لیے ایک نیا ڈاکنگ ایڈ قائم کرنا تھا۔ بہر حال ناسا نے مکمل عملے کو واپس لانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے یہ اسپیس واک بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ واضح کہ یہ چاروں خلاباز اسپیس ایکس کے ذریعے اگست میں بھیجے گئے تھے۔ ان کے علاوہ، تین دیگر خلاباز، ناسا کے کرس ولیمز اور روس کے سرگئی میکائیف اور سرگئی کڈ سورچکوو آٹھ ماہ کے مشن کے لیے سویوز راکٹ سے نومبر میں پہنچے تھے جو آئی ایس ایس میں موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK