Updated: April 25, 2025, 10:03 PM IST
| New Delhi
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم کو ہندوستان میں ہونے والے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو مقابلے میں شرکت کی دعوت دینا ہندوستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑہ کو مہنگا پڑ گیا۔ نیرج اور ان کے خاندان والوں کو آن لائن نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نیرج چوپڑہ اور ارشد ندیم۔ تصویر: آئی این این۔
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم کو ہندوستان میں ہونے والے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو مقابلے میں شرکت کی دعوت دینا ہندوستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑہ کو مہنگا پڑ گیا۔ انتہاپسند اپنے قومی ہیرو اور ان کے اہل خانہ پر گالیوں کی بوچھاڑ کردی، انتہاپسندوں نے نیرج چوپڑہ کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے پر مجبور کردیا۔ کلاسک جیولین تھرو کا ایونٹ۲۴؍ مئی کو بنگلورو میں منعقد ہوگا جس میں شرکت کیلئے نیرج چوپڑہ نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کو دعوت دی تھی لیکن پاکستانی جیولین اسٹار نے مصروفیت کی وجہ معذرت کرلی تھی۔ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ان کا شیڈول پہلے سے طے ہے، مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو ایونٹ میں شرکت سے معذرت کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پہلگام حملے کے خلاف ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاج اور ’بند‘ کا اہتمام
ارشد ندیم نے نیرج چوپڑہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ان کا شیڈول بہت سخت ہے اس لئے ہندوستان جانا ممکن نہیں ہے، نیرج چوپڑہ نے یاد رکھا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ بنگلورو کلاسک جیولن تھرو۲۰؍ مئی کوہندوستان میں شیڈول ہے جبکہ ان کی پہلے ہی سے۲۲؍ مئیکو ایشین چمپئن شپ کیلئے کوریا روانگی طے ہے۔ ارشد ندیم نے بتایا کہ ایشین اتھلیٹکس چمپئن شپ۲۷؍ مئی سے جنوبی کوریا میں شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم کا فیصلہ پہلگام حملے کے بعد سامنے آیا لیکن نیرج چوپڑہ نے ارشد ندیم کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت حملے سے پہلے دی تھی اس کے باوجود انتہاپسندوں نے ارشد ندیم کو مدعو کرنے پرنیرج چوپڑہ اور ان کے اہل خانہ کو نشانے پر رکھ لیا ہے، کھلاڑی کو اہل خانہ سمیت گالیاں دی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق دراصل نیرج چوپڑہ کے دعوت نامے میں توسیع کے فیصلے نے بھی تنازع کھڑا کر دیا اور ٹوکیو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کی وضاحت کی۔ نیرج چوپڑا نے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھ بدسلوکی کا سلسلہ جاری ہے جس میں ان کے خاندان کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہوں نے لکھا کہ میں عام طور پر کم بولنا پسند کرتا ہوں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جو غلط سمجھتا ہوں اس کے خلاف بات نہیں کروں گا، خاص کرکے جب جب بات ہمارے ملک کیلئے میری محبت، اور اپنے خاندان کی عزت اور عزت پر سوال اٹھانے کی ہو۔ نیرج نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کو بنگلورو کلاسک جیولن تھرو ایونٹ کیلئےمدعو کرنے کے میرے فیصلے کے بارے میں بہت سی باتیں ہوئی ہیں جس میں زیادہ تر نفرت کا اظہار اور بدسلوکی کی گئی ہے، میرے خاندان کو بھی نہیں بخشا گیا۔
نیرج نے کہا کہ میں نے ارشد کو جو دعوت دی تھی وہ دراصل ایک ایتھلیٹ کی طرف سے دوسرے کھلاڑی کو دی گئی دعوت تھی، اس سے زیادہ کچھ نہیں تھا، پہلگام حملوں سے دو دن پہلے پیر کو عالمی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں تمام کھلاڑیوں کو دعوت دیگئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران جو کچھ ہوا ہے اس کے بعد کلاسک ایونٹ میں ارشد کی ممکنہ شرکت کے معاملے پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جا رہا تھا۔ نیرج چوپڑہ کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ انتہاپسندوں کے بدترین رویے پر اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے، انہوں نے مزید کہا کہ میرا ملک اور اس کے مفادات ہمیشہ پہلے رہیں گے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔