اس حادثے میں۳؍ سیاح ڈوب کر ہلاک ہوگئےجبکہ۲؍ سیاح معمولی طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مسقط کے ساحل پر ایمبولنس نظر آرہی ہے۔ تصویر: آئی این این
عمان میں۲۳؍ فرانسیسی سیاحوں کو لے جانے والی کشتی بیچ سمندر میں ڈوب گئی، حادثے میں۳؍ سیاح ہلاک ہوگئے۔
عمان کے دارالحکومت مسقط میں فرانسیسی سیاحوں کو سیر و تفریح کے لئے لے جانے والی کشتی پلٹ گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام ۲۵؍ افراد سمندر میں گرگئے۔ کشتی پلٹنے کے واقعے میں ۳؍ فرانسیسی سیاح ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
کشتی اپنے صاف پانی اور خوبصورت زیر آب ماحول کے لئے مشہور’ دیمنیات جزائر‘ جا رہی تھی، یہ عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام مسقط کے شمال مغرب میں واقع ہے اور دنیا بھر کے غوطہ خوروں کی پسندیدہ جگہ ہے۔
عمان پولیس کا کہنا ہے کہ کشتی کے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ جزیرہ نما عرب ملک عمان اپنے خوبصورت پہاڑوں، ساحلی مناظر اور غوطہ خوری کے لئے مشہور ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فرانسیسی سیاح عمان میں عالمی شہرت یافتہ ڈائیونگ اسپاٹ پر جا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمانی پولیس نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ مسافروں میں فرانسیسی سیاحوں کا ایک گروہ، ایک ٹور گائیڈ اور کشتی کا کپتان شامل تھا، کشتی خلیجِ عمان میں سلطان قابوس بندرگاہ سے تقریباً ڈھائی بحری میل کے فاصلے پر تھی جب وہ پلٹ گئی۔ ہلاک ہونے والوں کے علاوہ۲؍ سیاح معمولی طورپر زخمی بھی ہوئے ہیں۔